Inquilab Logo

گاوسکر بارڈرٹرافی : ہندوستان کی تاریخی فتح ،آسٹریلیا کو روند ڈالا

Updated: February 12, 2023, 11:10 AM IST | nagpure

کنگاروؤں پر ہندوستانی گیندبازوں کاقہر،دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے ۷؍ بلے بازدوہرے ہندسے تک پہنچنے میں ناکام ،رویندر جڈیجا پلیئر آف دی میچ

Indian players shaking hands with Australian batsmen after the win (Photo, PTI)
جیت کے بعد ہندوستانی کھلاڑی ،آسٹریلیا ئی بلے بازوں سے مصافحہ کرتے ہوئے ۔(تصویر،پی ٹی آئی )

اسپن گیند باز کی مدد گار وی سی اے اسٹیڈیم کی پچ پر روی چندرن اشون کی قیادت والی جارحانہ گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے دنیا کی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم آسٹریلیا کو  گاوسکر بارڈر ٹرافی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن سنیچر کو اننگ اور۱۳۲؍رنوں سے ہرا کر تاریخی جیت حاصل کی۔ودربھ کرکٹ اسوسی ایشن کی پچ پر ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں۱۷۷؍رن بنائے تھے جس کے جواب میں ہندوستان نے ٹھوس بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۴۰۰؍رنوں کا اسکور بنایا تھا ۔پہلی اننگز میں۲۲۳؍رن سے پیچھے رہنے والے آسٹریلیا پر دبدبہ بر قرار رکھتے ہوئے اشون(۳۷؍رن پر۵؍ وکٹ) اور رویندر جڈیجا (۳۴؍رن پر۲؍ وکٹ) نے مہمان ٹیم کی بلے بازی کے بخیہ ادھیڑ دئیے۔ جب کہ محمدسمیع(۱۳؍ رن پر۲؍وکٹ) اور اکشر پٹیل (۶؍ رن پر ایک وکٹ) نے رہی سہی کسر پوری کرتے ہوئے کنگارووَں کے خلاف ہندوستان کو سب سے بڑی جیت  دلادی ۔
 ہندوستان کے خلاف آسٹریلیا کا دوسری اننگ میں یہ دوسرا سب سے کم اسکور ہے۔ اس سے پہلے۷؍ فروری۱۹۸۱ء کو آسٹریلیا نے ملبورن کی پچ پر اپنی دوسری پاری میں صرف۸۳؍رن بنائے تھے ۔ گندپا وشوناتھ کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان  نے اس میچ میں ۵۹؍رن سےجیت حاصل کی تھی جب کہ ۳؍نومبر۲۰۰۴ء کو ممبئی میں وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کنگارو ٹیم ہندوستان کے خلاف۹۳؍رن پر آل آؤٹ ہو گئی تھی اور نزدیکی مقابلے میں ہندوستان کو۱۳؍ رن سے جیت حاصل کی تھی ۔اس کا سہرا روی چندرن اشون کو جاتا ہے جنہوں نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں۳۱؍ ویں مرتبہ ۵؍ وکٹیں حاصل کیں اور دوسری اننگز میں آسٹریلیا کو۳۲ء۳؍ اووروں میں صرف۹۱؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔ ا شون  نے اپنی کرشماتی کارکردگی سے ایک بار پھر مخالف ٹیم کو حیران کر دیا۔ 
 پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے جڈیجہ نے دوسری اننگز میں بھی کنگاروؤں کو دہشت زدہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جس کے نتیجے میں آسٹریلیا کے ۷؍ بلے باز دوہرے ہندسے تک پہنچانے میں ناکام رہے۔سمیع اور اکشر پٹیل نےآسٹریلیا کے نچلے بلے بازوںکو سمیٹنے  کا کام کیا۔اسٹیون اسمتھ (ناٹ آؤٹ۲۵) نے ہندوستانی حملے کو آخر تک ایک سرے پر تھام لیا۔ وہ دوسری اننگز میں آسٹریلیا کیلئے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی رہے۔کپتان روہت شرما(۱۲۰) کے علاوہ اکشر پٹیل(۸۴) اور رویندر جڈیجا(۷۰) نے اہم کردار ادا کیاجس کی وجہ سے ہندوستان اپنی پہلی اننگز  میں ۴۰۰؍ رن کا چیلنجنگ اسکور بنا سکا۔ناگپور کی ٹرن لیتی پچ پر دونوں ٹیموں کی گرنے والی کل۳۰؍ وکٹوں میں سے۲۴؍ وکٹیں اسپنروں کے حصے میں آئیں۔ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں جڈیجا نے ۵؍، اشون نے۳؍ وکٹیں حاصل کیں، جب کہ ٹوڈ مرفی(۱۲۴؍ رن پر۷؍ وکٹ)  نےہندوستان کی پہلی اننگز کو سمیٹنے میں اہم کردار اداکیا۔۲۲؍ سالہ وکٹوریہ کے نوجوان کا یہ ڈیبومیچ تھا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK