Inquilab Logo

چمپئن لیگ کا فائنل پرتگال منتقل ہونے کا قوی امکان

Updated: May 12, 2021, 2:01 PM IST | Agency | Paris

یوئیفا کا بھی مثبت اشارہ۔ پرتگال برطانیہ کی’گرین لسٹ ‘ میں شامل ۔ انگلش مداح آل انگلینڈ فائنل دیکھنے کیلئے لزبن یا پورٹو کا دورہ کرسکتے ہیں

One of the matches between Manchester City and Chelsea in the EPL. Picture:PTI
ای پی ایل میں مانچسٹر سٹی اور چیلسی کے درمیان ہونےوالے میچ کی ایک تصویر۔ پی ٹی آئی

لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم کے مقابلے اس وقت پرتگال چمپئن لیگ کے فائنل کی میزبانی کا مضبوط دعویدار ہے۔  چمپئن لیگ کاانعقاد کرنے والی تنظیم یوئیفا نے بھی ویمبلی میں دلچسپی نہیں دکھائی ہے۔  پیر کو یوئیفا، انگلش فٹبال اسوسی ایشن اور حکومت برطانیہ کے درمیان چمپئن لیگ کا فائنل استنبول سے ویمبلی منتقل کرنے کے تعلق سے بات چیت ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ چمپئن لیگ کا فائنل اس بار آل انگلینڈ ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ فائنل میں ۲؍انگلش کلب مانچسٹر سٹی اور چیلسی کا مقابلہ ہونے والا ہے۔ اس لئے انگلینڈ کی شائقین کچھ تعداد یہ فائنل مقابلہ دیکھنے کیلئے استنبول کا سفر کرنا چاہتی تھی لیکن برطانیہ نے ترکی کو سرخ فہرست میں شامل کیا ہےاور اپنے شہریوں کو انتہائی اور اشد ضرورت ہونےپر ہی ترکی کا سفر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس لئے یوئیفا نے بھی چمپئن لیگ کا فائنل استنبول سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ترکی میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر وہاں ۳۱؍مئی تک ایمرجنسی جیسے حالات ہیں۔ دوسری طرف پرتگال برطانیہ کی سبز فہرست میں شامل ہے اور انگلینڈ کے شائقین اس ملک کا سفر کرسکتے ہیں۔ حالانکہ ا ب بھی ویمبلی میںمیچ کا انعقاد ہوسکتاہے لیکن حکومت کو بہت سی چیزوں کو منتقل کرنا ہوگا۔ برطانوی حکومت یوئیفا سے معاہدہ کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔ 
 یوروپ میں فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا  کے مطابق اسپانسرس اور براڈکاسٹرس کیلئے پرتگال کا سفر آسان ہوگا اس لئے پرتگال ہی چمپئن لیگ کے فائنل کا صحیح میزبان ہے۔ پرتگال میں پورٹو کو میزبانی ملنے کے امکانات تھے اور اس کا نام بھی میزبان اسٹیڈیم میں شامل کیا گیاہے لیکن سب سے مضبوط دعویدار لزبن اسٹیڈیم ہے جہاں گزشتہ سال کے چمپئن لیگ کے فائنل کا انعقاد کیا گیا تھا۔ 
 خیال رہے کہ سبز فہرست کے ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کو تمام ضابطوں پر عمل کرنا ہوتا ہے اور ان کی واپسی پر انہیں قرنطین کی ضرورت بھی نہیں ہوتی ہے۔دوسری طرف سرخ فہرست کے ممالک سے لوٹنے والے برطانوی شہریوں کو حکومت کے ذریعہ منظور کردہ ہوٹل میں ۱۰؍روز ہ  قرنطین کی مدت پوری کرنی ہوتی ہے۔ 
 یورو ۲۰۲۰ء میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو قرنطین کے مسئلے سے دوچار ہونا پڑے گا۔ یورو۲۰۲۰ء کا آغاز اگلے ماہ ۱۱؍تاریخ سے ہونے والا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ بھی پچھلے سال ہی ہونےوالا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اسے ملتوی کرکے اس کا اس سال انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ 
 یوئیفا نے مانچسٹر سٹی اور چیلسی سے اپیل کی ہے کہ وہ  ۴۔۴؍ہزار مداحوں کو ٹکٹ فروخت کریں۔ دوسری طرف چیلسی کے مداحوں کو امید ہے کہ یوئیفا چمپئن لیگ کا فائنل  برطانیہ میں منعقد کرے گا۔مانچسٹر سٹی کے مداحوں کو امید ہے کہ یوئیفا فائنل استنبول سے کسی او ر مقام پر اس کا انعقاد کرسکتاہے۔ ویمبلی میں ۲۹؍مئی کو چمپئن شپ کے پلے آف کا  فائنل کھیلا جانے والا ہے۔ یوئیفا کے کہنے پر ای ایف ایل اس میچ کو ملتوی کرسکتاہے لیکن اس کا حتمی فیصلہ  بورڈکرسکتاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK