Inquilab Logo

کرسٹیانو رونالڈو کی ہیٹ ٹرک، مانچسٹر یونائٹیڈ فتح کے ساتھ ۵؍ویں نمبرپر قابض

Updated: April 18, 2022, 1:49 PM IST | Agency | Manchester

انگلش پریمیر لیگ میں مانچسٹر یونائٹیڈ نے ناروچ سٹی کو ۲؍ کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی۔ آرسنل کی شکست سے یونائٹیڈ کوٹیبل پر فائدہ ہوا

Cristiano Ronaldo. Picture:INN
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر: آئی این این

: انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) میں مانچسٹر یونائٹیڈ نے سنیچر کو ہونے والے میچ میں ناروچ سٹی فٹبال کلب کو ۲؍ کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دےدی۔ اس میچ کی کامیابی میں کرسٹیانو رونالڈونے اہم رول ادا کیا اور انہوںنے یونائٹیڈ کی جانب سے سبھی ۳؍گول کئے۔اس فتح کے بعد مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم ۵؍ویں نمبر پر آگئی ہے اور اسے آرسنل فٹبال کلب کے ہارنے سے فائد ہ ہواہے۔ 
 مانچسٹر یونائٹیڈنے میچ کے آغاز ہی سے حریف ٹیم پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا اور ۷؍ویں منٹ میں اسے کامیابی ملی۔ اے ایلانگا کی مدد سے رونالڈو نے ٹیم کا پہلا گول کیا۔ یونائٹیڈ نے مسلسل ناروچ پر حملے جاری رکھے اور ۳۲؍ویں منٹ میں اسٹار کھلاڑی رونالڈو نے ایک گول داغ دیا۔پرتگالی کھلاڑی نے اے ٹیلاس کی مدد سے ٹیم کیلئے دوسرا گول کیا۔ ۲؍گول کھانے کے باوجود ناروچ ٹیم نے حوصلہ نہیں ہارا اور مسلسل کوشش جاری رکھی۔ فرسٹ ہاف کے انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں اسے کامیابی ملی اور اس کے کھلاڑی کے ڈوویل نے ٹی پُکی کی مدد سے ٹیم کا پہلاگول کرکے اسکور ۱۔۲؍ کردیا۔ 
 میچ کا دوسرا ہاف بہت دلچسپ رہا اور دونوں جانب سے زوردار حملوں کا کھیل دیکھنے کو ملا۔ دوسرے ہاف کے آغاز کے چند منٹ بعد ہی ناروچ نے میچ میںواپسی کرتےہوئے برابری کا گول کردیا۔ ٹی پُکی نے کے ڈوویل کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا اور یونائٹیڈ پر زبردست دباؤ ڈال دیا۔ لیکن اس بار یونائٹیڈ کی ٹیم نے دباؤ برداشت کیا اور بیک فُٹ پر جانے کی غلطی نہیں کی۔ میچ کے ۷۶؍ویں منٹ میں رونالڈو نے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے ناروچ کے خلاف  تیسرا گول کیاجس سے اسکور ۲۔۳؍ ہوگیا اور یہی اسکور میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ اس فتح کے ساتھ ہی یونائٹیڈ کو پورے ۳؍پوائنٹس ملے ہیں  اور اس نے آرسنل فٹبال کلب کو پیچھے کردیا ہے۔ اس وقت ای پی ایل کے ٹیبل پر یونائٹیڈ ۵؍ویں نمبر پر ہے۔ اس کے ۳۲؍میچوں میں ۵۴؍پوائنٹس ہیں۔ مانچسٹر سٹی ٹاپ پر ہے اور اس کے ۳۱؍میچوں میں ۷۴؍پوائنٹس ہیں۔ ایف اے کپ کے سیمی فائنل میں سٹی کو شکست دینے والی لیورپول ٹیم کے ۳۱؍میچوں میں ۷۳؍پوائنٹس ہیں اور وہ دوسرے نمبرپر موجود ہے۔ چیلسی تیسرے نمبرپر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK