Inquilab Logo

بارسلونا نے اپنی برتری میں اضافہ کا موقع گنوا دیا

Updated: April 28, 2023, 5:04 PM IST | Madrid

رایو والیکانو نے بارسا کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دے دی،کوچ نے ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا

Robert Lewandowski scored the only goal for Barcelona against Rio Vallecano. (PTI)
رایو والیکانو کے خلاف بارسلونا کےلئے رابرٹ لیوانڈوسکی نے واحد گول کیا۔(پی ٹی آئی)

گزشتہ میچ میں ریئل میڈرڈ کی غیر متوقع شکست کے بعد بارسلونا کے پاس ہسپانوی لیگ’لا لیگا‘ میں اپنی برتری کو مزید بڑھانے کا سنہرا موقع تھا لیکن ٹیم نے اسے گنوا دیا اور رایو والیکانوکے ہاتھوں ایک کے مقابلے ۲؍ گول سے ہار گئی۔
  بارسلونا اور دوسرے نمبر پر موجود ریئل میڈرڈ کے درمیان ۱۱؍ پوائنٹس کا فرق ہے۔ اگر بارسلونا نے یہ میچ جیت لیا ہوتا تو ۲۰۱۹ءکے بعد اسپینش لیگ کا پہلا  خطاب جیتنے کے ان کے دعوے کی تصدیق ہو جاتی کیونکہ ریئل کو ایک دن قبل ہی ۲؍کے مقابلے  ۴؍گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔  اب ریئل میڈرڈ کی توجہ مانچسٹر سٹی کے خلاف چمپئن لیگ کے سیمی فائنل اور اوساسونا کے خلاف کوپا ڈیل رے فائنل پر ہے۔
   دریں اثنا  بارسلونا کو ریئل بیٹس اور اوساسونا سے کھیلنا ہے۔ رایو والیکانو اس جیت کے بعد نویں نمبر پر ہے۔ اس کے لئے الوارو گارسیا نے  پہلے ہاف میں ۱۹؍ویں منٹ میں اور فران گارسیا نے  ۵۳؍ویں منٹ میں گول کیا۔ بارسلونا کی جانب سے واحد گول رابرٹ لیوانڈوسکی نے آخری لمحات میں کیا۔ دیگر میچوں میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے مالورکا کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی جبکہ  المیریا نے  گیٹافے کو دو ایک سے ہرانے میں کامیابی حاصل کی۔
 کوچ ٹیم کی کارکردگی پر مایوس
 بارسلونا کے کوچ ژاوی نے ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے بہت ہی ناقص کھیل کا مظاہرہ کیا۔ہم اس شکست کے حقدار تھے۔میں اس شکست پر کسی قسم کا کوئی بہانہ نہیں بناؤںگا۔ہمارے پاس اپنی برتری کو ۱۴؍ پوائنٹس تک بڑھانے کا موقع تھا لیکن ہم نے رایو کیخلاف اپنی صلاحیت کا مظاہرہ نہیں کیا۔
لیورپول نے ویسٹ ہیم کو ہرایا
 لندن،(ایجنسی): پریمیر لیگ فٹ بال کے آخری ۴؍ تک کا راستہ  بھلے ہی مشکل  ہو لیکن لیورپول نے ہمت نہیں ہاری ہے۔  جرگون کلوپ کی ٹیم نے ویسٹ ہیم کو  ایک کے مقابلے ۲؍گول سے سے ہرا کر مسلسل تیسری جیت درج کی۔ جوئل  ماٹیپ نے ۶۷؍ویں منٹ میں ہیڈر پر فیصلہ کن گول کیا۔اس سے پہلے لوکاس پیکیٹا نے ۱۲؍ویں منٹ میں ویسٹ ہیم کو برتری دلائی تھی لیکن ۶؍ منٹ بعد ہی کوڈی گاکپو نے لیورپول کو برابری پر لاکر کھڑا کردیا۔  لیورپول اب چھٹے نمبر پر ہے لیکن چوتھے نمبر پر موجود مانچسٹر یونائیٹڈ  اس سے ۶؍ پوائنٹس آگے ہے۔ اب اس کے پاس صرف ۲؍ میچ باقی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK