• Sat, 07 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ای پی ایل : ۲؍پوائنٹس کے فرق سے مانچسٹر سٹی چمپئن اور آرسنل مایوس

Updated: May 21, 2024, 1:11 PM IST | Inquilab News Network | Manchester

پریمیر لیگ کے فائنل میچ راؤنڈ میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے آرسنل پر ۲؍پوائنٹس کی سبقت کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ آرسنل کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) کا یہ سیزن بھی دلچسپ رہا۔ اتوار کو فائنل میچ ڈے کے موقع پر مانچسٹر سٹی فٹبال کلب اور آرسنل دونوں نے زبردست مقابلہ کیا اورمیچ جیتنے میں کامیاب رہے لیکن پوائنٹ ٹیبل پر سٹی کی ٹیم ٹاپ پر رہی اور آرسنل دوسرے نمبر پررہا۔ ۲؍پوائنٹس کے ساتھ سٹی کلب چمپئن بن گیا اور آرسنل کے ہاتھ مایوسی لگی۔ مانچسٹر سٹی کلب نے اتوار کو انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) ۲۴۔ ۲۰۲۳ءکا خطاب جیت لیا۔ سٹی نے مجموعی طور پر ۸؍ویں بار ای پی ایل ٹائٹل ٹرافی جیتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ لگاتار چوتھی بار ہے کہ مانچسٹر سٹی انگلش پریمیر لیگ کی چمپئن بنی ہے۔ اس کے ساتھ یہ انگلش پریمیر لیگ کا خطاب لگاتار چار بار جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل مانچسٹر یونائٹیڈ نے لگاتار ۳؍ بار انگلش پریمیر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ سٹی کے ۹۱؍پوائنٹس رہے اور آرسنل کے ۸۹؍پوائنٹس تھے۔ 
مانچسٹر سٹی کی جیت کے ہیرو فل فوڈین تھے
 فائنل میچ میں مانچسٹر سٹی نے ویسٹ ہیم کے خلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کیلئے مشہور ہے۔ فل فوڈین نے میچ کے دوسرے ہی منٹ میں گول کر کے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ فل فوڈین نے ۲۰؍ منٹ کے اندر ۲؍ گول کر کے اپنی ٹیم کو۰۔ ۲؍ کی برتری دلا دی۔ اس کے بعد محمد قدوس نے ویسٹ ہیم کی جانب سے ایک گول کیا جو ٹیم کی واپسی کیلئے کافی نہیں تھا۔ اس کے بعد روڈری نے گول کر کے مین سٹی کو۱۔ ۳؍گول کی برتری دلا دی جس کی بدولت مانچسٹر سٹی مسلسل چوتھی بار چمپئن بننے میں کامیاب ہو گئی۔ 
آرسنل ایک بار پھر خطاب سے محروم 
 مانچسٹر سٹی نے انگلش پریمیر لیگ کا آٹھواں ٹائٹل جیت لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ مانچسٹر سٹی کا گزشتہ ۷؍ سیزن میں چھٹا پریمیر لیگ ٹائٹل ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ مانچسٹر سٹی۹۱؍ پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ آرسنل۸۹؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ آرسنل نے ایورٹن کو۱۔ ۲؍ سے ہرا کر دن کا آغاز کیا۔ آرسنل جس نے۲۰۰۴ء سے پریمیر لیگ کا ٹائٹل نہیں جیتا تھا، ایک بار پھر ٹرافی جیتنے سے محروم رہا۔ وہ مسلسل دوسری مرتبہ دوسرے نمبر پر رہا۔ دوسری جانب یورگین کلوپ نے لیور پول کے کوچ کی حیثیت سے اپنا آخری میچ کھیلا اور ٹیم نے انہیں فتح کے ساتھ الوداع کیا۔ لیورپول نے اپنے آخری میچ میں وولوز کو۰۔ ۲؍گول سے شکست دی۔ 
چمپئن لیگ کیلئے کوالیفائی ہونے والی ٹیمیں 
 انگلش پریمیر لیگ میں چمپئن لیگ کی جانب سے کوالیفائی ہونے والی ٹیموں میں مانچسٹر سٹی، آرسنل، لیورپول اور ایسٹن ولا کانام شامل ہے۔ یہ چاروں ٹیموں نے چمپئن لیگ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیاہے۔ ٹوٹنہم ہاٹسپر فٹبال کلب کی ٹیم نے یوروپا لیگ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیاہے۔ چیلسی فٹبال کلب نے چھٹی پوزیشن پر رہتے ہوئے یوروپا کانفرنس لیگ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ 
لیگ سے ۳؍ٹیمیں باہر ہوئیں 
 انگلش پریمیر لیگ میں لیوٹن ٹاؤن، برنلے اور شیفیلڈ یونائٹیڈ کی وہ ٹیمیں ہیں جو اگلے سیزن میں اس لیگ میں نظر نہیں آئیں گی۔ لیوٹن ٹاؤن کی ٹیم ۲۶؍ پوائنٹس کے ساتھ ۱۸؍ویں، برنلے کی ٹیم ۲۴؍ پوائنٹس کے ساتھ ۱۹؍ ویں اور شیفیلڈ یونائٹیڈ ۱۶؍  پوائنٹس کے ساتھ ۲۰؍ویں نمبرپر رہی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK