Updated: December 16, 2025, 7:22 PM IST
| New Delhi
جموں و کشمیر کے باصلاحیت تیزگیندباز عاقب نبی نے آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کی نیلامی میں تاریخ رقم کر دی، جب دہلی کیپٹلس نے انہیں ۸؍کروڑ ۴۰؍ لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ محض۳۰؍ لاکھ روپے کی بنیادی قیمت کے ساتھ نیلامی میں اترنے والے عاقب نبی کے لیے دہلی کیپٹلز، رائل چیلنجرز بنگلورو اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
عاقب نبی۔ تصویر:آئی این این
جموں و کشمیر کے باصلاحیت تیزگیندباز عاقب نبی نے آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کی نیلامی میں تاریخ رقم کر دی، جب دہلی کیپٹلس نے انہیں ۸؍کروڑ ۴۰؍ لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ محض۳۰؍ لاکھ روپے کی بنیادی قیمت کے ساتھ نیلامی میں اترنے والے عاقب نبی کے لیے دہلی کیپٹلز، رائل چیلنجرز بنگلورو اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، تاہم آخرکار دہلی کیپٹلز نے بازی مار لی۔
بارہمولہ میں ۴؍ نومبر ۱۹۹۶ء کو پیدا ہونے والےعاقب نبی کا تعلق ایک متوسط گھرانے سے ہے۔ ان کے والد غلام نبی ڈار ایک سرکاری اسکول میں انگریزی کے استاد ہیں اور ابتدا میں چاہتے تھے کہ بیٹا ڈاکٹر بنے، تاہم عاقب کے کرکٹ کے جنون نے بالآخر انہیں اپنے خواب کے پیچھے کھڑا کر دیا۔
دائیں ہاتھ کے میڈیم فاسٹ بولر عاقب نبی اپنی سوئنگ، لائن و لینتھ پر غیر معمولی کنٹرول اور دونوں جانب گیند موڑنے کی صلاحیت کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی بولنگ ایکشن جنوبی افریقہ کے عظیم فاسٹ بولر ڈیل اسٹین سے متاثر ہو کر اپنائی، جنہیں وہ بچپن سے اپنا رول ماڈل مانتے آئے ہیں۔ حالیہ برسوں میں وہ جسپریت بمراہ کی بھی کھل کر تعریف کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:شاندار کامیابی: ویلڈر کے فرزند عبداللہ نے کانسہ کا تمغہ جیتا
عاقب نبی نے باقاعدہ کرکٹ کا آغاز اسٹریٹ کرکٹ اور ٹینس بال میچوں سے کیا۔ بارہمولہ میں اس وقت مناسب کوچنگ سہولیات نہ ہونے کے باعث انہوں نے ۱۹؍ سال کی عمر کے بعد ریڈ بال کرکٹ کھیلنا شروع کیا۔ ایک دوست کے ساتھ محض آزمائش کے لیے اسٹیٹ ٹرائلز میں شرکت کے دوران ان کا انتخاب ہو گیا، جو ان کے کریئر کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ انہوں نے ۲۰۔۲۰۱۹ء میں سید مشتاق علی ٹرافی کے ذریعے جموں و کشمیر کے لیے آغاز کیا۔ اب تک وہ ۲۷؍ ٹی۲۰؍ میچوں میں ۲۸؍ وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔۲۵۔۲۰۲۴ء رنجی ٹرافی میں انہوں نے ۴۴؍ وکٹ لے کر دوسرے سب سے کامیاب بولر کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ ۲۰۲۵ء دلیپ ٹرافی میں ایک ہی اوور میں چار گیندوں پر چار وکٹیں لے کر قومی سطح پر شہ سرخیوں میں آئے۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان اور اُردن کی تجارت اگلے ۵؍ برسوں میں۵؍ بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی: مودی
۲۶۔۲۰۲۵ء سید مشتاق علی ٹرافی میں بہار کے خلاف ایڈن گارڈنز میں ۴؍ وکٹیں ۱۶؍ رنز دے کر حاصل کرنا بھی ان کی شاندار کارکردگی کا ثبوت ہے۔ عاقب نبی کی آئی پی ایل میں شمولیت نہ صرف ان کے ذاتی سفر کی کامیابی ہے بلکہ جموں و کشمیر کرکٹ کے لیے بھی ایک تاریخی لمحہ تصور کیا جا رہا ہے۔