Inquilab Logo

ہماچل پردیش نے تمل ناڈو کو ہراکر پہلی بار وجے ہزارے ٹرافی پر قبضہ جمایا

Updated: December 27, 2021, 12:59 PM IST | Agency

شبھم کی ناٹ آؤٹ سنچری نے ۵؍بار کی چمپئن ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا،دنیش کارتک اور شاہ رخ خان کی محنت رائیگاں

Himachal Pradesh players can be seen happy with the trophy..Picture:INN
ہماچل پردیش کے کھلاڑیوں کو ٹرافی کے ساتھ خوش دیکھا جا سکتا ہے۔۔ تصویر: آئی این این

 افتتاحی بلے باز اور وکٹ کیپر شبھم اروڑہ (ناٹ آؤٹ ۱۳۶) کی شاندار سنچری  سے ہماچل پردیش نے وجے ہزارے ٹرافی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں اتوار کو و ی جے ڈی  ضابطے کے تحت تمل ناڈو کو ۱۱؍رنوں سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ ہماچل نے پہلی مرتبہ خطاب پر قبضہ کیا ہے۔ شبھم کو ناٹ آؤٹ سنچری اور ۳؍ کیچ لینے کے لئے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ہماچل کا یہ پہلا فائنل تھا اور اس نے ۵؍ بار کے چمپئن تمل ناڈو کو شکست دی۔ تمل ناڈو نے وکٹ کیپر دنیش کارتک (۱۱۶) کی سنچری کی مدد سے ۴۹ء۴؍ اوور میں ۳۱۴؍رنوں کا مضبوط اسکور بنایا جبکہ ہماچل ۴۷ء۳؍اوور میں ۴؍ وکٹ پر ۲۹۹؍ رن بنالئے تھے جبکہ اس وقت ہدف ۲۸۹؍ رن تھا۔بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہماچل پردیش کی طرف سے شبھم نے ۱۳۱؍ گیندوں میں  ۱۳؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے شاندار ناٹ  آؤٹ  ۱۳۶؍رن بنائے اور ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا ۔ ہماچل نے ۶۰؍رن کے مضبوط آغاز کے بعد ۹۶؍ رن پر ۳؍ وکٹ گنوا دئیے لیکن شبھم نے امیت کمار کے ساتھ ۱۴۸؍ رنوں کی مضبوط شراکت داری کی۔ امیت نے ۷۹؍گیندوں پر ۷۶؍ رن میں ۶؍چوکے لگائے۔ اس کے بعد شبھم کو کپتان رشی دھون کی شکل میں ایک اچھا جوڑی دار ملا۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کی ناٹ آؤٹ شراکت میں ۵۵؍ رن جوڑے۔ اس شراکت میں دھون نے صرف ۲۳؍گیندوں میں ۵؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر ناٹ آؤٹ ۴۲؍رن بنائے۔ ہماچل نے تمل ناڈو کی مضبوط ٹیم کو حیرت زدہ کرتے ہوئے خطاب اپنے نام کرلیا۔ کپتان رشی دھون اور کھلاڑیوں نے اس جیت کا جشن ڈانس کرتے ہوئے منایا۔
 اس سے قبل کارتک نے تمل ناڈو کو ۴؍وکٹوں پر ۴۰؍رنوں کی نازک حالت سے باہر نکالا اور بابا اندرجیت  (۸۰) کے ساتھ پانچویں وکٹ کےلئے ۲۰۲؍ رنوں کی شاندار شراکت قائم کی۔ کارتک نے ۱۰۳؍ گیندوں پر  ۱۱۶؍رنوں میں۸؍ چوکے اور ۷؍ چھکے لگائے۔ بابا اندرجیت نے ۷۱؍گیندوں میں ۸؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۸۰؍ رن بنائے۔ شاہ رخ خان نے صرف ۲۱؍گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۴۲؍رنوں کی جارحانہ  اننگز کھیلی۔ کپتان وجے شنکر نے ۱۶؍گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ۲۲؍ رن بنائے ۔ پنکج جسوال نے ۵۹؍رن پر ۴؍ وکٹ اور رشی دھون نے ۶۲؍ رن پر ۳؍ وکٹ لئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK