Inquilab Logo Happiest Places to Work

دولت مشترکہ کھیل: یوگنڈا اور پاکستان کے باکسر ’لاپتہ‘، اپنے وطن نہیں لوٹے

Updated: August 06, 2026, 11:44 AM IST | Glasgow

یوگنڈا کے ایک باکسر کاکہنا ہےکہ وہ اسکاٹ لینڈ میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے اور وہیں اپنے باکسنگ کریئر کو جاری رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

4 out of 6 Ugandan boxers did not return home after the Games. Photo: INN
یوگنڈا کے ۶؍ میں سے ۴؍ باکسر گیمز کے بعد اپنے وطن نہیں گئے۔ تصویر: آئی این این

پولیس اسکاٹ لینڈ نے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز کے اختتام کے بعد یوگنڈا اور پاکستان کے  باکسروں کے اپنے وفود کے ساتھ وطن واپس نہ جانے کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے اگرچہ لاپتہ کھلاڑیوں کی درست تعداد ظاہر نہیں کی، تاہم کہا ہے کہ انہیں ’کئی کھلاڑیوں کے لاپتہ ہونے ‘کی اطلاع ملی ہے اور ان کی گمشدگی کے حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔سب سے زیادہ توجہ یوگنڈا کی باکسنگ ٹیم پر مرکوز ہے، جس کے چھ میں سے چار باکسر وفد کے ساتھ منگل کو وطن واپس نہیں گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ان میں نُہو باتے، اینجل کاتوشابے، ابراہیم کیمس اور ایملی ناکالیما شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ان میں سے ایک باکسر نے بتایا کہ وہ اسکاٹ لینڈ میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے اور وہیں اپنے باکسنگ کریئر کو جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، کیونکہ وہاں بہتر تربیتی سہولیات اور مواقع میسر ہیں۔ تاہم یوگنڈا کے حکام نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آرپرگنانندھا سینٹ لوئز کے ریپڈ سیکشن میں ٹاپ پر

اُدھر پاکستانی باکسنگ ٹیم کے رکن قدرت اللہ بھی ’لاپتہ‘ بتائے جا رہے ہیں ۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق وہ وطن واپسی سے چند گھنٹے قبل اپنے کمرے سے غائب ہو گئے حالانکہ ان کا پاسپورٹ اور واپسی کا ٹکٹ ٹیم منیجر کے پاس موجود تھا۔پولیس اسکاٹ لینڈ نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں برطانوی ہوم آفس کے ساتھ رابطے میں ہے۔ گیمز کے دوران منتظمین نے پولیس، بارڈر فورس اور امیگریشن حکام کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کی آمد و رفت کو قواعد کے مطابق یقینی بنایا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں۔ گولڈ کوسٹ۲۰۱۸ءکے بعد درجنوں کھلاڑی اور اہلکار لاپتہ ہو گئے تھے جبکہ متعدد نے آسٹریلیا میں سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی۔ اسی طرح گلاسگو۲۰۱۴ء میں بھی یوگنڈا کے دو رگبی کھلاڑی اور کیمرون کے ویٹ لفٹر سیرل ٹیچاشیٹ دوم وفد کے ساتھ واپس نہیں گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK