Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا ورلڈ کپ:تمام ۴۸؍ٹیموں کے اسکواڈز کی توثیق

Updated: June 04, 2026, 2:27 PM IST | Agency | New York

میسی اور رونالڈو چھٹی بار ایکشن میں نظر آئیں گے، کچھ نئے قوانین کا نفاذبھی ہوگا، ۱۱؍ جون سے شروع ہونے والے ایونٹ میں۱۰۴؍ میچ کھیلے جائیں گے

Messi And Ronaldo.Photo:INN
میسی اور رونالڈو۔ تصویر:آئی این این
انٹرنیشنل فٹ بال فیڈریشن (فیفا)نے   اس ماہ شروع ہونے والےورلڈ کپ میں حصہ لینے والی تمام۴۸؍ ٹیموں کے حتمی اسکواڈز کی تصدیق کر دی ہے جس کے تحت مجموعی طور پر۱۲۴۸؍کھلاڑی اس میگا ایونٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اس بار ارجنٹائنا کے لیونل میسی، پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو اور میکسیکو کے گلیرمو اوچوا ریکارڈ چھٹی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلیں گے ۔ 
۱۱؍جون سے شروع ہونے والے اس ورلڈ کپ  کے ۱۰۴؍ میچز کنیڈا، میکسیکو اور امریکہ میں کھیلے جائیں گے ۔ فائنل ۱۹؍ جولائی کو ہوگا ۔ اس ٹورنامنٹ میں ۳۵۷؍ کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلے بھی ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں  جبکہ ۸۹۱؍کھلاڑی پہلی بار اس بڑے اسٹیج پر ڈیبیو کریں گے۔ اسکاٹ لینڈ کے گول کیپر کریگ گورڈن۴۳؍ سال کی عمر کے ساتھ ٹورنامنٹ کے معمر ترین جبکہ میکسیکو کے گلبرٹو مو را سترہ سال کی عمر کے ساتھ سب سے کم عمر کھلاڑی ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کے آغاز کے وقت ۲۲؍ کھلاڑیوں کی عمر۲۰؍سال سے کم جبکہ۷؍کھلاڑیوں کی عمر۴۰؍سال یا اس سے زیادہ ہوگی۔پہلی بار ٹورنامنٹ میں۳۲؍ کے بجائے۴۸؍ ٹیمیں حصہ لیں گی جس سے مقابلے کا حجم ماضی کے تمام ورلڈ کپ ایڈیشنز سے کہیں بڑا ہو جائے گا۔ 
نئے فارمیٹ کے تحت۴۸؍ ٹیموں کو۱۲؍گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں براہِ راست اگلے مرحلے میں پہنچیں گی، جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والی ۸؍ بہترین ٹیموں کو بھی ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی ملے گی۔ اس طرح پہلی مرتبہ راؤنڈ آف۳۲؍کھیلا جائے گا جس کے بعد روایتی انداز میں ناک آؤٹ میچز، کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل کھیلا جائے گا۔ فیفا کے گلوبل فٹ بال ڈیولپمنٹ کے سربراہ اور آرسنل کے سابق منیجر آرسین وینگر کا ماننا ہے کہ ٹیموں کی تعداد بڑھانا فٹ بال کی ترقی کی سمت میں ایک فطری عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ’’ اس توسیع سےاردن، ازبکستان، کیوراساؤ اور کیپ وردے جیسے ممالک کو پہلی بار عالمی اسٹیج پر کھیلنے کا موقع ملا ہے۔ آرسین وینگر کا کہنا تھا کہ یہ ایک قدرتی ارتقا ہے، میرا خیال ہے کہ ہم فٹ بال کو پوری دنیا میں پھیلانا چاہتے ہیں۔ اگر آپ ۱۹۳۰ء سے اب تک کا سفر دیکھیں تو۲۰۳۰ء میں ورلڈ کپ کو۱۰۰؍سال پورے ہو جائیں گے۔ ہم نے۱۳؍ ٹیموں سے شروع کیا، پھر۱۶؍ ہوئیں،۱۹۸۲ء میں پہلی بار۲۴؍ اور۱۹۹۸ء میں۳۲؍ ٹیمیں شامل کی گئیں۔ اب میرا ماننا ہے کہ۴۸؍ ٹیموں کی موجودگی بالکل درست تعداد ہے۔‘‘
 
 
یکطرفہ مقابلے بڑھ سکتے ہیں
دوسری جانب ناقدین کا خیال ہے کہ کمزور اور مضبوط ٹیموں کے درمیان یکطرفہ مقابلے بڑھ سکتے ہیں جس سے دلچسپی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تاہم فیفا کا موقف ہے کہ اس توسیع سے فٹ بال کی ترقی اور عالمی معیشت دونوں کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔
کچھ نئے قوانین کا نفاذ 
فیفا نے اس مرتبہ ورلڈکپ میں کئی نئے قوانین متعارف کروانے کی تصدیق کردی ہے۔  فیفا اور انٹرنیشنل فٹ بال اسوسی ایشن بورڈ (آئی ایف اے بی) نے کھیل کے قوانین میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ نئے قواعد ورلڈ کپ کے دوران ہی نافذ العمل ہوں گے اور بعد ازاں۲۷-۲۰۲۶ء سیزن کا بھی حصہ بنیں گے ۔ نئے قوانین کے مطابق اگر کوئی کھلاڑی جان بوجھ کر تھرو اِن یا گول کِک لینے میں ۵؍ سیکنڈ سے زیادہ تاخیر کرے گا تو مخالف ٹیم کو فائدہ دیا جائے گا۔ اسی طرح میچ کے دوران فیزیو سے علاج کروانے والے کھلاڑی کو ایک منٹ تک میدان سے باہر رہنا ہوگا، البتہ گول کیپرز اور بعض مخصوص صورتوں میں استثنیٰ دیا گیا ہے۔ 
 
 
فیفا کے چیف ریفری آفیسر پیئرلویجی کولینا کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد وقت کے ضیاع کی  حوصلہ شکنی، کھیل کی رفتار میں اضافہ اور شائقین کے تجربے کو بہتر بنانا ہے ۔ نئے ضوابط کے تحت جھگڑے یا تنازع کے دوران منہ ڈھانپ کر جملے کسنے والے کھلاڑی کو ریڈ کارڈ بھی دکھایا جا سکتا ہے۔ ’وی اے آر‘ کے اختیارات میں بھی توسیع کی گئی ہے جس کے تحت کارنر کک کے فیصلے اور دوسرے یلو کارڈ کے نتیجے میں ہونے والی برطرفی پر ریویو لیا جاسکے گا۔ متبادل کیلئے واپس بلائے جانے والے کھلاڑی کے پاس میدان چھوڑنے کیلئے۱۰؍ سیکنڈز کا وقت ہوگا۔ اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو متبادل کھلاڑی کم از کم ایک منٹ کیلئے کھیل کے اگلے اسٹاپیج تک میدان میں داخل نہیں ہو سکتا، یعنی ان کی ٹیم کو۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل جاری رکھنا ہوگا۔ علاوہ ازیں ہر ہاف میں تقریباً۲۲؍ویں منٹ پر ۳؍ منٹ کا ہائیڈریشن بریک بھی دیا جائے گا تاکہ کھلاڑی شدید گرمی میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK