Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا نے ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں ایران کی شرکت کی تصدیق کی، شرکت سے قبل ایران کو مذاکرات کیلئے مدعو کیا

Updated: May 05, 2026, 10:05 PM IST | Zurich

فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے وینکوور میں فیفا کانگریس کے دوران تصدیق کی کہ ایران ۴۸ ٹیموں پر مشتمل اس عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیڈول کے مطابق ایرانی ٹیم اپنے گروپ اسٹیج کے مقابلے امریکہ میں کھیلے گی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

فیفا نے ایران کی شرکت سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے درمیان، فٹبال ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے فٹبال فیڈریشن اسلامک ریپبلک آف ایران (ایف ایف آئی آر آئی FFIRI) کو ۲۰ مئی تک سوئس شہر زیورخ میں واقع اپنے صدر دفتر آنے کی دعوت دی ہے۔ فیفا کا اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی نے امریکہ، کنیڈا اور میکسیکو کی میزبانی میں منعقد ہونے والے اس عالمی ٹورنامنٹ کیلئے لاجسٹکس اور سفری انتظامات پر سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ 

ان خدشات کے باوجود، فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے تصدیق کی کہ ایران ۴۸ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا۔ وینکوور، کنیڈا میں فیفا کانگریس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انفینٹینو نے بتایا کہ ”یقیناً ایران فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں شرکت کرے گا۔“ انہوں نے مزید کہا کہ شیڈول کے مطابق ٹیم اپنے گروپ اسٹیج کے میچز امریکہ میں کھیلے گی۔

یہ بھی پڑھئے: ریو ویلیکانو نے فتح کے بعد فلسطینی پرچم لہرایا، یورپ میں بحث تیز

کنیڈین سرحدی حکام کے ساتھ مبینہ مسئلے کے بعد ایران کا وفد ۲۱۱ رکنی فیفا کانگریس سے غیر حاضر رہا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، ایف ایف آئی آر آئی کے صدر مہدی تاج اور دو حکام داخلے کی اجازت نہ ملنے پر وطن واپس لوٹ گئے۔ واضح رہے کہ کنیڈا نے اس سے قبل سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی (IRGC) کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے جس کی وجہ سے اس سے وابستہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ واپسی کے بعد مہدی تاج نے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ سے متعلق کئی خدشات دور کرنے کیلئے فیفا حکام سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ورلڈ کپ کے دوران ایران کا قیام ٹوسان، ایریزونا (Tucson, Arizona) میں ہوگا اور اسے نیوزی لینڈ، بیلجیئم اور مصر کے ساتھ گروپ G میں رکھا گیا ہے۔ اسلامی ملک کی فٹبال ٹیم اپنی مہم کا آغاز ۱۵ جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی۔

توقع کی جا رہی ہے کہ زیورخ میں ہونے والی آئندہ ملاقات میں ٹورنامنٹ سے قبل شرکت کے لاجسٹکس، سفری انتظامات اور میزبان ممالک کے ساتھ تعاون جیسے معاملات پر گفتگو کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK