ہندوستان کی خاتون ہاکی ٹیم سلیمہ ٹیٹے کی قیادت میں بنگلور سے جاپان کےلئے روانہ،۲۰؍ستمبر کو ازبکستان کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔
EPAPER
Updated: September 09, 2026, 12:53 PM IST | Agency | New Delhi
ہندوستان کی خاتون ہاکی ٹیم سلیمہ ٹیٹے کی قیادت میں بنگلور سے جاپان کےلئے روانہ،۲۰؍ستمبر کو ازبکستان کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔
۵۲؍سال میں ورلڈ کپ میں اپنی بہترین پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم ۲۰؍ ویں ایشین گیمز کیلئے جاپان پہنچ گئی ہے، جہاں طلائی تمغہ جیتنے کی صورت میں ٹیم لاس اینجلس ۲۰۲۸ءاولمپکس کیلئے براہ راست کوالیفائی بھی کر لے گی۔ کپتان سلیمہ ٹیٹے اور ساتھی کھلاڑی منگل کو بنگلورسے آئچی-ناگویا کے لئے روانہ ہوئیں۔
ایف آئی ایچ کے اولمپک کوالیفکیشن قوانین کے مطابق ایشین گیمز میں خواتین ہاکی کا سب سے بہتر مقام حاصل کرنے والی اہل ٹیم اولمپک کوٹہ حاصل کرے گی بشرطیکہ وہ کسی دوسرے راستے سے پہلے ہی کوالیفائی نہ کرچکی ہو۔ اس لئے ہندوستان کیلئے طلائی تمغہ لاس اینجلس کا براہ راست ٹکٹ حاصل کرنے کا راستہ بھی کھول دیگا۔
یہ بھی پڑھئے:قریبی تعلق سے ہاتھ نہ ملانے تک: سنجو سیمسن اور سری سنتھ کے درمیان آخر کیا ہوا؟
ہندوستان نے رواں سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہاکی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد ٹیم نے آکلینڈ میں نیشنز کپ کا خطاب حاصل کیا اور اس کے بعد ورلڈ کپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کی، جو ۱۹۷۴ء کے پہلے عالمی کپ کے بعد اس کا بہترین نتیجہ ہے۔ ورلڈ کپ میں ہندوستان نے صرف ایک میچ ہارا اور چین، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ڈرا کھیلاجبکہ جرمنی کو تین ایک سے شکست دی۔
یہ بھی پڑھئے:ایشیائی جونیئر ہاکی میں مرد ٹیم کی شاندار فتح
ایشین گیمز میں ہندوستان کو پول’ بی‘ میں جاپان، تھائی لینڈ، سنگاپور، انڈونیشیا اور ازبکستان کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ٹیم ۲۰؍ستمبر کو ازبکستان کے خلاف مہم شروع کرے گی، اس کے بعد ۲۱؍ ستمبر کو انڈونیشیا، ۲۳؍ستمبر کو تھائی لینڈ، ۲۵؍ستمبر کو جاپان اور ۲۷؍ستمبر کو سنگاپور سے مقابلہ ہوگا۔ ناک آؤٹ مرحلہ ۳۰؍ستمبر سے شروع ہوگا جبکہ فائنل ۲؍ اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ سلیمہ ٹیٹے نے کہا کہ ٹیم اعتماد کے ساتھ ایشین گیمز میں اترے گی اور اس کا واضح ہدف طلائی تمغہ جیت کر لاس اینجلس اولمپکس کے لئے براہ راست کوالیفائی کرنا ہے۔