Inquilab Logo Happiest Places to Work

آرپرگنانندھا سینٹ لوئز کے ریپڈ سیکشن میں ٹاپ پر

Updated: August 06, 2026, 11:35 AM IST | New Delhi

خطاب کا فیصلہ ۱۸؍ بلٹز میچوں سے ہوگا، پرگنانندھا کی کارکردگی نے سال کے آخر میں گرینڈ شطرنج ٹور فائنل میں جگہ بنانے کی ان کی امیدیں بھی مضبوط کر دی ہیں، بلٹز میںفاتح کیلئےانعامی رقم ۵۰؍ ہزار ڈالرہوگی۔

Indian Grandmaster R. Praggnanandha. Photo: INN
ہندوستانی گرینڈ ماسٹر آر پرگنانندھا ۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی گرینڈ ماسٹر آر پرگنانندھا نےامریکہ  میں منعقد ہونے والے سینٹ لوئس ریپڈ اور بلٹز شطرنج ٹورنامنٹ کے ریپڈ سیکشن میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ نوجوان شطرنج کھلاڑی  نے ایک پوائنٹ کی برتری حاصل کرتے ہوئے۱۸؍ میں سے۱۲؍ ممکنہ پوائنٹس حاصل کیے۔ ٹائٹل کا فیصلہ اب۱۸؍ بلٹز میچوں سے ہوگا۔ پرگنانندھا کی  کارکردگی نے سال کے آخر میں گرینڈ شطرنج ٹور فائنل میں جگہ بنانے کی ان کی امیدیں بھی مضبوط کر دی ہیں۔

فائنل راؤنڈ میں شکست، پھر بھی برتری برقرار 

پرگنانندھا کو ریپڈ سیکشن کے نویں اور آخری راؤنڈ میں ہالینڈ کے جارڈن وین فاریسٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود وہ۱۲؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہے۔ ریپڈ سیکشن میں انہو ںنے۴؍ میچ جیتے، ۴؍ ڈرا ہوئے اور صرف ایک میں انہیںشکست ملی۔ازبکستان کے زوخیر سنجاروف اور امریکہ کے ویسلے سو۱۱؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ سنجاروف اس سال کی عالمی چمپئن شپ میں ہندوستان کے ڈی گوکیش کو چیلنج کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے: عالمی شہرت یافتہ پہلوان بروک لیسنر سبکدوش

فیصلہ اب۱۸؍ بلٹز میچوں میں کیا جائے گا

ٹورنامنٹ کا ریپڈ سیکشن اب ختم  ہو گیا ہے۔ تمام کھلاڑی اب ۱۸؍ بلٹز میچ کھیلیں گے جس کے بعد چمپئن کا فیصلہ کیا جائے گا۔۲؍ لاکھ ڈالر(تقریباً۱ء۶۷؍ کروڑ روپے) کے کل انعامی فنڈ کے ساتھ، اس ٹورنامنٹ کے فاتح کو۵۰؍ہزار ڈالر (تقریباً ۴۲؍ لاکھ ) کی رقم ملے گی۔واضح رہےکہ بلٹز میں ہر جیت ایک پوائنٹ دلاتی ہے ، لہٰذاسمجھا جارہا ہے کہ اپنی برتری برقرار رکھنا پرگنانندھا کیلئےآسان نہیں ہوگا۔

سنجاروف  اورکیمرسے سخت چیلنج درپیش ہوگا

۹،۹؍ پوائنٹس کے ساتھ امریکہ کے لیون آرونین، نیدرلینڈ کے لینیئر ڈومنگ ویز،نیدرلینڈز کے انیش گیری اور جرمنی کے ونسنٹ کیمر چوتھے نمبر پر ہیں۔ بلٹز فارمیٹ میں کیمر اور سنجاروف کو پرگنانندھا کیلئے سب سے بڑا چیلنج سمجھا جارہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے بعدکلاسیکل فارمیٹ کاباوقار سنک وے فیلڈ کپ کھیلا جائے گا۔

گرینڈ شطرنج ٹور کاایک اہم ٹورنامنٹ

سینٹ لوئس ریپڈ اینڈ بلٹز شطرنج کے گرینڈ ٹور کا حصہ ہے، جہاں دنیا کے کئی سرکردہ گرینڈ ماسٹرز شرکت کرتے ہیں۔ اس ٹائٹل کے ساتھ، پرگنانندھا نے بین الاقوامی سرکٹ پر ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK