• Tue, 15 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اشون نے ٹیسٹ کو دلچسپ بنادیا

Updated: September 30, 2024, 10:07 PM IST | Kanpur

ڈھائی دن کے بعد دوبارہ شروع ہونے والے کانپور ٹیسٹ میں ہندوستان ، بنگلہ دیش پر حاوی

Team India. Photo:INN
ٹیم انڈیا۔ (تصویر:آئی این این)

یشسوی جیسوال (۷۲؍ رن) ، کے ایل راہل (۶۸؍ رن) ، وراٹ کوہلی (۴۷؍رن ) اور شبمھن گل(۳۹؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں روی چندرن اشون نے ۲؍ وکٹ لے کر پیر کو دوسرے ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز کو دلچسپ بنا دیا ہے۔  بنگلہ دیش کے اوپنرز شادمان اسلام اور ذاکر حسن نے دوسری اننگز میں محتاط انداز میں کھیلنے کی کوشش کی۔ کپتان روہت شرما نے تیز گیند بازوں کو آزمانے کے بعد ۸؍ویں گیند آر اشون کو گیند دی اور انہوں نے پہلی گیند کو معنی خیز بناتے ہوئے ذاکر حسن (۱۰؍رن) کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد اشون نے بیٹنگ  کیلئے آنے والے حسن محمود (۴؍رن) کو بولڈ کر کے بنگلہ دیش کو دوسرا جھٹکا دیا۔پیر کو چوتھے دن   کے کھیل کے اختتام پر شادمان اسلام (۷؍رن  ناٹ آؤٹ) اور مومن الحق (صفر ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود تھے۔  ہندوستان کیلئے اشون نے ۵؍ اوور میں۱۴؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ لئے۔
 اس سے قبل یشسوی جیسوال، کے ایل راہل، وراٹ کوہلی اور شبھمن گل کی شاندار بلے بازی کی بنیاد پر ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ۹؍ وکٹ پر۲۸۵؍رن کے اسکور پر۵۲؍ رن کی برتری کے ساتھ اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔  بنگلہ  دیش کو پہلی اننگز میں۲۳۳؍ رن پر آؤٹ کرنے کے بعد ہندوستان کے یشسوی جیسوال اور کپتان روہت شرما بلے بازی کیلئے  آئے اور پہلے وکٹ کیلئے ۳ء۵؍ اوور میں ۵۵؍ رن جوڑے۔  ر وہت نے۱۱؍ گیندوں ۲۳؍ رن بنائے۔ جیسوال نے۵۱؍ گیندوں پر۲؍ چھکوں اور ۱۲؍چوکوں کی مدد سے۷۲؍ رن کی اننگز کھیلی۔ شبھمن گل ۳۹؍رن  اور رشبھ پنت۹؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وراٹ کوہلی نے۳۵؍ گیندوں پر۴؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر۴۷؍ رن کی اننگز کھیلی۔ کے ایل راہل نے۴۳؍ گیندوں پر۶۸؍ رن بنائے۔ رویندر جڈیجا  ۸؍ اور آر اشون ۱۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان نے  ۳۴ء۴؍اوور میں ۹؍ وکٹ پر۲۸۵؍ رن پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن اور مہدی حسن   نے ۴۔۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ حسن محمود نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل جسپریت بمراہ اور دیگر گیند بازوں نے بارش سے روکے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش کو۲۳۳؍رن کے اسکور پر ڈھیر کردیا۔
تقریباً ڈھائی دنوں سے بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلا  ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش نے پیر کی صبح ۳؍ وکٹ پر۱۰۷؍رن کے اسکور سے کھیلنا شروع کیا۔ ٹیم کا اسکور صرف۱۱۲؍رن  تھا جب جسپریت بمراہ نے مشفق الرحیم (۱۱؍رن) کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد محمد سراج نے لٹن کمار داس (۱۳؍رن) کو روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر بنگلہ دیش کو پانچواں جھٹکا دیا۔ شکیب الحسن (۹؍رن) کو اشون نے آؤٹ کیا۔ کھانے کے وقت تک بنگلہ دیش نے ۶؍ وکٹ پر۲۱۰؍ رن بنا لئے  تھے۔ لنچ کے بعد بنگلہ دیش کی ۷؍ویں وکٹ مہدی حسن معراج کی صورت میں گرا۔  ٹکنے کی کوشش کرنے والے مہدی حسن معراج (۲۰؍رن) کو بمراہ نے گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK