Inquilab Logo

کشتی میںبجرنگ،ساکشی اور دیپک کا طلائی تمغہ پرقبضہ

Updated: August 07, 2022, 9:19 AM IST | Birmingham

کامن ویلتھ گیمز کے کشتی کے مقابلو ں میں ہندوستان کو ۶؍تمغے ملے۔ انشوملک نے چاندی اور دویہ ککرن اور موہت گریوال نے کانسہ کا تمغہ اپنے نام کیا

Bajrang Punia, Sakshi Malik, Deepak Punia
بجرنگ پونیا,ساکشی ملک ,دیپک پونیا

 ہندوستان کے طلائی تمغے کی امید رکھنے والے سب سے بڑے پہلوان بجرنگ پونیا نے کامن ویلتھ گیمز۲۰۲۲ء میں جمعہ کی رات کینیڈا کے لیکلن میکنیل کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ خاتون پہلوان ساکشی ملک نے بھی طلائی تمغہ جیتا جبکہ انشو ملک کو چاندی کے تمغے پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔دویہ ککرن (خواتین کی۶۸؍کلوگرام) اور موہت گریوال (مردوں کی۱۲۵؍کلوگرام) نے کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔ہندوستان کے فری اسٹائل پہلوان نائب صوبیدار دیپک پونیانے بھی طلائی تمغہ جیت لیا۔ اس طرح ہندوستان کو کشتی کے کھیل میں کل ۶؍تمغے ملے۔ 
 گولڈ کوسٹ۲۰۱۸ء گیمز کے طلائی تمغہ جیتنے والے اور ٹوکیو اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے بجرنگ نے مردوں کے۶۵؍ کلوگرام کے زمرے میں یکطرفہ فائنل میں کینیڈاکے لیکلن میکنیل کو۲۔۹؍ سے شکست دی۔ ٹوکیو اولمپکس ۲۰۲۰ء میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے بجرنگ نے میچ کے آغاز سے ہی میکنیل پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا جبکہ میکنیل ان کے سامنے بے اثر نظر آئے۔
 ۲۰۱۶ء ریو اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ساکشی ملک نے۶۲؍ کلوگرام کے زمرے میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ ساکشی ملک نے کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۲ء میں طلائی تمغہ جیتنے کے لئے کینیڈا کی اینا گونزالیز کے خلاف فائنل میں شاندار مقابلہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کیا۔
 ساکشی نصف اول کے اختتام تک میچ میں صفر۔۴؍سے پیچھے تھیں اس کے باوجود نصف ثانی میں انہوں نے زبردست مقابلہکیا۔ ساکشی نے پہلے دو بار گونزالیز کو ٹیک ڈاؤن کرکے میچ ۴۔۴؍سے برابر کر دیا  اور پھر اپنے حریف کو شکست دے کر دولت مشترکہ کھیلوں میں اپنا پہلا طلائی تمغہ جیتا۔
 ہندوستان نے اب تک کشتی میں ۲؍ طلائی تمغے اور ایک چاندی سمیت۳؍ تمغے جیتے ہیں۔ اس سے قبل انشو ملک نے خواتین کے۵۷؍ کلو گرام زمرے  میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ نوجوان پہلوان انشو ملک کو خواتین کے ۵۷؍ کلوگرام کے فائنل میں نائیجیریا کی اوڈونائیو اڈیکورائے سے شکست کے بعد چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ دو بار کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی اوڈونائیو نے انشو کو۴۔۶؍ سے شکست دی۔ انشو اپنی شکست کے بعد رو پڑی۔
   ہندوستان کے فری اسٹائل پہلوان نائب صوبیدار دیپک پونیا نے کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۲ء میں جمعہ کو مردوںکے۸۶؍ کلوگرام کے فائنل میں پاکستان کے محمد انعام کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔
 ورلڈ ریسلنگ چمپئن شپ۲۰۱۹ء کے سلور میڈلسٹ دیپک پونیا نے انعام کوصفر۔۳؍سے شکست دے دی۔ دیپک میچ کے ابتدائی لمحات میں دہلی۲۰۱۰ء گیمز کے گولڈ میڈلسٹ انعام پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب رہے۔ دوسری جانب دیپک سے ۱۰؍سال بڑے انعام ہندوستانی پہلوان کی چستی کا مقابلہ نہ کر سکے اور ایک بھی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ دیپک نے مقابلے کے بعد کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کیونک انہو ں نے ملک کیلئے ایک سونے کا تمغہ اور جیت لیا اور ٹیبل میں پوزیشن بہتر کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK