Updated: May 16, 2024, 2:36 PM IST
| New Dehli
انڈین مین فٹ بال ٹیم کے کپتان سنیل چھیتری نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا کہ ۶؍ جون کو کویت کے خلاف ان کا آخری میچ ہوگا۔ اس کے بعد وہ انٹرنیشنل فٹ بال سےسبکدوش ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے بعد سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ سنیل چھیتری کے نام ہے۔
انڈین مین فٹ بال ٹیم کے کپتان سنیل چھیتری ۔ تصویر: آئی این این۔
انڈین مین فٹ بال ٹیم کے کپتان سنیل چھیتری نے آج اعلان کیا کہ وہ ۶؍ جون کو کویت کے خلاف ہندوستان کے آئندہ فیفا ورلڈ کپ کوالیفکیشن کے دوسرے راؤنڈ کے میچ کے بعد بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کئے گئے ایک ویڈیو میں یہ اعلان کیا ہے ۔ سنیل چھیتری نے کہا کہ کویت کے خلاف کھیل ان کا آخری میچ ہوگا۔ یہ میچ ۶؍ جون کو سالٹ لیک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اس وقت گروپ اے میں قطر کے پیچھے چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
چھیتری بنگلورو ایف سی کیلئے کلب فٹ بال کھیلنا جاری رکھیں گے۔ ۳۹؍ سالہ کھلاڑی نے ۲۰۰۵ء میں پاکستان کے خلاف کریئر کا آغاز کرنے کے بعد سے ہندوستان کیلئے اب تک ۱۵۰؍ میچز کھیلے ہیں۔ سنیل چھیتری، کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے بعد سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’مَیں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اپنے ملک کیلئے اتنے سارے میچ کھیلوں گا۔ اگلا میچ میرا آخری میچ ہوگا۔‘‘