Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان نے پاکستان سے درآمدات پر پابندی عائد کردی

Updated: May 03, 2025, 7:20 PM IST | New Delhi

ہندوستان نے پاکستان سے درآمدات پر پابندی عائد کردی،خارجہ تجارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے کہا کہ یہ پابندی قومی سلامتی کے مفاد میں فوری طور پر نافذ کی گئی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

کشمیر کے پہلگام میں دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کے پیش نظر، ہندوستان نے جمعے کو پاکستان سے آنے یا وہاں سے گزرنے والے سامان کی درآمد پر پابندی لگا دی۔ خارجہ تجارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ یہ پابندی فوری طور پر نافذ ہوگی۔ محکمے نے کہا کہ ’’یہ پابندی قومی سلامتی اور عوامی پالیسی کے مفاد میں عائد کی گئی ہے۔‘‘ یہ محکمہ، جو مرکزی وزارت تجارت کے تحت کام کرتا ہے، بیرونی تجارت سے متعلق قوانین کے نفاذ کا ذمہ دار ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہند پاک کشیدگی: پاکستان نے سخت جواب دینے کا انتباہ دیا

واضح رہے کہ ۲۲؍ اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام کے قریب ہونے والے حملے میں۲۶؍ افراد ہلاک اور۱۷؍ زخمی ہوئے تھے۔ یہ حملہ اننت ناگ ضلع کے بائیسارن علاقے میں ہوا تھا۔ دہشت گردوں نے سیاحوں پر فائرنگ کی، جن میں سے زیادہ تر ریاست سے باہر کے تھے۔ دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان نے ایک دوسرے پر سفارتی حملے کیے ۔ نئی دہلی نے پاکستانی شہریوں کیلئے ویزاخدمات معطل کر دیں اور کہا کہ۲۷؍ اپریل سے تمام ویزا منسوخ کر دیے جائیں گے، سوائے میڈیکل ویزا کے، جو۲۹؍ اپریل تک درست رہیں گے۔ سارک ویزا اسکیم کے تحت ہندوستان میں موجود پاکستانی شہریوں کو۴۸؍ گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کو کہا گیا۔ ڈیڈ لائن ختم ہونے تک، ۵۳۷؍پاکستانی پنجاب کے اٹاری-واگھہ بارڈر کراسنگ کے ذریعے ہندوستان سے روانہ ہو چکے تھے۔ ہندوستان کے وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان کے سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا اور وہاں موجود افراد سے واپس آنے کی اپیل کی۔  

یہ بھی پڑھئے: پہلگام حملہ لشکر طیبہ نے آئی ایس آئی کی مدد سے انجام دیاہے : این آئی اے

ساتھ ہی ہندوستان نے پاکستان سے تمام درآمدات پر پابندی کے بعد سنیچر کو پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو اپنی کسی بھی بندرگاہ میں داخل ہونے سے روک دیا۔ ہندوستان کے وزارتِ بندرگاہوں، جہاز رانی و آبی گذرگاہوں کے حکم نامے کے مطابق، پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو ہندوستانی بندرگاہوں میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکم نامے میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ہندوستانی پرچم بردار جہاز پاکستان کی کسی بھی بندرگاہ پر لنگر انداز نہیں ہوں گے۔

دریں اثناءحملے کے ایک دن بعد، ہندوستان نے کہا تھا کہ ۱۹۶۰ء کے سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا جائے گا، جب تک کہ پاکستان پراثر طور پر سرحد پار دہشت گردی کی حمایت بند نہیں کرتا۔ ہندوستان نے نئی دہلی میں تعینات پاکستان کے دفاعی، فوجی، نیوی اور ہوائی مشیروں کو پرسونا نون گریٹا(ناپسندیدہ شخص) قرار دے دیا اور کہا کہ وہ اسلام آباد سے اپنے دفاعی مشیروں کو واپس بلا لے گا۔ بدھ کو، ہندوستان نے پاکستان میں رجسٹرڈ، چلائے جانے یا لیز پر لیے گئے تمام ہوائی جہازوں کیلئے اپنا فضائی راستہ بند کردیا۔ جبکہ پاکستان نے کہا کہ وہ ۱۹۷۲ء کے شملہ معاہدے کو معطل کر دے گا، جو ۱۹۷۱ء کی جنگ کے بعد ہندوستان کے ساتھ ہوا تھا۔ اس معاہدے کے تحت، جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن کو دونوں ممالک کے درمیان حقیقی سرحد کے طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK