Inquilab Logo

یوروکپ میں انگلینڈ کی کروشیا پر فتح

Updated: June 14, 2021, 8:08 AM IST | London

انگلینڈ کی ٹیم نے صفر۔ ایک سے کامیابی حاصل کرلی۔ انگلینڈ کیلئے یوروکپ کے میچ میں رحیم اسٹرلنگ نے واحد گول کیا

England`s Rahim Sterling can be seen after scoring a goal.Picture:PTI
انگلینڈ کے کھلاڑی رحیم اسٹرلنگ گول کرنے کے بعد دیکھے جاسکتے ہیں تصویرپی ٹی آئی

:یہاں کے ویمبلی اسٹیڈیم میں اتوار کو انگلینڈ کی ٹیم نے یوروکپ ۲۰۲۰ء کی اپنی مہم کاآغاز فاتحانہ انداز میں کیا اور کروشیا کو صفر۔ ایک سے شکست دےدی۔  اس میچ میں واحد گول مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کیلئے کھیلنے  والے رحیم اسٹرلنگ نے کیا اور اپنی ٹیم کو فاتح  بنادیا۔ اس فتح سے انگلینڈ کی ٹیم کو ۳؍پوائنٹس ملے اور وہ گروپ ڈی میں ٹاپ پر ہے۔ خیال رہے کہ انگلینڈ کو ۱۰؍ویں کوشش میں یوروکپ کے اپنے اوپننگ میچ میں کامیابی ملی ہے۔ اس سے قبل وہ ۹؍مرتبہ اپنے اوپننگ میچ جیتنے میں ناکام رہا تھا۔ 
 میچ کا پہلا ہاف بغیر گول کے ختم ہوا اور ایسا لگ رہا تھا کہ دوسرا ہاف بھی ایسے ہی ختم ہوجائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے آگے بڑھ کر حملے شروع کردئیے جس کی وجہ سے کروشیائی ٹیم بیک  فُٹ پر آگئی۔ دوسرے ہاف کے ۱۰؍ منٹ گزر جانے کے بعد انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کے خلاف موقع بنانا شروع کردیا۔ کیون فلپس نے ۵۷؍ویں منٹ میں ایک اچھا موقع بنایا اور بہترین سیدھا پاس رحیم اسٹرلنگ کو دیا۔ مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی نے بھی کوئی غلطی نہ کرتے ہوئے کروشیا ئی گول میں گیندڈال دی۔ اس گول سے اسکور صفر۔ ایک رہا۔ اس کے بعد ورلڈ کپ ۲۰۱۸ء کی رنر اپ ٹیم کروشیا برابری کا گول کرنے کیلئے جدوجہد کرتی رہی لیکن اس کی سبھی تدبیریں ناکام ثابت ہوئیں اور اتواکو انگلینڈ نے میچ صفر۔ ایک  کے اسکور سے جیت  لیا۔ میچ کے بعد انگلینڈ کے کوچ گیریتھ  ساؤتھ گیٹ خوش نظر آئے کیونکہ انہوں نے  ایک اچھی ٹیم میدان پر اتاری جس میں نوجوان اور تجربہ کار دونوں طرح کے کھلاڑی تھے۔ اس فتح سے انگلینڈ کو ۳؍پوائنٹس ملے ہیں۔ 
 میچ کے پہلے ہا ف میں دونوں جانب سے گول کرنے کیلئے بہت زیادہ کوششیں ہوئیں لیکن کامیابی کسی کو نہیں ملی۔ میچ کے پہلے ہاف میں کروشیا ئی کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز دکھایا لیکن اس کا اسے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اس دوران کروشیا کے ایک کھلاڑی ڈویے کلیٹا کار کو ریفری نے ۴۲؍ویں منٹ میں یلوکارڈ دکھایا اور متنبہ کیا ۔ پہلا ہاف بغیر گول کے ختم ہوا۔ 
بلجیم نے روس کو صفر۔۳؍ سے شکست دے دی
 سنیچر کی دیر رات ہونے والے میچ میں بلجیم کی ٹیم نے  روس کو یوروکپ کے اپنے پہلے میچ میں صفر۔۳؍ سے شکست دے دی۔ اس میچ کے اسٹار انٹرمیلان فٹبال کلب کیلئے کھیلنے والے رومیلو لوکاکو نے ۲؍گول کئے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ رومیلولوکاکو نے پہلا گول ۱۰؍ویں منٹ میں کیا اور ان کی مدد ڈرائس مارٹینس نے کی۔ ۳۴؍ویں منٹ میں بلجیم کی جانب  سے تھامس میونیور نے ٹیم کا دوسرا گول کیا اور اسکور صفر۔۲؍ کر دیا۔میچ کے آخری لمحات میں رومیلو لوکاکونے ایک اور گول کر کے ٹیم کی برتری کو صفر۔۳؍ کردیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد تھامس میونیور نے کی۔ میچ کے فُل ٹائم تک اسکور صفر۔۳؍ رہا اور بلجیم نے گروپ بی کے پوائنٹ ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ اس فتح سے بلجیم کی ٹیم کو ۳؍پوائنٹس ملے ۔ اس میچ میں بلجیم کی ٹیم نے کوئی گول نہیں کھایا۔   

euro cup Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK