محض ۱۰؍ برس کی عمر میں ہند نژاد برطانوی کھلاڑی نے تجربہ کار گرینڈ ماسٹر پیٹ ویلز کو شکست سے دوچار کردیا، بین الاقوامی ماسٹر کا درجہ بھی حاصل کرلیا۔
EPAPER
Updated: August 17, 2025, 11:03 AM IST | London
محض ۱۰؍ برس کی عمر میں ہند نژاد برطانوی کھلاڑی نے تجربہ کار گرینڈ ماسٹر پیٹ ویلز کو شکست سے دوچار کردیا، بین الاقوامی ماسٹر کا درجہ بھی حاصل کرلیا۔
محض ۱۰؍ برس کی برطانوی لڑکی نے شطرنج کے گرینڈ ماسٹر کو شکست دے کر سب سے کم عمر خاتون کھلاڑی بننے کی تاریخ رقم کی ہے۔ شمال مغربی لندن سے تعلق رکھنے والی بودھنا سیوانندن نے حال ہی میں لیورپول میں برطانوی شطرنج چمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ میں ۶۰؍ سالہ تجربہ کار گرینڈ ماسٹر پیٹ ویلز کو شکست دی۔ بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن (ایف آئی ڈی ای) کے مطابق ۱۰؍ سال، پانچ ماہ اور تین دن کی عمر میں ، بودھنا سیوانندن نے امریکی کیریسا یپ کا ریکارڈ توڑ دیا، جو ۱۰؍ سال، ۱۱؍ ماہ اور ۲۰؍ دن کی تھی جب اس نے ۲۰۱۹ءمیں ایک گرینڈ ماسٹر کو شکست دی تھی۔ سیو انندن نے اب خاتون بین الاقوامی ماسٹر کا درجہ حاصل کر لیا ہے جو خواتین کے گرینڈ ماسٹر ٹائٹل سے ایک درجے نیچے ہے۔ واضح رہے کہ شطرنج میں سب سے بڑا ٹائٹل گرینڈ ماسٹر ہوتا ہے اور بودھنا اب اسے حاصل کرنے کیلئےسخت محنت کریں گی۔ بودھنا کے والد نے بی بی سی کو بتایا کہ اس سے قبل ان کے خاندان میں کوئی بھی شطرنج کھلاڑی نہیں تھا۔ سیوانندن نے کہا کہ جب وہ پانچ سال کی تھیں تو انہوں نے کووڈ کے دوران اس کھیل کو سیکھا اور محض ۵؍ سال کی محنت کے بعد اب وہ کسی گرینڈ ماسٹر کو ہرانے کےقابل ہو گئی ہیں۔