Inquilab Logo

آئی پی ایل خطاب پر قبضہ ہمارا مقصد ہے:روہت

Updated: March 30, 2023, 11:21 AM IST | Abdul Kareem kasam Ali | Mumbai

ممبئی انڈینس کے کپتان نے کہاکہ نئے ضابطہ سے کھیل اور کھلاڑی پر اثر پڑےگا۔ بمراہ کی کمی محسوس ہوگی لیکن نوجوانوں کو موقع ملے گا

Mumbai Indians captain Rohit Sharma speaking at a press conference. (Photo inquilab, Shadab Khan)
ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرماپریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے۔(تصویر انقلاب، شاداب خان )

جمعہ سے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل )کے ۱۶؍ ویں سیزن کا آغاز ہورہا ہے اوراس بار ممبئی انڈینس کی ٹیم نے پہلے ہی اپنے جارحانہ تیور دکھادیئے ہیں۔بدھ کو آئی پی ایل سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں روہت شرما اور ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر نے اپنے ارادے ظاہر کردیئے ہیں۔ ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما نے کہاکہ اس سیزن میں ان کا مقصد ٹرافی پر قبضہ کرنا ہے۔ خیال رہے کہ ممبئی انڈینس کی ٹیم ۲؍اپریل کو آئی پی ایل میں اپنی مہم کا آغاز رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف کرے گی۔
 بدھ کو روہت شرما نے کہاکہ ہم اس بار پوری تیاری کےساتھ میدان پر آنے والے ہیں۔ ہمارا مقصد کامیابی حاصل کرنا ہے۔ ان سے تیز گیندبازجسپریت بمراہ کی غیرموجودگی کے تعلق سے پوچھا گیا تو انہوںنے بتایاکہ ان کی کمی محسوس ہوگی لیکن دیگر نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت دکھانے کاموقع بھی ملے گا۔ وہ ہمارے لئے ایک اسٹار کھلاڑی ہیں لیکن ان کا انجری سے صحتیاب ہونا بھی ضروری ہےکیونکہ اس سال ہمیں آئی سی سی یکروزہ ورلڈ کپ کھیلنا ہے۔ انہوںنے مزیدکہاکہ ان کی جگہ انگلینڈ کے تیز گیندبازجوفرا آرچر سے بھی ہم گیندبازی کی شروعات کروا سکتے ہیں لیکن وہ بھی طویل انجری کے بعد صحتیاب ہوکر آئےہیں۔  
 ممبئی انڈینس کے کپتان نے ٹیم میں توازن کے تعلق سے بتایا کہ ہمارا اسکواڈ بہت مضبوط ہے اور اس میں ۸۔۹؍ کھلاڑی ایسے ہیں جو فارم میں ہیں اور اچھا کھیل رہے ہیں۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ہماری ٹیم میں کوئی بھی کھلاڑی زخمی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس سیزن میں ہم نوجوان کھلاڑیوں پر زیادہ بوجھ ڈالنے کی کوشش نہیں کریں گے ۔ انہوں  نے ارجن تینڈولکر کے تعلق سے بتایا کہ وہ اس وقت معمولی  طورپر زخمی ہیں اور سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی وہ ٹیم سے وابستہ ہوں گے لیکن ان کو موقع ملے گایا نہیں یہ کہنا مشکل ہے۔ پہلی بار ہونے والی خواتین پریمیر لیگ پرممبئی  انڈینس کی خواتین ٹیم نے قبضہ کیا، اس پر روہت سے پوچھا گیا کہ کیا اس کی وجہ سے وہ دباؤ محسوس کررہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ خواتین لیگ کامیاب رہی اور اس میں خواتین کرکٹرس نے اچھامظاہرہ کیا۔ میں ممبئی انڈینس کی خواتین ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے ٹیم کا نام روشن کیا۔اس کے ساتھ ہی ملک کی نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹرس کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا۔ خواتین کی جیت پر فی الحال میں ایسا کوئی دباؤ محسوس نہیں کررہا ہوں۔ٹیم کے کھلاڑی اس وقت دباؤ میں نہیں ہیں۔ 
 روہت شرما نے آئی پی ایل کے نئے ضابطہ ’امپیکٹ پلیئر‘ کے بارے میں بتایا کہ اس سے میچ اور کھلاڑیوں پر کافی فرق پڑے گا۔ یہ نیا ضابطہ اس سال  نافذ کیا جارہا ہے اور امید کرتے ہیں کہ یہ کامیاب رہے گا۔ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں سوریہ کمار کی ناکامی کے بارے میں انہوں نے کہاکہ سوریہ اچھے بلے باز ہیں اورانہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوںنے ٹی ۲۰؍ میں اچھی اننگز کھیلی  ہے۔وہ ہمارے اسٹار کھلاڑی ہیں۔ روہت شرمانے ممبئی انڈینس میں ۱۰؍ سال مکمل کرلئے ہیں اور ٹیم کو ۵؍مرتبہ چمپئن بنایاہے۔ انہوں نے کہاکہ۱۰؍ سال کی یادیں بہت خاص ہوتی ہیں کیونکہ   اس میں بہت سے میچ ہوتے ہیں۔ آپ کو موقع ملتا ہے اور آپ اس کا فائدہ اٹھاکر ترقی کرتے ہیں اور پھر کپتان بھی بن جاتے ہیں۔ یہ سبھی چیزیں آپ کو ہمیشہ یاد رہتی ہیں۔ روہت نے کہاکہ آئی پی ایل آسان ٹورنامنٹ نہیں ہے کیونکہ ۲؍ماہ تک آپ کو کھیلنا ہوتاہے اور ۱۶؍یا ۱۷؍میچ جیتنے کے بعد آپ کو ٹرافی ملتی ہے۔ اس کیلئے آپ کو اپنا فارم مسلسل برقرار رکھنا ہوتاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK