• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈونالڈ اور سالٹ کی طوفانی اننگز، انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ۸؍وکٹ سے مات دی

Updated: November 24, 2026, 9:03 PM IST | London

اینیورین ڈونالڈ کی ۳۲؍ گیندوں پر ۸۵؍ رن کی طوفانی اننگز اور فل سالٹ کے ۳۰؍ گیندوں پر۵۸؍ رن کی بدولت انگلینڈ نے منگل کو کارارا اوول میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں آسٹریلیا کو ۸؍ وکٹ سے شکست دے دی۔

England Players.Photo:X
انگلینڈ کے کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

 اینیورین ڈونالڈ کی ۳۲؍ گیندوں پر ۸۵؍ رن کی طوفانی اننگز اور فل سالٹ کے ۳۰؍ گیندوں پر۵۸؍ رن کی بدولت انگلینڈ نے منگل کو کارارا اوول میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں آسٹریلیا کو ۸؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ انگلینڈ نے ۱۸۵؍ رن کا ہدف محض ۱ء۱۳؍ اوور میں ۲؍ وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا اور پانچ میچوں کی سیریز ۱۔۱؍ سے برابر کردی۔


ڈونالڈ نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اختیار کیا اور صرف ۱۸؍ گیندوں میں نصف سنچری مکمل کرلی۔ یہ مردوں کے ٹی ۲۰؍ کرکٹ میں کسی انگلش بلے باز کی جانب سے مشترکہ طور پر تیسری تیز ترین نصف سنچری ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ابتدائی دو اوور میں صرف ۱۱؍ رن بنے تھے، جس کے بعد ڈونلڈ نے جیک ایڈورڈز کے خلاف جارحانہ رخ اپناتے ہوئے ایک چوکا اور دو چھکے لگائے۔ پانچویں اوور میں انہوں نے نکھل چودھری کی گیندوں پر دو چھکے اور دو چوکے لگا کر مجموعی طور پر ۲۶؍ رن بٹورے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں آٹھ چوکے اور چھ چھکے لگائے، جبکہ ان کے سلگ سویپ شاٹس خاصے مؤثر ثابت ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے:اسرائیلی حریف سے ہاتھ ملانے سے انکار، بیت اللہ ماجدنے ایک سیکنڈ میں مقابلہ جیت لیا

فل سالٹ نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے آٹھویں اوور میں جوئل ڈیوس کے خلاف ۳۱؍ رن بنائے، جس سے انگلینڈ کا اسکور ۱۲۱؍رن تک پہنچ گیا اور ٹیم فتح کے قریب ہوگئی۔ سالٹ نے بھی محض۲۴؍ گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی۔ دونوں اوپنروں نے ۱۰؍اوور میں ۱۵۱؍ رن کی شراکت قائم کی۔ دونوں اوپنرس کے آؤٹ ہونے سے پہلے ہی اس شراکت نے میچ کو آسٹریلیا کی گرفت سے پوری طرح باہر کردیا تھا۔ ڈونالڈ ۸۵؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ سالٹ ۵۸؍ رن کے اسکور پر بین ڈوارشوئس کی گیند پر کیچ اینڈ بولڈ ہوئے۔ اس وقت انگلینڈ کو جیت کے لیے صرف  ۳۳؍رن درکار تھے اور آسٹریلیا کے پاس واپسی کا کوئی موقع باقی نہیں بچا تھا۔ ہیری بروک اور ٹام بینٹن نے آسانی سے باقی ہدف پورا کرلیا۔ بینٹن نے صرف سات گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۲۰؍ رن بنائے اور نکھل چودھری کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر سے چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔

یہ بھی پڑھئے:ویر داس انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ جیتنے سے محروم، کامیڈی اسپیشل ’فول والیوم‘ کو اعزازنہیں ملا

اس سے پہلے آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے خراب شروعات سے سنبھل کر ۲۰؍ اوور میں آٹھ وکٹ پر ۱۸۴؍ رن بنائے۔ انگلینڈ کے گیندبازوں نے ابتدا ہی سے دباؤ بنایا اور پاور پلے کے اندر ہی میزبان ٹیم کا اسکور چار وکٹ پر ۵۸؍ رن کردیا۔ عادل رشید نے درمیانی اوورز میں عمدہ گیندبازی کرتے ہوئے چار اوور میں صرف ۲۶؍ رن دیے اور لاچلان شا کی وکٹ حاصل کی۔
دو رات پہلے پلیئر آف دی میچ بننے والے نکھل چودھری نے اس بار ۳۵؍ گیندوں پر ۴۵؍ رن بنائے۔ انہوں نے جوئل ڈیوس کے ساتھ ۴۹؍ رن کی شراکت قائم کی، جنہوں نے ۲۵؍ گیندوں پر ۳۹؍ رن بنائے۔ جیک ایڈورڈز نے آٹھ گیندوں پر تیزی سے ۱۸؍ رن جوڑے، تاہم آخر میں بین ڈوارشوئس نے آسٹریلیا کو مضبوط اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے آخری اوور میں سیم کرن کی گیندوں پر لگاتار تین چھکے لگائے، جس سے میزبان ٹیم آٹھ وکٹ پر۱۸۴؍ رن بنانے میں کامیاب رہی۔ سیم کرن نے اپنے آخری اوور میں ۲۰؍ رن دیے، تاہم مجموعی طور پر انہوں نے  ۲۹؍ رن دے کر دو وکٹ حاصل کیے۔ ہنری کروکومب نے بھی دو وکٹ لیے۔ اس کے باوجود آسٹریلیا کی یہ آخری کوشش انگلینڈ کے سامنے ناکافی ثابت ہوئی، جس نے نہایت آسانی سے ہدف حاصل کرلیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK