• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جرمنی نے نیدرلینڈز کو۵؍گول سے روند دیا، نیشنز لیگ گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

Updated: November 17, 2026, 9:01 PM IST | Berlin

جرمنی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو ۰۔۵؍گول کے بڑے فرق سے شکست دے کر یوئیفا نیشنز لیگ کے گروپ اے ۲؍ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی اور کوارٹر فائنل میں جگہ بھی یقینی بنالی۔

Germany Player.Photo:X
جرمنی کے کھلاڑی ۔ تصویر:ایکس

جرمنی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو ۰۔۵؍گول  کے بڑے فرق سے شکست دے کر یوئیفا نیشنز لیگ کے گروپ اے ۲؍ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی اور کوارٹر فائنل میں جگہ بھی یقینی بنالی۔ برلن کے اولمپیا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں جرمن ٹیم نے دوسرے ہاف میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے محض چند منٹ کے اندر چار گول داغ دیے۔ فلورین وِرٹز نے دو گول کیے، جبکہ ڈیری شیرہانٹ، نیکو شلوٹربیک اور براجان گروڈا نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان اور آسیان کا مستقبل مسابقت سے نہیں، تعاون سے طے ہونا چاہیے: مودی

مقابلے کے ابتدائی لمحات میں دونوں ٹیموں نے محتاط انداز اختیار کیا۔ جرمنی نے گیند پر زیادہ قبضہ رکھتے ہوئے حملے کیے، جبکہ نیدرلینڈز نے جوابی حملوں کے ذریعے جرمن دفاع کو پریشان کرنے کی کوشش کی۔ ڈچ ٹیم کو پہلے ہاف میں گول کرنے کے چند اچھے مواقع بھی ملے، لیکن وہ انہیں کامیابی میں تبدیل نہ کرسکی۔جرمنی کی جانب سے ڈیری شیرہانٹ نے ۴۱؍ویں منٹ میں شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو ۰۔۱؍کی برتری دلائی۔ جوشوا کِمِش کی مدد سے گیند حاصل کرنے کے بعد شیرہانٹ نے بہترین انداز میں شاٹ لگایا جو ڈچ گول کیپر بارٹ فربروخن کو چکمہ دیتے ہوئے جال میں جا پہنچا۔ اس طرح پہلے ہاف کے اختتام پر جرمنی کو ایک گول کی برتری حاصل تھی۔
دوسرے ہاف میں جرمنی نے کھیل کی رفتار مزید تیز کردی اور نیدرلینڈز کے دفاع کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ ۶۰؍ویں منٹ میں فلورین وِرٹز نے شاندار انفرادی کوشش کے ذریعے گیند کو گول میں پہنچاکر اسکور۰۔۲؍ کردیا۔ اس گول کے بعد جرمن کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بلند ہوگئے۔صرف پانچ منٹ بعد، یعنی ۶۵؍ویں منٹ میں، نیکو شلوٹربیک نے براجان گروڈا کی فری کک پر ہیڈَر کے ذریعے تیسرا گول اسکور کیا۔ جرمنی کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری رہا اور ۷۱؍ویں منٹ میں وِرٹز نے ایک مرتبہ پھر گیند کو جال میں پہنچاکر اپنا دوسرا اور ٹیم کا چوتھا گول کردیا۔مقابلے کے ۷۷ویں منٹ میں براجان گروڈا نے پانچواں گول کرکے جرمنی کی شاندار فتح پر مہر ثبت کردی۔ اس طرح جرمنی نے نیدرلینڈز کو ۰۔۵؍گول سے شکست دے دی۔

یہ بھی پڑھئے:بی بی سی، سی این این اور زوم سمیت ۱۷۸؍ عالمی اداروں کی ویب سائٹس پر سائبر حملہ

گروپ اے ۲ ؍کے آخری مرحلے کے مقابلوں کے بعد جرمنی، نیدرلینڈز اور یونان تینوں کے پوائنٹس کی تعداد ۱۱ ؍رہی۔ یونان نے اپنے آخری میچ میں سربیا کو  ۰۔۱؍گول  سے شکست دی، لیکن جرمنی نے نیدرلینڈز کے خلاف پانچ گول کے فرق سے کامیابی حاصل کرکے گروپ میں پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔ نیدرلینڈز دوسرے اور یونان تیسرے مقام پر رہا، جبکہ سربیا گروپ میں آخری نمبر پر رہا۔جرمنی کی اس کامیابی کے ساتھ ٹیم نے نیشنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ جرمنی کا اگلا مقابلہ گروپ مرحلے میں دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیموں میں سے کسی ایک کے خلاف ہوگا۔ کوارٹر فائنل کے لیے قرعہ اندازی ۲۰ نومبر کو ہوگی، جبکہ ناک آؤٹ مرحلے کے دونوں میچ مارچ میں کھیلے جائیں گے۔
جرمنی کی یہ فتح تاریخی اہمیت بھی رکھتی ہے۔ جرمن ٹیم نے نیدرلینڈز کو اس سے پہلے ۱۹۵۹ء میں ۰۔۷؍سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد یہ پڑوسی ملک کے خلاف جرمنی کی سب سے بڑے فرق سے کامیابی ہے۔ اس نتیجے نے جرمن ٹیم کی نیشنز لیگ میں پوزیشن مضبوط کرنے کے ساتھ کوچ یورگن کلوپ کی قیادت میں ٹیم کی کارکردگی کو بھی نمایاں کردیا۔فلورین وِرٹز کی دو گول کی کارکردگی اور براجان گروڈا کے ایک گول اور دو معاون پاسز نے جرمنی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب نیدرلینڈز کی ٹیم جرمنی کے مسلسل حملوں کا مؤثر جواب دینے میں ناکام رہی اور اسے بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK