• Tue, 20 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آسٹریلیا کے کرکٹر مچل اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں ۴۵۰؍ وکٹ مکمل کرلئے

Updated: October 20, 2026, 9:05 PM IST | Durban

آسٹریلیا کے تجربہ کار فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں ۴۵۰؍ وکٹیں مکمل کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دوسرے آسٹریلوی تیز گیند باز بن گئے ہیں۔ اسٹارک نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں تیسرے دن کھیل کے آغاز پر وین مولڈر کو آؤٹ کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔

Mitchell Starc.photo:X
مچل اسٹارک۔ تصویر:ایکس

آسٹریلیا کے تجربہ کار فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں ۴۵۰؍ وکٹیں مکمل کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دوسرے آسٹریلوی تیز گیند باز بن گئے ہیں۔ اسٹارک نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں تیسرے دن کھیل کے آغاز پر وین مولڈر کو آؤٹ کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ آسٹریلیا کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ۴۵۰؍ وکٹیں لینے والے مجموعی طور پر چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے تیز گیند باز گلین میک گرا اور اسپنرز شین ورن اور نیتھن لائن یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:سلمان خان ’’بگ باس ۲۰‘‘ کے ’ویک اینڈ کا وار‘ کی میزبانی نہیں کریں گے

 آسٹریلیا کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ عظیم اسپنر شین وارن کے نام ہے، جنہوں نے اپنے کریئر میں  ۷۰۸؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ناتھن لائن ۵۷۳؍ وکٹوں کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں، جبکہ گلین میک گرا نے ۵۶۳؍ وکٹیں حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مچل اسٹارک اب ۴۵۰؍ وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے والے آسٹریلیا کے نمایاں بولرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی طویل عرصے تک بین الاقوامی کرکٹ میں مستقل کارکردگی اور وکٹیں حاصل کرنے کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔
 مچل اسٹارک نے اپنے ۱۰۹؍ویں ٹیسٹ میچ میں ۴۵۰؍ وکٹیں مکمل کیں۔ آسٹریلیا کے بولرز میں کم میچوں میں یہ سنگ میل حاصل کرنے کے لحاظ سے وہ تیسرے مقام پر ہیں۔ گلین میک گرا نے اپنے ۱۰۰؍ویں ٹیسٹ میں  ۴۵۰؍ وکٹیں مکمل کی تھیں، جبکہ شین ورن نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے ۱۰۱؍ میچ کھیلے تھے۔ عالمی سطح پر سری لنکا کے عظیم اسپنر متھیا مرلی دھرن اس فہرست میں سرفہرست ہیں، جنہوں نے صرف ۸۰؍ ٹیسٹ میچوں میں ۴۵۰؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ہندوستان کے روی چندرن اشون نے ۸۹؍ میچوں میں، جبکہ انیل کمبلے نے۹۳؍ ٹیسٹ میچوں میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:ڈبلیو پی ایل ۲۰۲۷ء نیلامی میں مولینو اور ڈنکلی کی بیس پرائس سب سے زیادہ

گکیبرہا کے سینٹ جارج پارک میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات کا شکار رہی۔ خبر کے مطابق، ۷۵؍اوورز کے اختتام تک میزبان ٹیم نے  ۲۲۲؍ رن بنائے تھے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ جنوبی افریقہ نے۱۱۰؍ رن پر چھ وکٹیں گنوا دی تھیں، لیکن کپتان ٹیمبا باووما اور مارکو یانسن نے ساتویں وکٹ کے لیے سنچری شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔
آسٹریلیا اس ٹیسٹ سیریز میں پہلے ہی ۰۔۱؍ سے آگے ہے اور اس کی نظریں گکیبرہا میں کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرنے پر مرکوز ہیں۔ تاہم، آسٹریلوی ٹیم ۱۹۹۷ء کے بعد سے اس مقام پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکی ہے، اس لیے یہ مقابلہ اس کے لیے ایک تاریخی موقع بھی ہے۔ مچل اسٹارک کی ۴۵۰؍ ٹیسٹ وکٹوں کی کامیابی نے اس اہم مقابلے کو مزید خاص بنا دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK