Inquilab Logo

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم انڈیا کااعلان

Updated: May 01, 2024, 11:22 AM IST | Agency | New Delhi

روہت شرما کمان سنبھالیں گے۔ ہاردک پانڈیا کو نائب کپتان بنایا گیا۔ کے ایل راہل پر سنجو سیمسن کو ترجیح دی گئی۔

Team India. Photo: INN
ٹیم انڈیا۔ تصویر : آئی این این

 امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے ۱۵؍ رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی سینئر سلیکشن کمیٹی نے منگل کو آئندہ آئی سی سی مینز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۴ء کیلئے ہندوستان کے۱۵؍ رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ 
 پچھلی بار ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں ناکام رہنے والے یزویندر چہل کی اس بار ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے آئی پی ایل ۲۰۲۴ء میں اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور۹؍ میچوں میں ۱۳؍ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ اس کے علاوہ آئی پی ایل۲۰۲۴ء میں رن بنانے والے سنجو سیمسن کو بھی امریکہ میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کے لئے ہندوستان کی ۱۵؍ رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ سنجو نے بھی آئی پی ایل میں اب تک کھیلے گئے ۹؍ میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ۷۷ء۰۰؍ کے اوسط اور ۱۶۱ء۰۹؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۳۸۵؍ رن بنائے ہیں۔ سنجو سیمسن نے راجستھان رائلز کی بہترانداز میں کپتانی بھی کی ہے۔ 
 اس کے ساتھ ہی آئی پی ایل میں لوٹنے والے رشبھ پنت کو بھی ٹیم میں اہم وکٹ کیپر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے اور بیک اپ وکٹ کیپر کے طور پر کے ایل راہل کی جگہ سنجو سیمسن کو ترجیح دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شیوم دوبے کو بھی۱۵؍ رکنی ہندوستانی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ دوبے نے آئی پی ایل۲۰۲۴ء میں اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنے بلے سے کافی دھوم مچائی ہے جس کا نتیجہ نکلا ہے۔ 
 وراٹ کوہلی کے ساتھ یشسوی جیسوال کو ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ سوریہ کمار یادو کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رشبھ پنت اور سنجو سیمسن دونوں کو وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ شیوم دوبے، رویندر جڈیجا اور اکشر پٹیل آل راؤنڈر کے طور پر نظر آئیں گے۔ 
 گیند بازوں میں کلدیپ یادو اور یزویندر چہل کی جوڑی ایک بار پھر میدان میں نظر آئے گی جبکہ موثر ارشدیپ سنگھ کو موقع دیا گیا ہے۔ جسپریت بمراہ کے ساتھ محمد سراج بھی تیز گیند بازوں میں نظر آئیں گے۔ محمد سمیع کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے کیونکہ وہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ شبھمن گل، رنکو سنگھ، خلیل احمد اور اویس خان کو ریزرو کے طور پر رکھا گیا ہے۔ 
 بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ اور اجیت اگرکر کی قیادت میں سلیکشن پینل کے درمیان احمد آباد میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں یکم جون سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے ۱۵؍ کھلاڑیوں کے اسکواڈ کے انتخاب کا فیصلہ کیا گیا۔ تمام ٹیموں کو اپنی ٹیم کے ۱۵؍ کھلاڑیوں کی فہرست یکم مئی تک آئی سی سی کو جمع کرانی ہوگی۔ 
 ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم: روہت شرما (کپتان)، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے، رویندر جڈیجا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، یزویندر چہل، ارشدیپ سنگھ، جسپریت بمراہ اور محمد سراج۔ ریزروکھلاڑی : شبھمن گل، رنکو سنگھ، خلیل احمد اور اویس خان۔ 
 ہندوستان اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز۵؍ جون کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آئرلینڈ کے خلاف کرے گا۔ پاکستان کا مقابلہ اسی اسٹیڈیم میں ۹؍جون کو ہوگا۔ اس کے بعد ہندوستان کا مقابلہ۱۲؍ جون کو امریکہ اور۱۵؍ جون کو کنیڈا سے ہوگا۔ 

ہندوستان کا شیڈول 
۵؍جون: ہندوستان بمقابلہ آئرلینڈ، ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، نیویارک۔
۹؍جون: ہندوستان بمقابلہ پاکستان، ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، نیویارک۔
۱۲؍ جون: امریکہ بمقابلہ ہندوستان، ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، نیویارک۔
۱۵؍ جون: ہندوستان بمقابلہ کنیڈا، سینٹرل بروورڈ پارک اور بروورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم، لاڈر ہل۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK