Inquilab Logo

ہربھجن سنگھ نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

Updated: December 25, 2021, 1:49 PM IST | Agency | Mumbai

سابق کھلاڑی نے کہا کہ ان کا۲۳؍سالہ کریئر خوبصورت رہا

Harbhajan Singh.Picture:INN
ہربھجن سنگھ ۔ تصویر: آئی این این

): تجربہ کار ہندوستانی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے جمعہ کو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے دوپہر کو اپنے یوٹیوب چینل’ `ہربھجن ٹربونیٹر سنگھ‘ پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور ٹویٹر پر بھی اس کا اعلان کیا۔انہوں نے  ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں آج تمام فارمیٹ کی کرکٹ (ون ڈے، ٹیسٹ، ٹی ۔۲۰) سے ریٹائر ہو رہا ہوں۔ جالندھر کی تنگ گلیوں سے ہندوستانی ٹیم تک میرا ۲۳؍ سالہ سفر بہت خوبصورت رہا ہے۔ میں جب بھی انڈیا کی جرسی پہن کر میدان میں اترا ہوں، شاید میری زندگی میں اس سے بڑی کوئی اہم بات نہیں تھی لیکن کبھی کبھی ایسا موڑ بھی آتا ہے جب آپ کو زندگی میں سخت فیصلے لینے پڑتے ہیں اور زندگی میں آگے بڑھنا پڑتا ہے۔ میں پچھلے کچھ برسوں سے اس کا اعلان کرنے کا منتظرتھا کہ کب میں اس لمحے کو آپ سب کے ساتھ شیئر کروں گا۔
 سابق اسپنر نے بتایا کہ اگرچہ میں نے باضابطہ ریٹائرمنٹ لے لی تھی لیکن اعلان نہیں کرسکا۔ ویسے بھی میں کچھ عرصے سے مسابقتی کرکٹ نہیں کھیل رہا تھا لیکن کولکاتا نائٹ رائیڈرزکے ساتھ وابستگی کی وجہ سے میں آئی پی ایل ۲۰۲۱ء کے سیزن میں رہنا چاہتا تھا لیکن سیزن کے دوران میں نے ریٹائر منٹ کا ذہن بنا لیا تھا۔ ویسے ہر کرکٹر کی طرح میں بھی ٹیم انڈیا کی جرسی میں کرکٹ کو الوداع کہنا چاہتا تھا لیکن قسمت میں کچھ اور ہی تھا۔
 ہربھجن نے بتایا کہ جب ہم کرکٹ کریئر کی بات کرتے ہیں تو مجھے پہلی خوشی اُس وقت ملی جب میں نے کولکاتا میں ہیٹ ٹرک کی اور میں ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والا پہلا ہندوستانی بولر بن گیا۔ اس سیریز میں بھی میں نے ۳؍میچوں میں ۳۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ریکارڈ اب بھی قائم ہے۔ اس کے بعد ۲۰۰۷ءکا پہلا ٹی ۔۲۰؍ورلڈ کپ اور ۲۰۱۱ءکا ون ڈے ورلڈ کپ میرے لئے سب سے اہم اور خاص تھا۔ یہ وہ یادگار لمحات تھے جو شاید میں زندگی بھر کبھی نہیں بھولوں گا۔ میں الفاظ میں بھی بیان نہیں کر سکتا کہ یہ میرے لئے کتنی خوشی کی بات تھی۔ اس سفر میں میری ملاقات بہت سے ایسے لوگوں سے ہوئی جن سے دنیا میں بہت کم لوگ ملتے ہیں، جن میں سے کچھ میرے دوست بن گئے اور کچھ خاندان کا حصہ تھے۔ انڈر۔ ۱۴؍ سے انڈیا کے سینئر اور آئی پی ایل میں میرے تمام ساتھیوں اور مخالفین کا شکریہ جنہوں نے زندگی میں آگے بڑھنے کے لئے میری حوصلہ افزائی کی۔
 ہربھجن نے بتایاکہ ’’میں نے جس بھی ٹیم کیلئے کھیلا ہے، یہ میرا صدفیصد عزم رہا ہے کہ میری ٹیم کو ٹاپ پر ہونا چاہیے۔ چاہے وہ ہندوستانی ٹیم ہو، پنجاب، ممبئی ، سی ایس آر، کے کے آر، سرے یا ایسیکس کاؤنٹی۔ میں زندگی میں بہت کچھ کرنے میں کامیاب ہوا ، اس کے پیچھے میرے گرو جی سنت ہرچرن سنگھ جی کی مہربانی ہے۔ انہوں نے میری زندگی کو ایک سمت دی ہے اور ان کا ہر سبق میری زندگی کو آگے بڑھاتا رہے گا۔ میرے والد سردار سردیو سنگھ پلہا اور میری والدہ اوتار کور پلہا نے میرے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے بہت جدوجہد کی ۔ ان کی محنت کی وجہ سے ایشور نے مجھے اس قابل بنایا کہ میں انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنے کے قابل ہوا۔ اب میرے پاس اپنے خاندان کیلئے کافی وقت ہے۔ اب کسی کو شکایت کا موقع نہیں دوں گا۔ مجھے خوشی ہے کہ میں اپنے بچوں کو پورا وقت دے سکوں گا۔‘‘
 سابق اسپنر نے کہاکہ ’’میں بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی، سیکریٹری جے شاہ اور تمام عہدیداران کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے کھلاڑیوں کے آگے بڑھنے کی روایت کو بہت مضبوط کیا۔ اس کیساتھ ساتھ میری پنجاب کرکٹ اسوسی ایشن، کرکٹ میری زندگی کا اہم حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔ میں نے طویل عرصے تک ہندوستانی کرکٹ کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی اس خدمت کو جاری رکھنے کی کوشش کروں گا۔ مجھے نہیں معلوم کہ مستقبل میں کیا ہوگا لیکن اگر میں کسی بھی کردار میں ہندوستانی کرکٹ کیلئے  کام آسکتا ہوں تو مجھے بہت خوشی ہوگی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK