Inquilab Logo

گنگولی اور شاہ کے بارے میں فیصلہ ۲؍ہفتے بعد

Updated: July 24, 2020, 12:05 PM IST | Agency | New Delhi

داد ا بی سی سی آئی کے صدر بنے رہیں گے یا نہیں سپریم کورٹ کرےگا فیصلہ

Ganguly and Shah - PIC : INN
گنگولی اور شاہ ۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی)  کے آئین میں ترمیم کے معاملے پر ۲؍ ہفتوں بعد سپریم کورٹ سماعت کرے گی جس میں بی سی سی آئی کے دو عہدیداروں چیئرمین سورو گنگولی اور سیکریٹری جئے شاہ کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس سی اے بوبڈے اور ایل ناگیشور راؤ پر مشتمل بنچ بی سی سی آئی کی جانب سے اپنے آئین میں ترمیم کی درخواست پر سماعت کرنے پر راضی ہوگئی ہے۔ بی سی سی آئی نے یہ درخواست گنگولی اور شاہ کی مدت میں توسیع کے لئے دائر کی ہے۔ بنچ نے بورڈ کے ذریعہ دائر درخواست کی سماعت کے لئے ۲؍ ہفتوں کا وقت دیا ہے جس سے دونوں عہدیداروں کو مزید ۲؍ ہفتوں کے لئے لائف لائن مل گئی ہے۔
 گنگولی کی بی سی سی آئی کے صدر کی حیثیت سے مدت اس مہینے کے آخر میں ختم ہوگی اور ضابطے کے مطابق وہ اس عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے ہیں۔ شاہ کی سیکریٹری کی حیثیت سے میعاد ختم ہوچکی ہے لیکن وہ عہدے پر موجود ہیں۔ بی سی سی آئی نے گنگولی اور شاہ کے بالترتیب صدر اور سیکریٹری کی حیثیت سے مدت۲۰۲۵ء تک بڑھانے کی اپیل کی ہے۔بی سی سی آئی کی طرف سے ہندوستان کے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا پیش ہوئے جبکہ کپل سبل نے تمل ناڈو کرکٹ اسوسی ایشن اور ہریش سالوے نے ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے ریاستی انجمنوں کے لئے فنڈز جاری کرنے کے لئے درخواست داخل کی۔
 بی سی سی آئی نے گزشتہ ۲۱؍ اپریل کو اپنے پہلے سالانہ عام اجلاس میں آئین میں ترمیم کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ اس ترمیم میں بی سی سی آئی کے صدر اور سیکریٹری کے عہدے میں تبدیلی بھی شامل تھی۔ لودھا کمیٹی کے مطابق کوئی بھی شخص مسلسل ۲؍ میعاد پوری کرنے کے بعد ۳؍ سال کا کولنگ پیریڈ پورا کئے بغیر عہدے پر نہیں رہ سکتا۔بی سی سی آئی نے ۲؍ بار گنگولی اور شاہ کی مدت میں توسیع کے لئے درخواست دائر کی ہے۔ بی سی سی آئی نے اپنے آئین میں متعدد ترامیم کی تجویز پیش کی ہے جس میں سب سے اہم کولنگ آف پیریڈ ہے جس نے گنگولی کے دور کو متاثر کیا ہے۔
  ہندستانی ٹیم کے سابق کپتان گنگولی اور شاہ نے اکتوبر ۲۰۱۹ءمیں متفقہ طور پر منتخب ہونے کے بعد عہدے کا ذمہ سنبھالا تھا۔ دونوں اپنی اپنی ریاستی  تنظیموں میں طویل عرصے کام کرنے کے بعد بی سی سی آئی میں شامل ہوئے تھے۔ لودھا کمیٹی کی سفارشات کے بعد بی سی سی آئی کے نئے آئین کے مطابق افسر کی حیثیت سے ۶؍ سال خدمات انجام دینے کے بعد ۳؍ سال کا کولنگ پیریڈ کا اطلاق لازمی ہے۔
 آئینی طور پر گنگولی کے پاس صدر کی حیثیت سے اب ایک ہفتہ سے بھی کم وقت باقی ہے کیونکہ ان کی میعاد ۲۷؍جولائی کو ختم ہورہی ہے۔ شاہ کی میعاد پہلے ہی ختم ہو چکی تھی۔ گنگولی اس سے قبل بنگال کرکٹ اسوسی ایشن میں ایک عہدے پر فائز تھے جبکہ شاہ گجرات کرکٹ اسوسی ایشن میں جوائنٹ سیکریٹری تھے۔ اس لحاظ سے دونوں ۶؍ برسوں سے عہدیدار رہے ہیں۔
 دوسری جانب کرکٹ اسوسی ایشن آف بہار (سی اے بی) کے سیکریٹری اور آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ درخواست گزار آدتیہ ورما نے کہا ہے کہ جب کولنگ آف پیریڈ کو ہٹانے کے معاملے کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی تو گنگولی اور شاہ کا وکیل اس کی مخالفت نہیں کرے گا۔۲۰۱۳ءکے اسپاٹ فکسنگ کیس میں آدتیہ اصل درخواست گزار ہیں۔ اس کے بعد لودھا پینل کی تشکیل سپریم کورٹ نے کی جس کی سفارشات پر بی سی سی آئی کے تشکیل میں بہت بڑی تبدیلیاں کی گئیں۔ آدتیہ کا کہنا ہے کہ استحکام کے لئے گنگولی اور شاہ کو بورڈ پر رہنا ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK