Updated: May 19, 2026, 10:05 AM IST
|
Mohammed Habeeb
| Mumbai
۱۹۹۳ء میں شروع ہونے والا یہ برانڈ آج ریمنڈ کا حصہ ہے،اس کے ملبوسات میں استعمال ہونے والا کپڑا اور ٹیکنالوجی اسے ایک منفرد برانڈ بناتی ہے۔
کلرپس کی دکان۔ تصویر:آئی این این
آج ہم ہندوستان کے ایک معروف اور کامیاب فیشن برانڈ ’کلر پلس‘کے بارے میں بات کریں گے۔ ۱۹۹۰ءکی دہائی میں جب ہندوستانی مرد کے پاس فارمل کیلئے سوٹ اور کیژول کے لیے لوکل شرٹ کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا، تب کلر پلس نے’اسمارٹ کیژول‘کا تصور متعارف کروایا۔ یہ وہ برانڈ ہے جس نے چینو کو ہندوستان میں مقبول کیا، رنگوں کی سائنس کو فیشن بنایا، اور دفتر کے ماحول کو بوریت سے آزاد کیا۔یہ برانڈ خاص طور پر اپنے معیاری کپڑوں، منفرد رنگوں اور شاندار ڈیزائن کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ اگرچہ یہ برانڈ ابتدائی طور پر مردوں کے لیے مخصوص تھا، لیکن اب خواتین اور بچوں کے لیے بھی اس کی مصنوعات دستیاب ہیں ۔
تاریخ اور آغاز
کلر پلس برانڈ کو ۱۹۹۳ءمیںچنئی میں قائم کیا گیا تھا۔اس برانڈ کےشریک بانی راجندر مدلیار اور کیلاش بھاٹیا تھے ۔ اس برانڈ کی بنیاد رکھنے کا مقصد مارکیٹ میں ایک ایسا پریمیم کپڑا متعارف کروانا تھا جو معیار اور رنگوں کے استعمال میں منفرد ہو۔ اس نے ملک کے ریڈی ٹو ویئرمارکیٹ میں پریمیم مردانہ لباس کے ساتھ اپنی منفرد جگہ بنائی۔ رنگوںکے انوکھے استعمال اور مصنوعاتی اختراع پر توجہ دیتے ہوئے کلر پلس نے آرام دہ پری واشڈ روئی کے ملبوسات کے ساتھ ’اسمارٹ کیژوئل‘ کا ایک نیا زمرہ بنایا۔دیکھتے ہی دیکھتے یہ برانڈ اعلیٰ طبقے، ٹرینڈ سے باخبر اور ذوق رکھنے والے ہندوستانی مردوں کی پہلی پسند بن گیا اور اس نے مردوں کے لباس پہننے کے انداز کو بدل ڈالا۔
ریمنڈ نے خریدا
۱۷؍ستمبر ۲۰۰۲ءکوریمنڈ گروپ نے کلر پلس کو خرید لیا۔اس طرح یہ برانڈ۲۰۰۳ءسے مکمل طور پرریمنڈ لمیٹڈ کا حصہ ہے۔ ریمنڈکی ٹیکسٹائل صنعت کی دہائیوں پرانی مہارت نے کلر پلس کے معیار کو مزید نکھارا۔
کلر پلس کی خوبیاں
کلر پلس کی مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ اس کے کپڑوں میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی اور فیبرک ہے۔ جہاں دوسرے برانڈز صرف فیشن پرتوجہ دیتے تھے، وہیں کلر پلس نے کپڑوں کی ’خصوصیات‘پر توجہ دی،جیسے کہ پریمیم کوالٹی، رنگوں کا برقرار رہنا اور نئے فیبرکس جیسے لئیوسیل کا استعمال ۔
کلر پلس کی ایک اور خاص بات اس کے رنگوں کا انتخاب ہے۔ جیسا کہ اس کے نام سے ظاہر ہوتا ہے،برانڈ نے ہمیشہ رنگوں کے استعمال پرخاص توجہ دی ہے۔ جہاں کئی رسمی برانڈز سیاہ، سفید یا گہرےنیلے رنگ تک محدود رہتے ہیں، وہیں کلر پلس نے ہلکے، خوشگوار اور زندہ رنگوں کو مردانہ لباس میں جگہ دی۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی پولو ٹی شرٹس اور کیژول شرٹس کافی مقبول رہتی ہیں۔
برانڈ کی مصنوعات
کلر پلس صرف کپڑا نہیں،’مکمل لائف اسٹائل‘ہے۔اس کے یہاں دستیاب رینج میں شامل شرٹس کے تحت فارمل، کیژول، لینن، پرنٹڈ اور پلین شرٹ ملتے ہیں جبکہ ٹراؤزرز میںچینو، کارگو، فارمل، لاؤنج پینٹس ملتی ہیں۔جیکٹس اور بلیزر میں سیمی-فارمل لوکٹی-شرٹس اور پولو ٹی شرٹس میں مرسرائزڈ نِٹ پولو ٹی شرٹ ملتی ہے جبکہ ایکسیسریز کے تحت یہاںبیلٹ اوروالٹ جیسی چیزیں بھی ملتی ہیں۔
ممبئی میں اسٹورز
یہ برانڈ صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہا بلکہ ہندوستان کے مختلف شہروں میں اس کے اسٹورز موجود ہیں۔ ممبئی، ناگپور، کوژیکوڈ اور دیگر شہروں میں نئے شورومز کے افتتاح نے اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو مزید واضح کیا ہے۔ممبئی میں اس کے کئی مقامات پر اسٹور موجود ہیں جن میں کرلا کے فنکس مارکیٹ سٹی میں،اندھیری ایسٹ کے ساگ باغ میں،سائن کے گاندھی مارکیٹ میں،پریل کے امبیڈکر روڈ پر،لوئر پریل کےہائی اسٹریٹ فنکس مال میں، گوریگائوں کے اوبرائے مال میں،ملاڈ کے انفنیٹی مال میں،سی ووڈ میں،بوریولی کے اسکائی سٹی مال میں،بوریولی کے چنداورکر روڈ پر،تھانے کے ویویانا مال میں اورقلابہ کے کسرو باغ علاقے میںاس کے شاندار اسٹور موجود ہیں جہاں سے آپ اس کی مصنوعات خرید سکتے ہیں۔