Inquilab Logo

بارسلونا کا لالیگا خطاب پر قبضہ

Updated: May 16, 2023, 11:15 AM IST | Barcelona

سیزن ختم ہونے سے ۴؍ میچ قبل بارسا نے لالیگا کا خطاب جیت لیا۔ ریئل میڈرڈ کو مات دے دی

photo;INN
تصویر :آئی این این

ایف سی بارسلونا(بارسا) نے ہسپانوی فٹبال چمپئن  شپ  لالیگا کے ۳۴؍ ویں راؤنڈ میں آر سی ڈی ایسپینیول کو شکست دے کر لا لیگا کا خطاب  جیت لیا ہے۔ بارسلونا نے اتوار کی دیر رات کو کارنیلا ایل پراٹ اسٹیڈیم میں۲۔۴؍ سے فتح کے ساتھ ۵؍ سال بعد لا لیگا ٹرافی جیت لی۔ اس جیت کے ساتھ بارسلونا نے پوائنٹس ٹیبل پر ۸۵؍پوائنٹس حاصل کر لئے۔ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر موجود  ریئل  میڈرڈ (۷۱؍ پوائنٹس) کے لئے  یہاں تک پہنچناناممکن ہے۔ 
 بارسلونافٹبال کلب نے جیت کے بعد ٹویٹ کیاکہ’’لا لیگا ہمارا ہے اور مستقبل بھی۔ بارسلونا ہسپانوی لیگ جیتنے کا جشن منا رہا ہے۔  خیال رہے کہ بارسلونا نے لیونل میسی کی رخصتی کے بعد اپنی پہلی لیگ ٹرافی کو اتوار کو جیت لیا۔ رابرٹ لیواونڈوسکی  نے دو بار گول کر کے کتالونیا کلب کو۲۰۱۹ء  کے بعد سے اس کے پہلے لیگ ٹائٹل کیلئے  برتری دلائی۔ یہ ٹائٹل ۴؍ راؤنڈ باقی رہ کر اور کلب کی مالی مشکلات کے درمیان میسی کے جانے کے ۲؍ سال بعد حاصل ہوا ہے۔
 آخری بار بارسلونا نے اپنی ٹیم میں میسی کے بغیر لیگ ٹائٹل کا جشن ۹۹۔۱۹۹۸ء کے سیزن میں منایا تھا۔ وہ۰۵۔۲۰۰۴ء میں پہلی بار ٹیم میں آئے اور اُس سیزن میں  خطاب  جیتاتھا۔ اتوار کو میدان پر ہونے والی تقریبات قلیل المدتی رہیں کیونکہ ایک گول کے پیچھے الٹرا سیکشن سے ایسپینیول کے شائقین کے ایک بڑے گروپ نے مرکز میں گانا گاتے اور جشن منانے والے بارسلونا کے کھلاڑیوں کی طرف بھاگنا شروع کردیا تھا جس کے  بعد کھلاڑیوں کو لاکر روم کی طرف بھاگنا پڑا۔ سیکوریٹی گارڈس نے فوری طورپرمداخلت کی لیکن   پولیس کو شائقین کو اندر جانے سے روکنے کیلئے ٹنل  کے داخلی دروازے کے سامنے کھڑا ہونا پڑا۔ حامیوں نے کرسیاں اور دیگر اشیاء پھینک دیں۔
 میچ کی با ت کریں تو ۱۱؍ویں منٹ میں رابرٹ لیوانڈوسکی نے پہلا گول کیا۔اس کے بعد ۲۰؍ویں منٹ میں بالڈے نے پیڈری کی مدد سے دوسرا گول کیا۔ ۴۰؍ویں منٹ میں رابرٹ لیوانڈوسکی نے رافنہا کی مدد سے ٹیم کا تیسرا گول کیا۔ ۵۳؍ ویں منٹ میں جے کونڈے نے ٹیم کا چوتھا گول کیا۔ حریف ٹیم کی جانب سے جے پواڈو اور جوسیلو نے ایک ایک ایک گول کرکے ٹیم کی شکست کے فرق کو کم کردیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK