Inquilab Logo

جگدیشن اور سدرشن کے سامنے اروناچل کے گیندباز ٹک نہ سکے

Updated: November 22, 2022, 1:17 PM IST | Agency | Bengaluru

وجے ہزارے ٹرافی میں تمل ناڈو نے اروناچل کو ۴۳۵؍رن سے ہراد یا۔ جگدیشن نے ۲۷۷؍ رن اور سدرشن نے ۱۵۴؍کی شاندار اننگز کھیلی

Narayan Jagadeesan .Picture:INN
این جگدیشن۔ تصویر:آئی این این

سلامی بلے باز این جگدیشن(۲۷۷؍رن) اور سائی سدرشن (۱۵۴؍ رن ) کی ریکارڈ توڑ  اننگز کی بدولت تمل ناڈو نے پیر کو وجے ہزارے ٹرافی کے گروپ سی ون ڈے میچ میں اروناچل پردیش کو۴۳۵؍ رن سے شکست دے دی۔ چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں تمل ناڈو نے اروناچل پردیش کو ۵۰۷؍ رن کا بڑا ہدف دیا جس کے جواب میں اروناچل پردیش کی ٹیم۷۱؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔
 جگدیشن نے۱۴۱؍گیندوں پر۲۵؍ چوکوں اور۱۵؍چھکوں کی مدد سے۲۷۷؍ رن  بنائے جبکہ سدرشن نے۱۰۲؍گیندوں پر۱۹؍چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے۱۵۴؍ رن بنائے۔ دونوں نے پہلے وکٹ کیلئے۳۸ء۳؍ اوور میں۴۱۶؍ رن کی دھماکہ خیز شراکت کی۔ اس کے علاوہ بابا اپراجیت اور بابا اندراجیت نے تمل ناڈو کو لسٹ-اے کرکٹ کے سب سے بڑے ٹیم اسکور تک پہنچانے میں۳۱۔۳۱؍ رن کا تعاون دیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اروناچل پردیش۵۰۶؍ رن کے دباؤ میں ڈھیر ہو گئی۔ کپتان کامشا یانگفو نے اپنی ٹیم کیلئے سب سے زیادہ ۱۷؍رن بنائے جبکہ اروناچل پردیش کے ۸؍ بلے باز دُہرے ہندسے تک پہنچنے میں بھی ناکام رہے۔ تمل ناڈو کی جانب سے ایم سدھارتھ نے ۵؍ وکٹ حاصل کئے  جب کہ راگھوپتی سلمبرسن اور ایم محمد نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ روی شرینواسن سائی کشور نے ایک وکٹ حاصل کیا اور اروناچل پردیش کی پوری ٹیم ۷۱؍رن پر ڈھیر ہوگئی۔ جگدیشن اور سدرشن کی جوڑی نے اس میچ میں لسٹ-اے کرکٹ کے کئی ریکارڈ بھی بنائے۔جگدیشن لسٹ-اے کرکٹ میں۷۷؍ گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کر کے لگاتار ۵؍ سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔ جگدیشن نے پچھلی ۴؍ اننگز میں ناٹ آؤٹ ۱۱۴؍رن ،۱۰۷؍رن ، ۱۶۸؍رن اور۱۲۸؍ رن بنائے تھے۔
 جگدیشن نے۲۷۷؍ رن کے ساتھ لسٹ- اے کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا علی براؤن (۲۶۸؍رن) کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ براؤن نے یہ رن ۲۰۰۲ء میں گلیمورگن کے خلاف سرے کے لئے کھیلتے ہوئے بنائے تھے۔ جگدیشن اور سدرشن نے لسٹ-اے کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کے لئے سب سے زیادہ شراکت (۴۱۶؍رن ) کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ 
 اس دن کی توجہ کا مرکز  جگدیشن ہی رہے۔ جگدیشن سے پہلے، دیو دت پڈیکل واحد ہندوستانی ہیں جنہوں نے لسٹ-اے کرکٹ میں لگاتار ۴؍ سنچریاں بنائی ہیں۔ اپنی ۵؍ سنچریوں کے ساتھ جگدیشن نے تاریخ کی کتابوں میں پڈیکل کے ساتھ ساتھ سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور جنوبی افریقہ کے الویرو پیٹرسن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سنگاکارا۲۰۱۵ء میں ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی تھے جبکہ پیٹرسن نے جنوبی افریقہ میں ہائی ویلڈ لائنس کی جانب سے کھیلتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK