Inquilab Logo

دھونی اور چنئی نے خود کو سپرکنگز ثابت کردیا

Updated: May 31, 2023, 11:48 AM IST | Ahmedabad

بارش سے متاثر آئی پی ایل کے فائنل میں گجرات ٹائٹنس کو ۵؍وکٹ سے روند دیا۔ڈیون کونوے مین آف دی میچ رہے

photo;INN
تصویر :آئی این این

 دو دن کے طویل انتظار کے بعد،دھونی کی ٹیم چنئی سپر کنگز نے احمد آباد کے بارش سے متاثرہ مقابلے میں  دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنس کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے پیر اور منگل کی درمیانی شب کے بعد ریکارڈ ۵؍ویں مرتبہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا خطاب  اپنے نام کیا۔ 
 بائیں ہاتھ کے نوجوان بلے باز سائی سدرشن (۴۷؍ گیندوں،۹۶؍ رن) نے چنئی کے سامنے۲۱۵؍ رن کا بڑا ہدف دیا، جسے بارش کی وجہ سے۱۵؍ اوورس میں۱۷۱؍ رن تک محدود کر دیا گیا۔ چنئی نے بلے بازوں کی مشترکہ جرأت مندانہ کوششوں سے یہ ہدف آخری گیند پر حاصل کر لیا اور ۵؍وکٹ  سے جیت لیا۔ سدرشن نے بھلے ہی آئی پی ایل فائنل میں سنچری بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں اپنا نام درج نہ کروایا ہو لیکن انہوں نے۴۷؍ گیندوں پر۸؍ چوکوں اور ۶؍ چھکوں کی مدد سے۹۶؍ رن بنا کر گجرات کو فائنل کے سب سے بڑے اسکور تک پہنچا دیا۔
 دھونی کی ٹیم  چنئی سپر کنگز کیلئے  یہ ایک مشکل ہدف تھالیکن ناممکن نہیں تھا۔ جوش و خروش سے بھری رات میں طویل لڑائی کے بعد آخری ۲؍ گیندوں پر۱۰؍ رن درکار تھے۔ رویندر جڈیجا نے پہلی گیند پر چھکا اور دوسری گیند پر چوکا لگا کر چنئی کو فتح دلائی۔ یہ چنئی کا ۵؍واں آئی پی ایل ٹائٹل ہے اور اس نے سب سے زیادہ آئی پی ایل جیتنے کے معاملے میں ممبئی انڈینس کی برابری کر لی ہے۔ ان دونوں ٹیموں کے بعد صرف کولکاتا نائٹ رائیڈرس (۲) نے یہ ٹورنامنٹ ایک سے زیادہ بار جیتا ہے۔پیر کو   بارش سے متاثرہ ٹائٹل میچ میں گجرات  نےبائیں ہاتھ کے نوجوان بلے باز سائی سدرشن کی شاندار اننگز کی بدولت   چنئی کے سامنے۲۱۵؍ رن کا بڑا ہدف دیا، جو بارش کی وجہ سے۱۵؍ اوورس میں۱۷۱؍ رن کردیا گیا۔ چنئی نے بلے بازوں کی  ذمہ دارانہ اننگز سے یہ ہدف آخری گیند پر میں حاصل کر لیا اور ۵؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی ۔ فائنل میں ڈیون کونوے کو مین آف دی میچ منتخب کیا گیا جنہوں نے ٹیم کیلئے اچھی شروعات کی تھی۔ انہوںنے ۲۵؍ گیندوں پر ۴۷؍ رن بناکر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تھا۔ 

یہ جیت ایم ایس دھونی کی قسمت میں لکھی تھی: ہاردک پانڈیا

گجرات ٹائٹنس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے منگل کو کہا کہ وہ آئی پی ایل فائنل میں چنئی سپرکنگز سے شکست پانے کے بعد اپنے استاد اور حریف کپتان مہندر سنگھ دھونی کیلئے بے حد خوش ہیں اور یہ جیت ان کی قسمت میں لکھی ہوئی تھی۔ پانڈیا نے کہا’’میں ان (دھونی) کیلئے بہت خوش ہوں۔ تقدیر نے ان کیلئے یہی لکھا تھا۔‘‘
  منگل کو اوائل میں بارش سے متاثر فائنل میں چنئی۱۵؍ اوورس میں۱۷۱؍رن کا تعاقب کر رہی تھی اور اسے آخری ۲؍ گیندوں پر۱۰؍ رن درکار تھے۔ پورے سیزن میں مایوس کن فارم سے گزرنے والے رویندر جڈیجا نےان ۲؍ گیندوں پر ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر چنئی کو سنسنی خیز جیت دلا دی۔ گزشتہ برس گجرات کو چمپئن بنانے والے پانڈیا نے کہاکہ ’’اگر مجھے ہارنا ہی تھا تو مجھے دھونی سے ہارنے میں کوئی پریشانی نہیں ہے۔ اچھی چیزیں اچھے لوگوں کے ساتھ ہوتی ہیں اور وہ سب سے اچھے لوگوں میں سے ایک ہے جنہیں میں جانتا ہوں۔ بھگوان مہربان رہا ہے، بھگوان مجھ پر مہربان رہا ہے، لیکن آج  ان کی رات تھی۔‘‘
 ایم ایس دھونی نے اب تک اگلے سال آئی پی ایل میں کھیلنے سے انکار نہیں کیا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ یہ جسمانی حالت پر منحصر ہوگا۔ہاردک پانڈیا نے کہاکہ ’’ہم بہت سارے منصوبے بناتے ہیں اور اپنے دل سے کھیلتے ہیں۔ ہم ہمیشہ ایک ایسی ٹیم رہے ہیں جو ایک ساتھ کھڑی رہی اور کبھی ہمت نہیں ہاری۔ ہم ایک ساتھ جیتتے ہیں اور ہم ایک ساتھ ہارتے ہیں۔ میں بہانے بنانے والوں میں سے نہیں ہوں۔ چنئی نے بہتر کرکٹ کھیلا۔ پانڈیا نے۲۱؍ سالہ سائی سدرشن کی بھی تعریف کی جنہوں  نے پہلی اننگز میں گجرات کو ۲۱۴؍رن تک لے جانے کیلئے شاندار نصف سنچری بنائی۔ سدرشن آئی پی ایل فائنل میں سنچری نہیں بناسکے۔

ms dhoni Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK