Inquilab Logo

بنگلہ دیش کی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن نیوزی لینڈ پر پہلی فتح

Updated: January 06, 2022, 1:13 PM IST | Agency

ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کو ۸؍وکٹ سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی

Bangladesh bowler Ibadat Hussain performed well against New Zealand and remained man of the match..Picture:INN
بنگلہ دیش کے گیندبازعبادت حسین (گیند دکھاتے ہوئے)نے نیوزی لینڈ کے خلاف اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا اور مین آف دی میچ رہے ۔ تصویر: آئی این این

 میڈیم تیز گیند باز عبادت حسین (۴۶؍رن پر۶؍ وکٹ) کی بہترین گیندبازی سے بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے ۵؍ویں اور آخری دن بدھ کو۸؍ وکٹ سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔ بنگلہ دیش نے میزبان ٹیم کو دوسری اننگز میں۱۶۹؍ رن پر نمٹا دیا اوراس نے جیت کیلئے ۴۰؍ رن کے ہدف کو ۲؍وکٹ پر ۴۲؍ رن بنا کرحاصل کرلیا۔ بنگلہ دیش نے اس طرح عالمی ٹیسٹ چمپئن نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف ۱۵؍ ٹیسٹ میچ کھیلے تھے جن میں ۱۲؍ میں انہیں شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں بھی اس سے قبل اپنے ۹؍ میں سے ۸؍ میچ ہارنے کے بعد یہ اس کی پہلی جیت ہے۔ اس ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی جیت کسی بھی فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان کی سرزمین پر پہلی جیت ہے۔ نیوزی لینڈ نے اس سے قبل گھریلو میدان پر بین الاقوامی کرکٹ میں کھیلے جانےوالے۳۲؍میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ کسی بھی ٹیم کا دوسری ٹیم کے خلاف اپنے گھر میں سب سے طویل جیت کا سلسلہ ہے۔  اس میچ کے ساتھ  نیوزی لینڈ کا اپنے گھرمیں ٹیسٹ کرکٹ میں۱۷؍ میچوں تک ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف۲۰۱۷ء میں شکست کے بعد سے شروع ہوا یہ سلسلہ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں سب سے اہم ہے۔ اس شکست کا مطلب یہ بھی ہواکہ نیوزی لینڈ کے اپنے گھر میں لگاتار۸؍ سیریز جیتنے کا ریکارڈ بھی ختم ہو گیا ہے۔غیر ملکی سرزمین پر بنگلہ دیش کی یہ چھٹی ٹیسٹ فتح ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں فتح  سے پہلے بنگلہ دیش نے غیرملکی سرزمین پر۵؍ ٹیسٹ جیتے تھے۔۲۰۰۹ء میں ویسٹ انڈیز میں ۲؍ ٹیسٹ جیتنے کے علاوہ انہوں نے  زمبابوے میں۲۰۱۳ء اور۲۰۲۱ء میں ٹیسٹ میچ جیتاتھاجبکہ ۲۰۱۷ءمیں سری لنکا کوبھی  سری لنکا میں ہرادیاتھا۔  نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز کے دوران عبادت حسین کا۴۶؍ رن پر۶؍ وکٹ کا گیندبازی تجزیہ بنگلہ دیش کے لئے ٹیسٹ کرکٹ میں کسی تیزگیندباز کے لئے دوسری بہترین کارکردگی ہے۔ ۲۰۰۸ءمیں ڈھاکہ میں شہادت حسین نے جنوبی افریقہ کے خلاف ۲۷؍رن دے کر ۶؍ وکٹ لئے تھے۔ اپریل ۲۰۱۳ء کے بعد عبادت ٹیسٹ اننگز میں ۵؍ وکٹ لینے والے پہلے بنگلہ دیشی تیز گیندباز بھی بن گئے۔ تقریباً ۹؍ سال پہلے یہ کام رابع الاسلام نے کیا تھا۔= دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ نے اپنے آخری ۸؍وکٹوں کیلئے  صرف ۳۳؍ رن جوڑے جو کسی بھی ٹیم کے لئے  بنگلہ دیش کے خلاف سب سے کم رن ہیں۔ اس سے قبل آخری ۸؍ وکٹ پربنگلہ دیش کے خلاف  سب سے خراب کارکردگی انگلینڈ کی تھی جو۲۰۱۶ء میں  ۲؍وکٹ پر۱۲۶؍ سے۱۶۴؍رن  تک آل آؤٹ ہوگئے تھے۔اس میچ میں نیوزی لینڈ کے آخری ۶؍بلے بازوں نے پورے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر۶۰؍ رن بنائے۔ یہ پچھلے۵۰؍ برسوں میں کسی بھی ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں آل آؤٹ ہوتے ہوئے تیسرا سب سے کم اسکور ہے۔ انہوں نے ممبئی میں اپنے آخری ٹیسٹ میں ہندوستان کیخلاف۴۸؍ رن بنائے تھے اور ۱۹۹۳ء میں ہملٹن  میں پاکستان کیخلاف۵۹؍ رن جوڑے تھے۔ بنگلہ دیش کے تیز گیند بازوں نے اس ٹیسٹ میں۱۳؍ وکٹ لئے جو ان کے لیے کسی بھی ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ ہے۔ اس سے قبل۲۰۱۳ء میں زمبابوے کے خلاف ہرارے میں تیز گیند بازوں نے۱۱؍وکٹ لئے تھے۔ پہلے ٹیسٹ میں تیز گیند بازوں کے خلاف۱۳؍ میں سے ۹؍ وکٹ دوسری اننگز میں گرے تھے جو ایک اننگز میں بنگلہ دیش کیلئے مشترکہ ریکارڈ ہے۔ ۱۶۹؍ رن دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ اسکور ٹیسٹ کرکٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔ اس سے قبل انہوں نے۲۰۰۸ء میں چٹگاؤں  میں۱۷۱؍رن پر آل آؤٹ بنائے تھے۔ یہ ایشیا کے باہر کسی بھی ٹیم کابنگلہ دیش کے خلاف دوسرا سب سے کم اسکور ہے۔۲۰۱۸ء میں ویسٹ انڈیز نے ان کے خلاف۱۲۸؍ رن بنائے تھے۔نیوزی لینڈ نے ۵؍ وکٹ پر۱۴۷؍ رن سے کھیلنا شروع کیا اور اس کی دوسری اننگز۱۶۹؍ رن پر سمٹ گئی۔ راس ٹیلر نے۳۷؍ اور راچن رویندر نے ۶؍ رن سے اپنی اننگز کوآگے بڑھایا۔ ٹیلر ۱۰۴؍گیندوں پر ۲؍ چوکوں کی مدد سے۴۰؍ رن بنانے کے بعد عبادت کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ عبادت نے کچھ دیر بعد کائل جمیسن کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ رویندر۱۶؍ رن بنانے کے بعد ۸؍ویں بلے باز کے طور پر تسکین احمد کا شکار بنے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK