Inquilab Logo

محمد سراج نے جدوجہد کے دنوں کو یاد کیا

Updated: March 14, 2024, 1:10 PM IST | Mumbai

بی سی سی آئی نے تیز گیندباز کے جنم دن کے موقع پر ویڈیو شیئر کیا۔ سراج نے اپنے آبائی شہر کی سیر بھی کروائی۔

Indian team fast bowler Muhammed Siraj. Photo: INN
ہندوستانی ٹیم کے تیز گیند باز محمد سراج۔ تصویر: آئی این این

محمد سراج جو آج کامیاب ہندوستانی تیز گیندباز ہیں، ان کے پیچھے بہت سی جدوجہد چھپی ہوئی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ محمد سراج کی سالگرہ کے موقع پر بی سی سی آئی نے ایک خاص ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں بولر اپنی جدوجہد کے دنوں کو یاد کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں سراج کو اپنے آبائی شہر میں سیر کرتے ہوئے اور ان جگہوں کا دورہ کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے جہاں وہ اپنی جدوجہد کے دنوں میں جاتے تھے۔ اس ویڈیو میں ٹیم انڈیا کے تیز گیندبازسراج نے یہ بھی بتایا کہ ان کی بولنگ کتنی تیز ہے۔ 
اپنی جدوجہد کی کہانی بتاتے ہوئے محمد سراج نے کہا کہ انہوں نے ٹینس بال سے کھیل کر اپنی گیندبازی کی رفتار میں اضافہ کیا ہے۔ اس ویڈیو پر مداحوں کی جانب سے کافی ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ سراج نے گفتگو میں یہ انکشاف بھی کیا کہ جب وہ جدوجہد کر رہے تھے تو وہ کیٹرنگ کا کام بھی کرتے تھے۔ اس دوران وہ رومالی روٹی خود بناتے تھے۔ رومالی روٹی بناتے وقت ان کے ہاتھ کئی بار جل گئے تھے۔ اس ویڈیو میں سراج اپنے پرانے دوستوں سے بھی ملتے نظر آ رہے ہیں۔ ان کے دوست سراج سے مل کر بہت خوش ہیں۔ ۱۳؍ مارچ۱۹۹۴ء کو حیدرآباد میں پیدا ہوئے سراج کے والد آٹو چلاتے تھے، ان کی والدہ خاتون خانہ ہیں۔ محمد سراج نے ان مقامات کی بھی سیر کروائی جہاں انہوں نے کرکٹ کھیلنے سیکھا تھا۔ ویڈیو میں انہو ں نے اس میدان کو بھی دکھایا جہاں انہوں نے ٹینس گیند سے کرکٹ کھیلنا سیکھا تھا اور اپنی رفتار کو تیز کیا تھا۔ 
اپنے پہلے ٹیسٹ سے قبل ہی سراج کے والد کا انتقال ہوگیاتھا۔ ویڈیو میں سراج اپنے والد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کافی جذباتی بھی نظر آرہے ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ گلی کوچوں میں ٹینس بال کھیل کر ٹیم انڈیا کیلئے کھیلنا بڑی بات ہے، سراج نے یہ کمال کر دکھایا ہے۔ سراج ون ڈے میں دنیا کے نمبر ون بولر بھی بن گئے۔ تیز گیندبازسراج نے ۲۰۱۷ء میں بین الاقوامی کرکٹ میں آغاز کیا۔ سراج نے اب تک ہندوستان کیلئے ۲۷؍ ٹیسٹ، ۴۱؍ ون ڈے اور ۱۰؍ ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں۔ مجموعی طور پر اب تک سراج بین الاقوامی کرکٹ میں ۱۵۴؍ وکٹ لے چکے ہیں۔ 
آئی پی ایل ۲۰۲۴ء کی نیلامی میں سراج کو آر سی بی نے۷؍ کروڑ روپے کی قیمت پر ٹیم میں برقرار رکھا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ بی سی سی آئی کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ کنٹریکٹ لسٹ میں سراج کو گریڈ اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK