• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مسلم مخالف پوسٹس پر سوتنتر بھاردواج کے خلاف عدالت نے پولیس سے رپورٹ طلب کی

Updated: November 24, 2026, 8:32 PM IST | New Delhi

دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے اسلام، مسلمانوں اور مسلم خواتین کے خلاف توہین آمیز اور اے آئی کے ذریعے تیار کردہ فحش مواد پوسٹ کرنے کے الزام میں سوتنتر بھاردواج کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست پر دہلی پولیس سے ایکشن ٹیکن رپورٹ (اے ٹی آر) طلب کی ہے۔ عدالت نے اس معاملے کی اگلی سماعت ۸؍ جنوری ۲۰۲۷ء مقرر کی ہے۔

Swatantra Bhardwaj. Photo: X.
سوتنتر بھاردواج۔ تصویر: ایکس۔

دہلی کی  پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے پیر کو دائیں بازو کے سوشل میڈیا انفلوئنسر سوتنتر بھاردواج کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست پر دہلی پولیس سے ایکشن ٹیکن رپورٹ (اے ٹی آر)  طلب کی ہے۔ بھاردواج پر اسلام، مسلمانوں اور مسلم خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے توہین آمیز اور فرقہ وارانہ طور پر اشتعال انگیز مواد شائع کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس (جے ایم ایف سی) کوتوک بھاردواج نے یہ حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی اگلی سماعت ۸؍ جنوری ۲۰۲۷ء کو ہوگی۔ واضح رہے کہ سوتنتر بھاردواج اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب جنتر منتر پر `کاکروچ جنتا پارٹی‘ (سی جے پی) کے مظاہروں کے دوران ایک طالب علم کارکن کے والد پر حملہ کرنے کی بات کرتے ہوئے ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ دہلی پولیس نے انہیں اس معاملے میں گرفتار کیا تھا اور وہ اس وقت ضمانت پر رہا ہیں۔ اب ان کے خلاف محمد شاہد گنگوہی کی جانب سے ایک فوجداری شکایت دائر کی گئی ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ بھاردواج نے اسلام، مسلمانوں اور مسلم خواتین کے خلاف توہین آمیز، قابلِ اعتراض اور فرقہ وارانہ طور پر اشتعال انگیز مواد پوست کیا ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ بھاردواج نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بار بار قابلِ اعتراض پوسٹس، ویڈیوز اور تبصرے عام کئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: جین زی کو پرکھنے سے پہلے انہیں سمجھیں: ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے

گنگوہی نے اے آئی کے ذریعے تیار کردہ ان مبینہ فحش تصاویر کو بنانے اور پھیلانے پر بھی شدید اعتراض اٹھایا ہے، جن میں برقع پہنے مسلم خواتین کو غیر شائستہ اور تضحیک آمیز انداز میں دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اس طرح کا مواد نہ صرف مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچاتا ہے اور مسلم خواتین کے وقار کو مجروح کرتا ہے، بلکہ اس سے فرقہ وارانہ نفرت کو فروغ ملنے، برادریوں کے درمیان دشمنی پیدا ہونے اور عوامی امن و فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ اس مقدمے میں شکایت کنندہ کی نمائندگی ایڈووکیٹ فیروز خان غازی، محمد نواز اور شاہد نے کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK