Inquilab Logo Happiest Places to Work

دو صفر سے پچھڑنے کے باوجود بارسلونا میچ ڈرا کرانے میں کامیاب

Updated: May 02, 2025, 2:54 PM IST | Agency | Barcelona

چمپئن لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے لیگ کے مقابلے میں انٹر میلان اور بارسا کا میچ۳۔۳؍سے برابر،لامین یمال کی شاندار کارکردگی۔

Barcelona player Lamine Yamal showed a brilliant performance against Inter Milan. Photo: INN
بارسلونا کے کھلاڑی لامین یمال نے انٹر میلان کیخلاف شاندار کھیل کامظاہرہ کیا۔ تصویر: آئی این این

چمپئن لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں بدھ کی دیر رات کھیلے گئے مقابلے میں  بارسلونا اور انٹر میلان کے درمیان میچ میں شائقین کو زبردست مقابلہ آرائی دیکھنے کو ملی۔اس میچ میں انٹر میلان ۲؍ بار برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی لیکن بارسلونا نے دونوں بار شاندار واپسی کی اور میچ ۳۔۳؍کے برابری پر ختم کیا۔ اس ہائی وولٹیج میچ میں نوجوان لامین یمال نے تاریخی گول کیا اور ۲؍ بار  ان کی کوشش گول پوسٹ سے ٹکرا گئی۔
 میچ کا آغاز دھماکہ خیز رہا۔ انٹر میلان کے مارکس تھرام نے  چمپئن لیگ سیمی فائنل کی تاریخ کا تیز ترین گول میچ کے صرف ۳۰؍سیکنڈ میں شاندار بیک ہیل گول کے ساتھ کیا۔ اس کے بعد ڈینزل ڈمفریز نے کارنر سےملے موقع کو ہوا میں چھلانگ لگا کر گول میں بدل کر انٹر میلان کو دوصفر کی مضبوط برتری دلادی۔
 انٹرمیلان سے ۲؍ گول سے پچھڑنے کے باوجود بارسلونا نے ہمت نہیں ہاری۔ ٹیم کے ۱۷؍ سالہ اسٹار یمال  اپنے ۱۰۰؍ویں کلب میچ میں شاندار کوشش کرتے ہوئے ٹیم کو واپسی کی طرف لے آئے۔انہوںنے ٹیم کےلئے شاندار گول کیا اور اس گول نے انہیں چمپئن لیگ کے سیمی فائنل میں گول کرنے والا سب سے کم عمر کھلاڑی بنا دیا۔ لامین یمال نےمکھیتارین کو چکمہ دیا اور پھر گیند کو گول  پوسٹ میں پہنچا دیا۔اس کے بعد پہلے ہاف کے ۳۸؍ویں منٹ میں پیڈری کے پاس پر رافینہا نے گیند کو آگے بڑھایا اور فیران ٹوریس نے گول کر دیا اور اس گول کے ساتھ ہی ا سکور ۲۔۲؍ سے برابر ہوگیا۔
  دوسرے ہاف میں ڈمفریز نےہیڈر کیا جو اولمو سے لگ کر گول میں چلی اور انٹر میلان کو تیسری بار برتری مل گئی اور اسکور ۲۔۳؍ ہو گیا۔ حالانکہ انٹر کی برتری زیادہ دیر نہیں رہی۔ لامین یمال کے کارنر کو رافینہا نے باکس کے کنارے سے زوردار شاٹ لگایا جو کراس بار سے لگا پھر گول کیپر سومر کے سر کے اوپر جا کر گول میں چلی گئی اور اون گول ہو گیا۔ اپنے ہی گول  سے اسکور ۳۔۳؍برابر ہوگیا۔
 میچ کے آخری لمحات میں یمال نے ایک بار پھر شاندار شاٹ لیا جو کراس بار پر لگا۔ بالآخر میچ ڈرا ہوگیا۔ اس سنسنی خیز ٹائی کا دوسرا مرحلہ اب اگلے منگل کو میلان میں کھیلا جائے گا جہاں فاتح کا مقابلہ ۳۱؍مئی کو میونخ میں ہونے والے فائنل میں پیرس سینٹ جرمین یا آرسنل سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK