Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کے لیے تاریخی لمحہ: کیرالا کے فٹبالر تحسین محمد جمشید قطر کی ورلڈ کپ ٹیم میں

Updated: June 03, 2026, 4:03 PM IST | New Delhi

۱۹؍ سالہ نوجوان فٹبالر تحسین محمد جمشید کو قطر کے ہیڈ کوچ جولین لوپیٹیگوئی نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے لیے قطر کے ۲۶؍ رکنی حتمی اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

Tahsin Jamshid.Photo:X
تحسین محد جمشید۔ تصویر:ایکس

 جب فیفا ورلڈ کپ کا آغاز ہوتا ہے تو ہندوستانی ریاست کیرالا کا رنگ ہی بدل جاتا ہے۔ ارجنٹائن، برازیل اور پرتگال کے بڑے بڑے کٹ آؤٹس اور جھنڈوں سے سجنے والی اس ریاست کے فٹبال شائقین کے لیے اس بار جشن منانے کی ایک اور بڑی اور تاریخی وجہ سامنے آئی ہے۔۱۹؍ سالہ نوجوان فٹبالر تحسین محمد جمشید کو قطر کے ہیڈ کوچ جولین لوپیٹیگوئی نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے لیے قطر کے ۲۶؍ رکنی حتمی اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
اگر تحسین محمد کو میدان میں اترنے کا موقع ملتا ہے، تو وہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں کھیلنے والے پہلے ملایالی اور ہند نژاد فٹبالر بن کر ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔تحسین محمد دوحہ میں پیدا ہوئے اور وہیں پلے بڑھے، لیکن ان کے خاندان کی جڑیں کیرالا کے ضلع کنور سے جڑی ہیں۔ ان کے والد جمشید کا تعلق تھلیسری  سے ہے جبکہ ان کی والدہ شائما والاپٹنم کی رہنے والی ہیں۔ ان کا خاندان ۱۹۹۶ء میں قطر منتقل ہوا تھا۔  

یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈکپ ۲۰۲۶ء میں نافذ کیے جانے والے نئے قوانین کیا ہیں؟


 تحسین کے والد جمشید خود اپنے وقت کے ایک بہترین فٹبالر رہے ہیں جنہوں نے کالی کٹ یونیورسٹی کی نمائندگی کی اور کیرالا کے لیے سنتوش ٹرافی بھی کھیلی۔ انہوں نے تحسین کے فٹبالر بننے کے سفر میں اہم کردار ادا کیا۔ تحسین نے قطر کی مشہور اسپائر اکیڈمی  سے تربیت حاصل کی، جس نے قطر فٹبال کو کئی بڑے اسٹارز دیے ہیں۔  
تحسین نے قطر کی ٹاپ ڈویژن لیگ میں مشہور کلب `الدحیل کی طرف سے کھیل کر پہلے ہی تاریخ رقم کر دی تھی، جہاں وہ یہ اعزاز پانے والے پہلے ہند نژاد کھلاڑی بنے۔ تحسین بنیادی طور پر بائیں فلینک پر ایک ونگر کے طور پر کھیلتے ہیں۔ وہ اپنی تیز رفتاری، بہترین ڈرِبلنگ اور حریف ڈیفنڈرز کو چکمہ دینے کی مہارت کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے قطر کی انڈر۱۷؍ اور انڈر۱۹؍ ٹیموں کی نمائندگی کی اور سینئر ٹیم کے لیے اپنا ڈیبیو افغانستان کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں کیا۔ حال ہی میں سانتا باربرا میں سخت تربیتی کیمپ کے دوران اپنی کارکردگی سے انہوں نے ہیڈ کوچ کو متاثر کیا اور ورلڈ کپ کا ٹکٹ پایا۔  

یہ بھی پڑھئے:رنویـر سنگھ تنازع پر کنگنا نے کہا: جب حیثیت بڑھتی ہے تو دشمن بھی بڑھتے ہیں


فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء (امریکہ، کنیڈااور میکسیکو) میں قطر کا سفر آسان نہیں ہوگا۔ تحسین کی ٹیم کا مقابلہ گروپ مرحلے میں میزبان کینڈا، سوئزرلینڈ اور بوسنیا جیسی مضبوط ٹیموں سے ہوگا۔ تحسین محمد کے علاوہ، آسٹریلیا کے ۲۶؍ رکنی ورلڈ کپ اسکواڈ میں میلبرن وکٹری کے ۲۵؍سالہ ونگر نشان ویلوپیلے کو بھی شامل کیا گیا ہے، جن کا تعلق کیرالا کی پڑوسی ریاست تمل ناڈو سے ہے۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ تحسین اور نشان میں سے کون سا کھلاڑی پہلے ورلڈ کپ ڈیبیو کر کے تاریخ بدلتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK