Inquilab Logo

سنیل چھیتری کی ہیٹ ٹرک، پاکستان چاروں شانے چِت

Updated: June 22, 2023, 11:50 AM IST | Bengaluru

سیف چمپئن شپ فٹبال ٹورنا منٹ کے میچ میں ہندوستان نے روایتی حریف پاکستان کو ۰۔۴؍ گول سے شکست دے دی۔ کپتان سنیل چھیتری نے زبردست کھیل کامظاہرہ کیا۔ ادانتا سنگھ نے بھی ایک گول کیا

Indian team captain Sunil Chhetri scored 3 goals
ہندوستانی ٹیم کے کپتان سنیل چھیتری نے ۳؍ گول کئے

ہندوستان نے پاکستان کو  سیف چمپئن شپ فٹبال ٹورنامنٹ میچ میں  چاروں شانے چِت کردیا۔ ہندوستان کی فٹبال ٹیم نے روایتی حریف پاکستان کو ۰۔۴؍ گول سے مات دیکر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان سنیل چھیتری نے  ہیٹ ٹرک کی اور ایک گول ادانتا سنگھ نے بھی کیا۔ گروپ اے کے میچ میں پاکستان کے کھلاڑی گول کرنے کیلئے جدوجہد کرتےرہے۔ سنیل چھیتری نے ۱۰؍ویں، ۱۶؍ ویں اور ۷۴؍ویں منٹ میں گول کیا۔ ادانتا سنگھ نے میچ کے ۸۱؍ ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کو ۴؍گول سے رونددیا۔ سنیل نے زبردست کھیل پیش کیا۔ 
سیف چمپئن شپ میں کویت نے پہلا میچ جیت لیا 
 کویت نے اپنے ابتدائی میچ میں نیپال کو ۱۔۳؍ سے شکست دے کر سیف چمپئن شپ ۲۰۲۳ء ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا۔ شری کانتیراوا اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے  میچ میں فاتح ٹیم کی جانب سے خالد الابراہیم (۲۳؍ویں منٹ)، شبیب الخالدی (۴۱؍ویں منٹ) اور محمد عبداللہ (۶۵؍ویں منٹ) نے گول کئے۔ نیپال کی جانب سے تسلی بخش گول انجن بستا نے ۶۸؍ویں منٹ میں کیا۔
 کویت، جو دنیا میں۱۴۳؍ ویں نمبر پر ہے، شروع سے ہی۱۷۴؍ ویں رینک والی ٹیم نیپال پر غالب رہی  اور۱۰؍ منٹ کے وقفے میں دو مواقع پیدا  کئے ۔ کچھ دیر بعد اسکور بورڈ پر کویت کا غلبہ نظر آیا جب فواز العتیبی نے نیپال کے باکس میں کراس پاس کھیلا۔ اس موقع پر نیپال کے کپتان اور گول کیپر کرام لمبو گیند کو پکڑنے کیلئے آگے آئے لیکن خالد نے ہیڈر پر جا کر گیند کو جال میں بھیج دیا۔ کویت کو دوسری کامیابی اس وقت ملی جب محمد عبداللہ دائیں طرف سے گیند لینے کیلئے بھاگے اور ان کے کراس  کی مدد سے  شبیب  نے  شاندار گول  کیا۔ وقفے پر۰۔۲؍گول کی برتری کے باوجود کویت کا جارحانہ انداز تبدیل نہیں ہوا۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے کچھ غیر ضروری فاؤل کئے  جس میں نیپال کو ایک گول کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے۶۵؍ویں منٹ میں نیپال کے مڈ فیلڈر گیند کو باکس کے اندر ہاتھ لگنے سے نہ روک سکے۔ اس کی وجہ سے کویت کو اسپاٹ کک ملی جسے عبداللہ نے گول میں تبدیل کر دیا۔
 ۳؍ گول سے پیچھے رہنے کے باوجود نیپالی کھلاڑیوں نے اپنی توانائی میں کمی نہیں آنے دی۔ اسی توانائی کی بدولت نیپال ۶۸؍ویں منٹ میں کھاتہ کھولنے میں کامیاب رہا، حالانکہ یہ اس کا میچ میں آخری گول تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK