Inquilab Logo

ای پی ایل:یونائٹیڈ، چیلسی اور لیسسٹرآج مہم کاآغاز کرنے کیلئے تیار

Updated: August 14, 2021, 1:02 PM IST | Agency | Manchester

یونائٹیڈ کی ٹکر لیڈس کلب سے ہوگی۔ چیلسی کی ٹیم کرسٹل پیلس سے مقابلہ کرے گی۔ لیسسٹر سٹی کا مقابلہ والوو سے ہوگا۔سبھی ٹیمیں فتح کیلئے کوشش کریں گی

 Paul Pogba of Manchester United.Picture:INN
مانچسٹر یونائٹیڈ کے پال پوگبا ۔تصویر :آئی این این

جمعہ کی دیر رات برینٹفورڈ اور آرسنل کے میچ سے انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) کے نئے سیزن کا آغاز ہوچکا ہے ۔ سنیچر کو مانچسٹر یونائٹیڈ ، چیلسی اور لیسسٹر سٹی فٹبال کلب اپنی اپنی مہم کا آغاز جیت کے ساتھ کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔ 
مانچسٹر یونائٹیڈ کا لیڈس سے مقابلہ 
 مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم سنیچر کو لیڈس فٹبال کلب سے مقابلہ کرے گی۔ یہ میچ اولڈ ٹریفورڈ کے میدان پر ہوگا۔یونائٹیڈ نے سیزن شروع ہونے سے قبل رافا مارٹینیز کی ٹیم ایورٹن کو دوستانہ میچ میں صفر۔۴؍ سے شکست دی تھی۔ اس وقت یونائٹیڈ کے حوصلے بلند ہیں اور اس کے پاس اسٹار کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے جن میں پال پوگبا، برونو فرنانڈیس، میسن گرین ووڈ  اور ہیری ماگیرے کا نام قابل ذکر ہے۔ دوسری طرف لیڈس کا دوستانہ مقابلہ ویلا ریئل سے ۲۔۲؍ سے ڈرا ہوا تھا۔ اس کے پاس اسٹار کھلاڑی تو نہیں ہیں لیکن اس نے گزشتہ سیزن میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا تھا۔یونائٹیڈ او رلیڈس کے درمیان ۱۰۹؍میچ ہوئے ہیں اور جیت کے معاملے میں یونائٹیڈ کو سبقت حاصل ہے۔ اس نے ۴۷؍میچ جیتے ہیں۔ ۲۶؍میچ میں شکست ہوئی ہے اور ۳۶؍میچ ڈرا ہوئے ہیں۔ 
چیلسی کا کرسٹل پیلس سے مقابلہ 
 چیلسی فٹبال کلب ای پی ایل میں اپنی مہم کا آغاز کرسٹل پیلس کے خلاف سنیچر کو کرے گا۔ حال ہی میں چیلسی نے یوئیفا سپر کپ جیت کر اچھے اشارے دیئے ہیں۔ اس کے پاس حکیم زیاش جیسا نوجوان کھلاڑی ہے جو گول کرنے میں پیش پیش رہتا ہے۔ دوسری طرف دوستانہ میچ میں کرسٹل پیلس نے ویٹفورڈ کو ۱۔۳؍ سے شکست دے دی تھی۔ پیلس کے پاس ولفریڈ زاہا اور کرسچین بینٹیک ہیں جو اچھے فارم میں ہوں تو حریف ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں۔ چیلسی اور پیلس کے درمیان اب تک ۱۶؍میچ ہوئے ہیں اور اولذکرٹیم  نے ۱۲؍میچ جیتے ہیں جبکہ اسے ۴؍ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان دونوں کلبوںنے امسال ای پی ایل میں ایک دوسرے  کا سامنا کیا تھا جس میں چیلسی نے پیلس کو ایک۔۴؍ سے روند دیا تھا۔ چیلسی اس وقت چمپئن لیگ کا چمپئن بھی ہے۔ 
لیسسٹر سٹی بمقابلہ والوو 
 ای پی ایل کے گزشتہ سیزن میں لیسسٹر سٹی نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور حال ہی میں اس نے کمیونیٹی شیلڈ کے میچ میں لیگ کے چمپئن مانچسٹر سٹی کو شکست دے کر سیزن کی اچھی شروعات کا اشارہ دیا ہے۔ سنیچر کو لیسسٹر کا مقابلہ والورہیمپٹن وانڈیررس (والوو ) کیخلاف ہوگا۔ ان دونوں کے پاس اچھے کھلاڑیوں کی اچھی خاصی تعداد ہے۔ والوو نے گزشتہ سیزن میں ۱۳؍ویں پوزیشن حاصل کی تھی اور اس میچ میں کامیابی کے ساتھ اچھا آغاز کرنا چاہے گی۔ دوسری طرف لیسسٹر سٹی نے یوئیفا چمپئن لیگ کے کوالیفکیشن کا موقع گنوا دیا تھا اور وہ روز اول سے چمپئن لیگ کے اگلے سیزن میں داخل ہونے کیلئے کوشش کرے گی۔   والوو اور لیسسٹر سٹی کے درمیان ۱۱۷؍ میچ ہوئے ہیں اور والوو نے ۴۳؍ میچ جیتے ہیں۔ دوسری طرف لیسسٹر سٹی نے ۳۹؍ میچوںمیں کامیابی پائی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK