Inquilab Logo

یوروکپ : انگلینڈ نے یوکرین کو چاروں شانے چِت کردیا

Updated: July 05, 2021, 3:33 PM IST | Agency | Rome

سیمی فائنل میں انگلینڈنے یوکرین کو صفر۔۴؍سے شکست دے دی۔ ۲۵؍سال کے بعد آخری ۴؍میں پہنچا۔ ٹورنامنٹ میں کلین شیٹ رہنے کا ریکارڈ بنادیا

Harry Kane.Picture:INN
کپتان ہیری کین ہیڈر سے گول کررہے ہیں۔تصویر :آئی این این

یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے یوکرین کو صفر۔۴؍ سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ انگلینڈ نے۲۵؍ سال کے  بعد یورو کپ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ انگلینڈ کی جانب سے انگلش کپتان ہیری کین نے ۲؍گول اسکور کئے جبکہ ہیری ماگیرے اور جارڈن ہینڈرسن نے ایک، ایک گول کیا۔اس میچ میں بھی انگلینڈ کی ٹیم کلین شیٹ یعنی اس نے کوئی گول نہیں کھایا۔ اس طرح اس نے ٹورنامنٹ میں ۷؍میچوں تک کلین شیٹ رہنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔ اب سیمی فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ ڈنمارک کی ٹیم سے ہوگا اور یہ میچ اس کے گھریلو میدان لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں اسے گھریلو شائقین کا سپورٹ ملنے کی پوری امید ہے۔انگلینڈکے کھلاڑیوں نے روم کے اولمپیکو اسٹیڈیو میں زبردست کارکردگی کامظاہرہ کیا تھا۔  انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے میچ کے آغاز ہی میں پہلا گول کردیا۔ میچ کے چوتھے منٹ میں انہوںنے رحیم اسٹرلنگ کے پاس کو گول میں تبدیل کرکے اسکور صفر۔ ایک کردیا۔ یہ گول ہونے کے بعد یوکرین کے دفاعی کھلاڑیوں نے اپنے دفاع کو مضبوط کیا اور پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی اور گول نہیں ہونے دیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں انگلینڈ نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے یوکرین کی ٹیم کے دفاع کو کمزور ثابت کردیا۔ لیوک شا کی مدد سے انگلینڈ کے نوجوان کھلاڑی  ہیری ماگیرے نے ایک اور گول کرکے اسکور صفر۔۲؍  کردیا۔ یہ گول ۴۶؍ویں منٹ میں ہوا اور اس کے ۴؍منٹ بعد ہی انگلینڈ نے ایک اور گول کردیا۔ ۵۰؍ویں منٹ میں لیوک شا کے پاس  پر انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے حریف ٹیم کے خلاف شاندار گول کرکے اسکور صفر۔۳؍ کردیا اور یوکرین کی جیتنے کی امید کو تقریباً ختم کردیا۔ ۶۳؍ویں منٹ میں  لیورپول فٹبال کلب کی جانب سے کھیلنے والے جارڈن ہینڈرسن نے میسن ماؤنٹ کی مدد سے ٹیم کا چوتھا گول کیا اور اسکور صفر۔۴؍کردیا۔ یوکرین کی ٹیم پورے میچ میں گول کرنے کی صرف کوشش کرتی رہی اور میچ کا اختتام صفر۔ ۴؍ کے اسکور پر ہوا۔  میچ کے بعد انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے کہاکہ ہم صحیح سمت میں سفرکررہے ہیں  اور اب سیمی فائنل پر توجہ مرکوز ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK