Inquilab Logo Happiest Places to Work

تیر انداز جیوتی سریکھا وینم کا کانسے کا تمغہ چاندی میں تبدیل

Updated: July 09, 2026, 3:00 PM IST | Agency | New Delhi

چین کے شہر نانجنگ میں منعقدہ تیر اندازی ورلڈ کپ فائنل۲۰۲۵ء میں ہندوستان کی مایہ ناز تیر انداز جیوتی سریکھا وینم کو ملنے والا کانسے کا تمغہ اب چاندی کے تمغے میں تبدیل ہو گیا ہے۔

Indian Archer Jyoti Surekha.Photo:INN
ہندوستانی تیرانداز جیوتی سریکھا-تصویر:آئی این این
چین کے شہر نانجنگ میں منعقدہ تیر اندازی ورلڈ کپ فائنل۲۰۲۵ء  میں ہندوستان کی مایہ ناز تیر انداز جیوتی سریکھا وینم کو ملنے والا کانسے کا تمغہ اب چاندی کے تمغے میں تبدیل ہو گیا ہے۔ یہ بڑی تبدیلی گولڈ میڈل جیتنے والی میکسیکو کی کھلاڑی ماریانا برنال کو ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر نااہل قرار دیے جانے کے بعد عمل میں آئی ہے ۔گزشتہ ہفتے ورلڈ آرچری (عالمی تنظیم) نے اعلان کیا تھا کہ ماریانا برنال اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئی ہیںجس کے باعث سیزن کے اس آخری بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل نتائج کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
 
 
انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے ۲۹؍ ستمبر ۲۰۲۵ءکو مقابلے سے باہر ایک آؤٹ آف کمپٹیشن ٹیسٹ کیا تھا جس میں ماریانا برنال کے نمونے ممنوعہ اینابولک اسٹیرائڈ نینڈرولون کیلئے پازیٹیوپائے گئے۔
برنال نے اپنی اس غلطی اور اس کے نتائج کو تسلیم کر لیا ہے۔ قوانین کے تحت ان پر۳؍سال کی سخت پابندی عائد کی گئی ہے، جس کی وجہ سے وہ اب لاس اینجلس۲۰۲۸ء  اولمپکس میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گی۔فائنل رینکنگ سے ماریانا برنال کا نام ہٹائے جانے کے بعد اب تمغوں کی تقسیم درج ذیل طریقے سے کی گئی ہے:اینڈریا بیسرا (میکسیکو): انہیں اب باضابطہ طور پر گولڈ میڈل (طلائی تمغہ) دے دیا گیا ہے۔ بیسرا نے سیمی فائنل میں جیوتی سریکھا کو۱۴۳-۱۴۵؍سے شکست دی تھی۔
 
 
جیوتی سریکھا وینم (ہندوستان): جیوتی نے کانسے کے تمغےکیلئے مقابلےمیں برطانیہ کی ایلا گبسن کو۱۴۵-۱۵۰؍ کے پرفیکٹ اسکور سے ہرایا تھا لیکن اب وہ سلور میڈلسٹ بن چکی ہیں۔ ایلا گبسن (برطانیہ): جیوتی کے سلور پر آنے کے بعد ایلا گبسن کو اب کانسے کا تمغہ دیا گیا ہے۔ان بدلے ہوئے نتائج کے ساتھ ہی جیوتی سریکھا وینم سیزن کے اس سب سے باوقار ایونٹ کے انفرادی کمپاؤنڈ زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون تیر انداز بن گئی ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے ۲۰۱۸ء کے ورلڈ کپ فائنل میں ابھشیک ورما کے ساتھ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK