• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویمنز پریمیئر لیگ ۲۰۲۷ ءکے ممبئی مرحلے کے تمام مقابلے وانکھیڈے میں ہوں گے

Updated: November 15, 2026, 6:08 PM IST | Mumbai

ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) ۲۰۲۷ ءکے پانچویں ایڈیشن کے لیے ایک اہم تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ممبئی مرحلے کے تمام مقابلے وانکھیڑے اسٹیڈیم منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

WPL 2027.Photo:X
ڈبلیو پی ایل ۲۰۲۷ء۔ تصویر:ایکس

ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) ۲۰۲۷ ءکے پانچویں ایڈیشن کے لیے ایک اہم تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ممبئی مرحلے کے تمام مقابلے وانکھیڑے اسٹیڈیم منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل یہ مقابلے کرکٹ کلب آف انڈیا (سی سی آئی) کے بریبورن اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے تھے، لیکن اب لیگ مرحلے کے بقیہ میچوں کے ساتھ ایلیمنیٹر اور فائنل بھی وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ بی سی سی آئی نے واضح کیا ہے کہ میدان کی تبدیلی کے باوجود مقابلوں کی تاریخوں اور شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ڈبلیو پی ایل ۲۰۲۷ ءکا آغاز ۱۴ ؍جنوری سے ہوگا اور ٹورنامنٹ ۷؍فروری ۲۰۲۷ءتک جاری رہے گا۔ اس مرتبہ مقابلے دو شہروں، وڈودرا اور ممبئی میں منعقد کیے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے کے ۱۱ میچ وڈودرا کے بی سی اے اسٹیڈیم میں ۱۴ ؍سے ۲۴ ؍ جنوری تک کھیلے جائیں گے، جبکہ دوسرا مرحلہ ۲۶؍ جنوری سے ممبئی میں شروع ہوگا۔ ممبئی میں مجموعی طور پر ۱۱؍ مقابلے ہوں گے، جن میں لیگ مرحلے کے نو میچ، ۵ ؍فروری کو ایلیمنیٹر اور ۷ ؍فروری کو فائنل شامل ہیں۔


بی سی سی آئی کے مطابق، اس مقام کی تبدیلی کا بنیادی سبب برابورن اسٹیڈیم میں آئندہ ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری ہے۔ کرکٹ کلب آف انڈیا کو ۱۴ ؍فروری ۲۰۲۷ ءسے پہلی مرتبہ منعقد ہونے والی آئی سی سی ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی کرنی ہے۔ ڈبلیو پی ایل کے اختتام اور اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے آغاز کے درمیان میدان کی پچوں کو دوبارہ تیار کرنے اور انہیں مناسب حالت میں لانے کے لیے کافی وقت دستیاب نہیں تھا۔بی سی سی آئی نے بتایا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی درخواست پر برابورن اسٹیڈیم میں طے شدہ مقابلوں کو دوسرے میدان میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈبلیو پی ایل کمیٹی نے اس تجویز کو منظوری دے دی ہے اور اب ممبئی مرحلے کے تمام ۱۱ مقابلے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

یہ بھی پڑھئے:ہندوستانی فلموں نے بولنا سیکھا تو اُردو زبان ہی کا سہارا لیا

ممبئی مرحلے کا پہلا مقابلہ ۲۶ ؍جنوری کو دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو اور ممبئی انڈینز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ۲۷ ؍جنوری کو دہلی کیپٹلز اور گجرات جائنٹس، جبکہ ۲۸ ؍جنوری کو ممبئی انڈینز اور یوپی واریئرز آمنے سامنے ہوں گی۔ ۲۹ ؍جنوری کو رائل چیلنجرز بنگلورو کا مقابلہ دہلی کیپٹلز سے ہوگا۔۳۰ ؍جنوری کو ممبئی انڈینز اور گجرات جائنٹس کے درمیان میچ ہوگا، جبکہ ۳۱؍ جنوری کو یوپی واریئرز اور رائل چیلنجرز بنگلورو کی ٹیمیں مقابلہ کریں گی۔ یکم فروری کو ممبئی انڈینز اور دہلی کیپٹلز، ۲؍ فروری کو رائل چیلنجرز بنگلورو اور گجرات جائنٹس، جبکہ ۳ ؍فروری کو دہلی کیپٹلز اور یوپی واریئرز کے درمیان لیگ مرحلے کے مقابلے ہوں گے۔لیگ مرحلے کے بعد ۵ ؍فروری کو ایلیمنیٹر کھیلا جائے گا، جس میں پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے اور تیسرے مقام پر رہنے والی ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ کریں گی۔ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست رہنے والی ٹیم براہِ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی، جو ۷؍فروری کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:’ شیئربازار میں اندراج ٹاٹا سنس کے بنیادی فلسفے کو ہی بدل دےگا‘

ممبئی میں اس سے قبل ویمنز پریمیئر لیگ کے مقابلے بریبورن اسٹیڈیم اور نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں منعقد ہوچکے ہیں، لیکن ۲۰۲۷ ءمیں پہلی مرتبہ وانکھیڈے اسٹیڈیم اس لیگ کے مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔ یہ میدان ہندوستانی کرکٹ کے تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے اور یہاں کئی اہم بین الاقوامی اور آئی پی ایل مقابلے منعقد کیے جاچکے ہیں۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ڈبلیو پی ایل کے تمام مقابلے شام ۷ ؍بج کر ۳۰ ؍منٹ پر شروع ہوں گے۔ ممبئی انڈینز کے شائقین کے لیے یہ خاص موقع ہوگا، کیونکہ ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر اہم مقابلے کھیلے گی اور اسے گھریلو شائقین کی بھرپور حمایت حاصل ہونے کی توقع ہے۔
ڈبلیو پی ایل کے پانچویں ایڈیشن میں پانچ ٹیمیں خطاب کے لیے میدان میں اتریں گی، جن میں دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو، ممبئی انڈینز، دہلی کیپٹلز، گجرات جائنٹس اور یوپی واریئرز شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی مقابلہ ۱۴؍جنوری کو وڈودرا میں رائل چیلنجرز بنگلورو اور ممبئی انڈینز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس ایڈیشن میں مجموعی طور پر ۲۲ مقابلے ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK