• Fri, 06 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

فرنچ اوپن ۲۰۲۴ء: کارلوس الکاراز نے تاریخ رقم کی، کریئر کا پہلا فرنچ اوپن خطاب جیت لیا

Updated: June 11, 2024, 10:23 AM IST | Agency | Paris

اسپین کے نوجوان ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز نے جرمنی کے الیگزینڈر زیوریو کو شکست دے کر اپنے کریئر کا پہلا فرنچ اوپن ٹائٹل جیت لیا۔۵؍سیٹوں تک جدوجہد کرنی پڑی۔

Carlos Alcaraz. Photo: INN
کارلوس الکاراز۔ تصویر: آئی این این

اسپین کے نوجوان ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز نے جرمنی کے الیگزینڈر زیوریو کو شکست دے کر اپنے کرئیر کا پہلا فرنچ اوپن ٹائٹل جیت لیا ہے۔ ۵؍ سیٹوں تک جاری رہنے والے اس سخت مقابلے میں انہوں نے۳۔ ۶، ۶۔ ۲، ۷۔ ۵، ۱۔ ۶، ۲۔ ۶؍ سے میچ جیت لیا۔ الکاراز ۳؍ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن گئے۔ 
 تیسری سیڈیڈ الکاراز نے پیرس کی سرزمین پر ۴؍گھنٹے، ۱۹؍ منٹ کی لڑائی کے دوران اپنی قابل ذکر لچک اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ دائیں ہاتھ کی چوٹ کے ساتھ ٹورنامنٹ میں آنے اور ۳؍ ہفتوں تک مقابلہ نہ کرنے کے باوجود، انہوں نے آخری ۱۵؍ میں سے ۱۲؍ میچ جیت کر اپنی مضبوطی کا مظاہرہ کیا اور کھیل کے سرفہرست کھلاڑیوں میں اپنا مقام مضبوط کیا۔ 
 میچ کا آغاز دونوں کھلاڑیوں میں گھبراہٹ کے آثار کے ساتھ ہوا اور دونوں نے اپنے ابتدائی سروس گیمز ہارے تاہم، الکاراز نے تیزی سے اپنا فارم تلاش کیا اور پہلا سیٹ ۳۔ ۶؍ سے جیت کر زیوریو کو پیچھے کردیا۔ اپنے دوسرے بڑے فائنل میں کھیلتے ہوئے جرمن کھلاڑی نے دوسرے سیٹ میں اپنی حکمت عملی کو بہتر کرتے ہوئے اپنی پہلی سرو کا۸۳؍ فیصد اسٹرائیک کیا اور ان میں سے۸۰؍ فیصد جیت کر میچ کو ایک ایک سیٹ پر برابر کر دیا۔ تیسرے سیٹ میں جرمن کھلاڑی نے۵۔ ۷؍ سےکامیابی حاصل کی۔ ایسا لگتا تھا کہ رفتار زیوریو کے حق میں ہے کیونکہ وہ اعتماد کے ساتھ چوتھے سیٹ میں داخل ہوئے۔ تاہم، الکاراز، جو اپنی ذہنی جفاکشی کیلئے مشہور ہیں، نے اپنے کھیل کو ایک اور سطح پر لے جاکر چوتھا سیٹ۱۔ ۶؍ سے جیت لیا اور پانچواں سیٹ فیصلہ کن طور پر اپنے نام کیا۔ الکاراز کا فائنل تک کا راستہ بہت آسان تھا۔ اس دوران انہوں نے سنسنی خیز سیمی فائنل میں یانک سنر سمیت ٹاپ کھلاڑیوں کو شکست دی۔ فائنل میں ان کی فتح نے۲۰۲۲ء کے یو ایس اوپن کے ہارڈ کورٹس اور۲۰۲۳ء میں ومبلڈن کے گراس کورٹس پر اس کی فتوحات کے بعد گرینڈ سلیم خطاب کے ساتھ تیسرا گرینڈ سلیم خطاب جیت لیا۔ 
کوکو گف اور کترینہ سینیا کووا کی جوڑی نے فرنچ اوپن ڈبلزخطاب  جیت لیا 


امریکی ٹینس اسٹار کوکو گف اور چیک جمہوریہ کی کترینہ سینیاکووا نے اتوار کو فرنچ اوپن کا خطاب جیت لیا۔ یہ گف کا پہلا ڈبلز ٹائٹل ہے۔ اس کے ساتھ ہی۱۹؍ سالہ امریکی ٹینس اسٹار سنگلز اور ڈبلز دونوں گرینڈ سلیم خطاب جیتنے والی کم عمر ترین کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اتوار کو یہاں کھیلے جانےوالے ڈبلز میچ میں کوکو گف نے چیک جمہوریہ کی کترینہ سینیاکووا کے ساتھ مل کر فائنل میں اطالوی جوڑی سارہ ایرانی اور جسمین پاؤلینی کو۶۔ ۷، ۳۔ ۶؍سے شکست دے کر فرنچ اوپن ڈبلز کا خطاب جیت لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK