Inquilab Logo

ڈیرین براوو نے کرکٹ سے ’دوری‘ اختیار کی!

Updated: November 27, 2023, 11:35 AM IST | Agency | Jamaica

گھریلو کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کے باوجود ویسٹ انڈیز ٹیم میں شامل نہ کئے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

Darren Bravo. Photo: INN
ڈیرین براوو۔ تصویر : آئی این این

طویل عرصے سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم سے باہر رہنے والے تجربہ کار بلے باز ڈیرین براوو نے اتوار کو بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرکٹ سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ گھریلو کرکٹ میں اچھی کارکردگی کے باوجود براوو کو انگلینڈ کے خلاف حال ہی میں اعلان کردہ یکروزہ سیریز کے لئے ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا۔اپنی قومی ٹیم کیلئے ۱۲۲؍ ون ڈے میچ کھیلتے ہوئے ڈیرن براوو نے ۳؍ ہزار ۱۰۹؍رن بنائے ہیں ۔ تاہم گزشتہ سال ہندوستان کے خلاف اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلنے والے اس بلے باز کو دوبارہ موقع نہیں ملا۔
  گھریلوکرکٹ میں ان کی حالیہ کارکردگی شاندار تھی اور اسی ٹورنامنٹ کی بنیاد پر شین ڈاؤرچ اور کجورن اوٹلے یکروزہ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے لیکن براوو کو نظر انداز کر دیا گیا۔ براوو نے سپر ۔۵۰؍ کپ میں ۹؍میچوں کی ۸؍ اننگز میں ۸۳ء۲۰؍ کےمتاثر کن اوسط سے ۴۱۶؍ رن بنائے اور وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز تھے۔ براوو نے ڈاؤرچ اور اوٹلے سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جنہیں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے ٹیم میں منتخب کیا گیا تھا لیکن سلیکٹرز نے انہیں منتخب نہیں کیا۔
 ڈیرین براوو نے انسٹاگرام پر قومی ٹیم کی جانب سے بار بار نظر انداز کئے جانے پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ سلیکٹرز کی جانب سے رابطے کی کمی نے انہیں `انتہائی تاریک جگہ پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے لکھا’’میں نے سوچنے کیلئے کچھ وقت لیا ہے کہ بحیثیت کرکٹر آگے بڑھنے کے لئے میرا اگلا قدم کیا ہو۔ میرے کریئر کے اس موڑ پر یہ آسان نہیں ہے۔ مجھے یہ کہنا چاہئے کہ میں نے اپنی صلاحیت کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے توانائی، جذبہ، عزم اور نظم و ضبط کو اکٹھا کرنا جاری رکھا تھا اور بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرنے کی پوزیشن میں خود کو تیار رکھا تھا۔ کسی بھی سطح پر رابطہ کئے بغیر مجھے اندھیرے میں چھوڑ دیا گیا ہے۔ اس وقت ۳؍ ٹیمیں متعدد فارمیٹ اور سیریز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہی ہیں ۔ یہ تقریباً ۴۰؍سے ۴۵؍ کھلاڑی ہیں اور اگر میں اپنے علاقائی ٹورنامنٹ میں رن بنانے کے بعد کسی ٹیم میں جگہ نہیں پا سکا تو یہ افسوسناک ہے۔‘‘
  ڈیرین براوو نے مزید کہا کہ ’’ میں ہمت نہیں ہار رہا ہوں لیکن میرا خیال ہے کہ مجھے کرکٹ سے کچھ دوری بنانی چاہئے اور نوجوان ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کے لئے کچھ جگہ بنانا بہتر ہے۔ میں سب کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے اپنی بات ختم کرتا ہوں۔‘‘ واضح رہے کہ بائیں ہاتھ کے بلے باز کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہوئے ہیں لیکن کہا کہ اب وہ کچھ عرصے کیلئے کرکٹ سے دور ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر ڈوین براوو نے بھی اپنے بھائی ڈیرین براوو کو منتخب نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ ٹیم مینجمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK