Inquilab Logo

حیدرآباد بمقابلہ بنگلور:ولیمسن اور کوہلی پر نظر

Updated: May 08, 2022, 9:13 AM IST | Mumbai

کوہلی اس سیزن میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ حیدرآباد کے عمران ملک اس میچ میں رفتار کے ساتھ گیندبازی میں ورائٹی لانا چاہیں گے

Ken Williamson and Faf Dupleix
کین ولیمسن اور فاف ڈوپلیسس

توار کو انڈین پریمیر لیگ کے میچ میں جب رائل چیلنجرز بنگلور اور سن رائزرس حیدرآباد آمنے سامنے ہوں گے توسب کی نظریں وراٹ کوہلی اور کین ولیمسن پر ہوں گی جو دنیا کے ۲؍ بہترین  بلے بازوں میں سے ایک  ہیں اورخراب فارم سے لڑرہے ہیں۔ کوہلی اور ولیمسن دونوں نے اس سیزن میں توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ کوہلی نے۱۱؍ میچوں میں۲۱ء۶۰؍ کے اوسط سے صرف۲۱۶؍ رن بنائے ہیں جبکہ سن رائزرس کے کپتان ولیمسن نے۱۰؍ میچوں میں۲۲ء۱۱؍ کے اوسط سے صرف ۱۹۹؍رن بنائے ہیں۔
 دونوں (کوہلی اور ولیمسن) اپنے اعلیٰ معیار کے مطابق نہیں کھیل رہے ہیں۔ دونوں اپنی ٹیم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے فتح میں اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔ کوہلی نے گجرات ٹائٹنس کے خلاف نصف سنچری بنا کر فارم میں واپسی کا اشارہ دے دیا تھالیکن آخری میچ میں چنئی سپرکنگزکے خلاف کوئی کمال نہیں کر سکے۔۳؍چوکے اور ایک چھکا لگانے کے بعد انہیں کوئی بڑا شاٹ نہیں ملا اور ایک ایک رن لیتے رہے۔ اس کی وجہ سے گلین میکسویل بھی رن آؤٹ ہوئے اور خود کوہلی۳۳؍گیندوں پر صرف۳۰؍ رن بنا سکے۔ولیمسن اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ۹۶ء۱۳؍ تھا اور اسے اب جارحانہ بیٹنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ لگاتار۵؍ میچ جیتنے کے بعد سن رائزرس کو لگاتار۳؍میچوں میں شکست ہوئی ہے جس کی بنیادی وجہ ان کے اسٹار گیند بازوں کا زخمی ہونا ہے۔ اس وقت وہ پوائنٹس ٹیبل میں چھٹے نمبر پر ہے۔ سن رائزرس کے اسپنر واشنگٹن سندر کا گیندبازی بازو ایک بار پھر زخمی ہوگیا ہے جبکہ تیز گیند باز ٹی نٹراجن چنئی کے خلاف میچ میں زخمی ہوگئے تھے۔ دونوں دہلی کیپٹلس کے خلاف نہیں کھیل سکے جس کی وجہ سے دہلی کی ٹیم نے۲۰۰؍ سے زیادہ رن  بنائے۔
 مارکویانسن کو ڈراپ کردیا گیا تھا لیکن اب ٹام موڈی انہیں ایک اور موقع دینا چاہیں گے کیونکہ انہوں نے آر سی بی کے خلاف آخری میچ میں تباہی مچائی تھی۔ دہلی کے بلے بازوں نے تیز گیند باز عمران ملک کی پٹائی کی۔ اب ملک کو ہر بار رفتار پر انحصار کرنے کی بجائے ورائٹی پر توجہ دینا ہوگی۔ کارتک تیاگی اور شریاس گوپال سے بھی بہتر پرفارمنس کی توقع ہے۔
 بلے بازی میں سن رائزرس حیدرآبادکو ابھیشیک شرما کی جانب سے اچھی شروعات مل رہی ہے لیکن انہیں اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل کرنا ہوگا۔ نکولس پوران پچھلے کچھ میچوں میں اچھے فارم میں ہیں اور اگر وہ ٹاپ آرڈرسے مدد کرتے ہیں تو وہ فنشر کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ جب سن رائزرس نے پچھلی بار آر سی بی کو شکست دی تھی تو فاف ڈو پلیسس کی ٹیم۶۸؍ رن پر ڈھیر ہوگئی تھی۔آر سی بی کیلئے جوش ہیزل ووڈ، ہرشل پٹیل، محمد سراج اور وینندو ہسرنگا پر مشتمل بولنگ اٹیک کو سنبھالنا ہوگا۔ ان کے پاس ۴؍ میچ ونر ہیں جبکہ گلین میکسویل اورشہباز احمد نے بھی اپنا کام بخوبی انجام دیا ہے۔ کوہلی کے علاوہ کپتان فاف ڈو پلیسس، میکسویل، دنیش کارتک اور شہباز احمد کو بھی اچھی اننگز کھیلنی ہوگی۔

IPL 2022 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK