فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے میچ میں سعودی عرب نے لیونل میسی کی اسٹارس سے مزین ارجنٹائنا کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے ہرادیا
Updated: November 23, 2022, 12:49 PM IST | Agency | Doha
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے میچ میں سعودی عرب نے لیونل میسی کی اسٹارس سے مزین ارجنٹائنا کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے ہرادیا
فٹبال کے کھیل میں کچھ بھی ہوسکتاہے اور یہ بات منگل کو فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے ایک میچ میں ثابت ہوگئی۔ فیفا ورلڈکپ۲۰۲۲ء میں پہلا اور بہت بڑا اپ سیٹ ہوگیا جہاں سعودی عرب نے ارجنٹائنا کو ایک مقابلے میں ۲؍ گول سے ہرادیا۔قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے گروپ سی کے اس میچ میں ارجنٹائنا کو۱۰؍ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک ملی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کپتان لیونل میسی نے اپنی ٹیم کوصفر۔ ایک گول کی برتری دلادی۔خیال رہے کہ پہلا ہاف اسی اسکور پر ختم ہوا۔ میچ کے پہلے ہاف کا اختتام جنوبی امریکی ٹیم کی برتری کے ساتھ ہوا تاہم دوسرے ہاف کے آغاز میں سعودی عرب نے ارجنٹائنا کے دفاع کو توڑ ڈالا۔پہلے۴۸؍ویں منٹ میں صالح الشھری کے گول کی مدد سے اسکور۱۔۱؍ سے برابر ہوا پھر صرف ۵؍ منٹ کے فرق سے سالم محمد الدوسری کے گول کی مدد سے۱۔۲؍ کی برتری حاصل کرلی۔اس کے بعد میسی الیون نے میچ میں سعودی عرب کی برتری ختم کرنے کیلئے اس کے گول پرجارحانہ حملے کئےجو ناکام رہے اور ۱۔۲؍گول کے اسکور کے ساتھ ہی اس میچ کا اختتام ہوگیا۔خیال رہے کہ یہ سعودی عرب اور ارجنٹائنا کا ورلڈکپ میں پہلا مقابلہ تھا۔ جبکہ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانےوالے۴؍ میچوں میں سے۲؍ میں ارجنٹائنا کامیاب رہا جبکہ دو برابر رہے تھے۔اس ٹورنامنٹ میں سعودی عرب کو دوسری کمزور ٹیم قرار دیا جارہا ہے جبکہ ارجنٹائنا کی ٹیم کو جنوبی امریکہ کا فٹبال کا پاور ہاؤس کہا جاتا ہے اور وہ اس سال ورلڈ کپ جیتنے کے دعویداروں میں بھی شامل ہے۔ ارجنٹائنا کے پاس اسٹار کھلاڑیوں کی ایک فوج ہے اس کے باوجود یہ ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ ارجنٹائنا جیسی بڑی اور مضبوط ٹیم کو شکست دینے کے بعد سعودی عرب کے کھلاڑی سربسجود ہوگئے۔