Updated: November 14, 2026, 7:05 PM IST
| London
اسپائیڈر مین کے اداکار کا کہنا ہے کہ نولن کے ساتھ کام کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی نے انہیں اپنی اداکاری کی صلاحیتوں پر نیا بھروسا دیا؛ اب وہ روایتی سپر ہیرو کرداروں سے آگے بڑھ کر مختلف نوعیت کے کردار آزمانے کے خواہش مند ہیں، اگلی فلم میں فریڈ آسٹیر کا کردار نبھائیں گے۔
ٹام ہالینڈ ’’دی اوڈیسی‘‘ میں۔ تصویر: آئی این این
ہالی ووڈ اداکار ٹام ہالینڈ کا کہنا ہے کہ معروف فلم ساز کرسٹوفر نولن کی فلم ’دی اوڈیسی‘ میں کام کرنے کے تجربے نے ان کے اندر ایک نیا اعتماد پیدا کیا ہے اور اب وہ اپنے کریئر میں مزید مختلف اور غیر روایتی کرداروں کی تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ اسپائیڈر مین کے کردار سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے ۳۰؍ سالہ اداکار نے لندن میں فلم کی خصوصی نمائش کے موقع پر کہا کہ نولن کے ساتھ کام کرنے اور ان سے ملنے والی حوصلہ افزائی نے انہیں اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کا ایک نیا احساس دیا ہے۔ ہالینڈ سے جب پوچھا گیا کہ ’دی اوڈیسی‘ میں اوڈیسیئس کے بیٹے ٹیلیماکس کا کردار ادا کرنے کے بعد وہ اپنے ساتھ کیا لے کر جارہے ہیں تو انہوں نے جواب دیا، ’’میں شاید کہوں گا کہ اعتماد اور یہ خواہش کہ میرے لیے آگے اور کیا کچھ موجود ہے، میں اسے جاننا چاہتا ہوں۔‘‘ ان کے مطابق یہ فلم ان کے لیے محض ایک بڑا سنیما تجربہ نہیں بلکہ اپنے کریئر کے اگلے مرحلے کی طرف بڑھنے کا ایک اہم موقع بھی ثابت ہوئی ہے۔
ٹام ہالینڈ نے کہا کہ وہ بچپن ہی سے کرسٹوفر نولن کے کام کے مداح رہے ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنا اور پھر فلم ساز کی جانب سے اپنی کارکردگی کی منظوری حاصل کرنا ان کے لیے غیر معمولی تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا، ’’میں جتنا یاد کرسکتا ہوں، کرس کا مداح رہا ہوں۔ ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنا، ان کی منظوری حاصل کرنا، اور ان کے گھر بیٹھ کر ان کی فلم دیکھنا اور ان کی طرف سے پیٹھ تھپتھپائے جانے کا تجربہ، میرے لیے اپنے اگلے کام کا آغاز کرنے کا بہترین طریقہ تھا۔‘‘ ہالینڈ نے مزید کہا، ’’انہوں نے مجھے ایک اداکار کی حیثیت سے ایسا اعتماد دیا ہے، جس کے بارے میں مجھے نہیں معلوم کہ اس سے پہلے میرے اندر موجود بھی تھا یا نہیں۔ میں اس بات کے لیے ان کا بے حد شکر گزار ہوں کہ اس فلم سے مجھے یہ اعتماد حاصل ہوا۔‘‘ ان کے مطابق اب وہ اپنے اگلے منصوبے کی طرف اس احساس کے ساتھ بڑھیں گے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے بارے میں پہلے سے زیادہ پراعتماد ہیں اور مزید مختلف کردار ادا کرنے کی ہمت رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ہاردک پانڈیا اور کے ایل راہل تنازع نے کرن جوہر کو ’صدمے‘ میں مبتلا کردیا
ہالینڈ نے فلم کے دیگر اداکاروں اور عملے سے ملنے والے تجربات کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق انہوں نے اپنے ساتھی فنکاروں سے بہت کچھ سیکھا، جن میں ان کی اہلیہ اور اداکارہ زینڈایا بھی شامل ہیں۔ انہوں نے فلم کے ہدایت کار کرسٹوفر نولن اور ان کی اہلیہ و پروڈیوسر ایما تھامس کی اداکاروں کی حوصلہ افزائی کرنے کی صلاحیت کو بھی سراہا۔ ہالینڈ نے کہا، ’’کرس اور ایما کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اپنے اداکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔‘‘ ان کے بقول ایک بڑے فلمی منصوبے میں اداکار کو اپنی صلاحیتیں آزمانے اور خود کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملنا بہت اہم ہوتا ہے۔ ’دی اوڈیسی‘ میں ہالینڈ نے ٹیلیماکس کا کردار ادا کیا ہے، جو یونانی رزمیہ داستان کے مرکزی کردار اوڈیسیئس کا بیٹا ہے۔ فلم میں اوڈیسیئس کا کردار میٹ ڈیمن نے ادا کیا ہے، جبکہ این ہیتھوے پینیلوپی کے روپ میں نظر آتی ہیں۔ رابرٹ پیٹنسن، لوپیتا نیونگو اور چارلیز تھیرون بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔ ہومر کی قدیم یونانی داستان پر مبنی اس فلم میں اوڈیسیئس کی طویل جنگی مہم کے بعد گھر واپسی اور اس دوران اس کے خاندان کو درپیش حالات کی کہانی پیش کی گئی ہے۔ ٹیلیماکس اپنے والد کی غیر موجودگی میں گھر اور تخت پر قبضہ جمانے کے خواہش مند افراد کا سامنا کرتا ہے اور اپنے والد کی واپسی کی امید میں قدم اٹھاتا ہے۔
ہالینڈ کے لیے یہ کردار اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ ان کی شناخت گزشتہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک بنیادی طور پر مارول سنیماٹک یونیورس کے اسپائیڈر مین کے طور پر رہی ہے۔ اس کردار نے انہیں عالمی شہرت اور بڑی تجارتی کامیابیاں تو دیں، لیکن اب وہ اپنی اداکاری کے دائرے کو وسیع کرنے کے خواہش مند دکھائی دیتے ہیں۔ ۲۰۲۶ء میں ان کی دو بڑی فلمیں ’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ اور ’دی اوڈیسی‘ ریلیز ہوئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دوسری فلم نے انہیں مستقبل کے انتخاب کے حوالے سے ایک نیا نقطۂ نظر دیا ہے۔ ان کا اگلا بڑا منصوبہ معروف امریکی رقاص اور اداکار فریڈ آسٹیر کی زندگی پر بننے والی بایوپک ہے، جس میں وہ مرکزی کردار ادا کریں گے۔ اس فلم کی ہدایت کاری پال کنگ کریں گے، جبکہ ایمی پاسکل پروڈیوسر ہیں۔ مارگریٹ کوالی فریڈ آسٹیر کی بہن اور رقص کی ساتھی ایڈیل آسٹیر کا کردار ادا کریں گی، جبکہ گلوکارہ اور اداکارہ سبرینا کارپنٹر جنجر راجرز کے روپ میں نظر آئیں گی۔ یہ کردار ہالینڈ کے لیے ایک مختلف فنکارانہ چیلنج ہوگا، کیونکہ فریڈ آسٹیر محض اداکار نہیں بلکہ اپنی رقص کی مہارت اور اسٹیج پرفارمنس کے باعث بھی سنیما کی تاریخ میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہالینڈ کے شوبز کریئر کا آغاز بھی رقص اور اسٹیج سے ہوا تھا۔ انہوں نے ویسٹ اینڈ کے معروف میوزیکل ’بلی ایلیٹ‘ میں مرکزی کردار ادا کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس اعتبار سے فریڈ آسٹیر کی بایوپک انہیں اپنے ابتدائی فنکارانہ پس منظر کی طرف بھی واپس لے جائے گی۔ ’دی اوڈیسی‘ کے بعد حاصل ہونے والے اعتماد کے ساتھ وہ اب ایک ایسے کردار کی تیاری کررہے ہیں جس میں اداکاری کے ساتھ رقص کی غیر معمولی مہارت بھی درکار ہوگی۔ ہالینڈ کے تازہ بیان سے یہ اشارہ ضرور ملتا ہے کہ وہ اسپائیڈر مین کی کامیابی کو اپنے کریئر کی آخری منزل نہیں سمجھتے۔ کرسٹوفر نولن کے ساتھ کام کرنے کے تجربے نے انہیں یہ سوچنے کی ترغیب دی ہے کہ ایک اداکار کے طور پر ان کے سامنے ابھی کئی نئے راستے موجود ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ فریڈ آسٹیر کا کردار ان کے اس نئے فنکارانہ سفر کو کس سمت لے جاتا ہے۔