Updated: November 15, 2026, 6:07 PM IST
| New Delhi
کیپٹن شبھانشو شکلا نے ایک بیان میں کہا کہ’’ ایکزیوم تو مشق تھی، میرا اصل مشن ۲۰۴۰ءتک چاند پر ترنگا دیکھنا ہے،‘‘ اشوک چکر ایوارڈ یافتہ کا کہنا ہے کہ اسپیس کیپسول پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے اڑان بھرنا ہنگامہ خیز اور افراتفری بھرا تھا، جو ان کی توقعات کے برعکس تھا۔
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی خلاباز کیپٹن شبھانشو شکلا۔ تصویر: ایکس
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی خلاباز کیپٹن شبھانشو شکلا نے سنیچر کو کہا کہ ان کا اصل مشن ۲۰۴۰ءتک کسی ساتھی ہندوستانی کو چاند پر ترنگا لگاتے دیکھنا ہے۔ جون۲۰۲۵ء میں اپنے ایکزیوم مشن۴؍ کے سفر کو یاد کرتے ہوئے، شکلا نے کہا کہ انہوں نے خلا میں کبھی تنہا محسوس نہیں کیا کیونکہ پوری قوم مشن کا حصہ تھی۔ انہوں نے 10ویں ملٹری لٹریچر فیسٹیول میں ایک سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ایکزیوم کے بعد، میں اپنے قومی مشن گگن یان کو کامیاب بنانے کی تیاری میں فعال طور پر مصروف ہوں اور ہندوستان کی ترقی اور خوشحالی میں مزید کردار ادا کر رہا ہوں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: مہادیو ایپ معاملے میں سی بی آئی کی ۶؍ ریاستوں میں چھاپہ ماری
’’فائٹر کاک پٹ سے خلائی جہاز تک: ہوا اور خلائی طاقت میں ہندوستان کا نیا محاذ‘‘ کے عنوان سے سیشن کے دوران، شکلا نے خلا میں اپنے۲۰؍ دن اور۳؍ گھنٹے کے سفر کی روداد بیان کی۔اپنا تجربہ ساجھا کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اسپیس کیپسول پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے اڑان بھرناہنگامہ خیز اور افراتفری بھرا تھا، جو ان کی توقعات کے برعکس تھا۔ انہوں نے کہا ، ’’جیسے ہی ہم نے آئی ایس ایس سے اڑان بھری، میرے ذہن میں ایک شک گزرا کہ کیا میں نے خلا کا سفر کرنے کا صحیح فیصلہ کیا ہے،‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی اضطراب اور الجھن کسی بھی چیلنج میں بنیادی طور پر شامل ہوتی ہے۔نوجوانوں سے سائنس اپنانے اور اپنے خوابوں کو ہمت کے ساتھ پورا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ کلاس روم دلیرانہ خوابوں کو فروغ دیتے ہیں، جن کی پرورش ہمت اور جذبے کے ساتھ کی جانی چاہیے تاکہ کوئی کامیاب ہو اور معاشرے کی خدمت کر سکے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’دہلی میں اب کی بار اے کیو آئی ۴۰۰؍ پار‘‘
بعد ازاں اسپیس ایکس فالکن۹؍ راکٹ میں۲۰؍ دن سے زیادہ قیام کے اپنے پرواز کے تجربے کو شیئر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ’’کشش ثقل کی غیر موجودگی پہلے تو عجیب محسوس ہوتی ہے۔آپ قد میں لمبے ہو جاتے ہیں؛ آپ کا دل چھوٹا ہو جاتا ہے۔ خلا میں رہتے ہوئے آپ کو متعدد جسمانی اور ذہنی تبدیلیاں محسوس ہوتی ہیں۔ اگرچہ آپ ہر چیلنج کے لیے تیاری کرتے ہیں، اصل طاقت آپ کو تحقیق کے ذریعے واپس جا کر معاشرے کی خدمت کرنے کے اپنے یقین سے ملتی ہے۔‘‘نوجوانوں کو چیلنجز کو صحیح جذبے کے ساتھ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے، شکلا نے کہا کہ مشن ڈائریکٹر ڈاکٹر پیگی وٹسن نے۳۹؍ سال کی عمر میں خلا میں اڑان بھرنے کے لیے منتخب ہونے سے پہلے نو مرتبہ مسترد کئے جانے کو برداشت کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا، ’’یہ حقیقت کہ ڈاکٹر وٹسن کا اب خلا میں سب سے طویل قیام ہے، ان تمام لوگوں کے لیے حوصلہ افزائی ہے جو اپنی زندگی کے کسی بھی مرحلے پر منفی محسوس کر رہے ہیں۔‘‘