لالیگا میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے گیٹافے کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے ہرا دیا
EPAPER
Updated: September 23, 2021, 1:22 PM IST | Agency | Getafe
لالیگا میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے گیٹافے کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے ہرا دیا
اسپینش لیگ لالیگا میں لوئیس سواریزکے ۲؍گول کی بدولت ایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب نے گیٹافے کو ایک۔۲؍ سے ہرادیا۔ اس فتح کے بعد ایٹلیٹیکو ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر آگیا ہے۔ اس کے ۶؍ میچوں میں ۱۴؍ پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف ریئل میڈرڈ دوسرے نمبرپر ہے اور اس کے ۵؍میچوں میں ۱۳؍پوائنٹس ہیں۔ منگل کی رات ہونے والے میچ میں ایٹلیٹیکومیڈرڈ فٹبال کلب کے گول کیپر جے اوبلاک نے اپنے گول میں گیند ڈال دی۔ ۴۵؍ ویں منٹ میں انہوں نے غلطی سے اپنے ہی جانب کے گول میں گیند ڈال دی اور حریف فٹبال کلب گیٹافے کو صفر۔ ایک کی برتری فراہم کر دی۔ میچ کا فرسٹ ہاف اسی اسکورپر ختم ہوا۔ \ میچ کے دوسرے ہا ف میں دونوں جانب سے زبردست کوششیں ہوئیں۔ایٹلیٹیکو کو برابری کا گول کرنے کیلئے ۷۸؍منٹ تک انتظار کرنا پڑا۔ لوئیس سواریز نے ایم ہرناسو کی مدد سے ٹیم کیلئے برابری کا گول کیا اور اسکور ۱۔۱؍ کر دیا۔ میچ کے انجری ٹائم کے ایک منٹ میں لوئیس سواریز نے ایک اور گول کردیا۔ انہوں نے ورسیلیاکو کی مدد سے یہ گول کیاا ور ٹیم کو ۱۔۲؍ سے فاتح بنا دیا۔ اس میچ میں ایٹلیٹیکو کے ۵؍کھلاڑیوں کو یلو کارڈ ملا اور گیٹافے کے ۳؍کھلاڑیوں کو یلو کارڈ اور ایک کھلاڑی کوریڈ کارڈ ملا۔ سی ایلینا کو ۷۴؍ ویں منٹ میں ریڈکارڈ ملا اور وہ میدان سے باہر چلے گئے جس کا فائدہ ایٹلیٹیکو کے کھلاڑیوں نے اٹھایا۔ میچ کے بعدلوئیس سواریز نے کہاکہ اس طرح کے میچ میں کامیابی سے ٹیم کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔ ہم صفر۔ ایک سے پیچھے تھے اور بعد میں برتری حاصل کرلی۔ اس سے ٹیم کی ہمت بڑھے گی۔ ہمیں معلوم ہے کہ ہماری ٹیم میں کچھ خامیاں ہیں اورہمیں انہیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔