ایشیا کپ کے فائنل میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے ہندوستانی بلے باز تلک ورما نے کہا کہ خطاب جیت کر پاکستانی کھلاڑیوں کا منہ بند کردیا۔
EPAPER
Updated: October 01, 2025, 2:29 PM IST | Agency | Hyderabad
ایشیا کپ کے فائنل میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے ہندوستانی بلے باز تلک ورما نے کہا کہ خطاب جیت کر پاکستانی کھلاڑیوں کا منہ بند کردیا۔
ایشیا کپ فائنل میں ہندوستان کی جیت کے معمار، مڈل آرڈر بلے باز تلک ورما نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی سلیجنگ (فقرے بازی) اور جارحیت کا بہترین جواب صرف خطاب جیت کر دیناتھا اور انہوں نے ابتدائی دباؤ پر آسانی سے قابو پا لیا تھا۔ واضح رہے کہ تلک ورما نے فائنل میں ناقابل شکست ۶۹؍رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔
دبئی سے پیر کی رات حیدرآباد پہنچنے پر تلک ورما نے کہا’’فائنل مقابلے کے آغاز میں کچھ دباؤ اور تناؤ تھا لیکن میں نے سب سے اوپر اپنے ملک کو رکھا اور میں ملک کے لئے جیتنا چاہتا تھا۔ مجھے معلوم تھا کہ اگر میں دباؤ کے سامنے گھٹنے ٹیک دوں گا تو اپنے آپ کو اور ملک کے ۱۴۰؍کروڑ لوگوں کو مایوس کروں گا۔ میں نے بنیادی چیزوں پر بھروسہ کیا جو میں نے ابتدائی دنوں میں اپنے کوچ سے سیکھی تھیں، اس پر عمل کیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو سب سے درست جواب یہی تھا کہ ہم ایشیا کپ جیتیں اور ہم نے وہی کیا۔‘‘
تلک ورما نے تسلیم کیا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے میچ میں جم کر سلیجنگ کی لیکن انہوں نے خاموش رہنا پسند کیا۔ اس بائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا’’ہم نے ۳؍ وکٹیں جلدی گنوا دی تھیں اور ماحول کافی گرم ہو گیا تھا۔ میں جلد بلے بازی کے لئے آ گیا لیکن میں نے کسی کو کچھ نہیں کہا اور نہ ہی کوئی خراب شاٹ کھیل کر ٹیم اور ملک کو مایوس کیا۔ ایک بار جب ٹیم جیت گئی تو انہوں نے (پاکستانی کھلاڑیوں کو) ٹیم کی فتح سے جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جو کچھ کہنا تھا وہ میں نے میچ کے بعد کہا۔ میچ میں بہت کچھ چل رہا تھا جو میں بتا نہیں سکتا۔ ہندوستان اور پاکستان کے میچوں میں یہ ہوتا ہے لیکن ہمارا فوکس میچ جیتنے پر تھا۔
ہندوستان کو آخری اوور میں ۱۰؍رن درکار تھے اور تلک نے کہا کہ وہ تب تک دباؤ سے باہر نکل چکے تھے۔ تلک ورما نے کہا’’مجھ پر آخری اوور میں دباؤ نہیں تھا۔ مجھے معلوم تھا کہ میں میچ جتوا دوں گا۔ میں اپنے ملک کے بارے میں ہی سوچ رہا تھا اور گیند در گیند حکمت عملی بنا رہا تھا۔ مجھے فخر ہے کہ میں یہ کر سکا۔‘‘تلک نے کہا کہ میں فائنل میں اپنی اننگز کو کریئر کی بہترین اننگز میں سے ایک مانتا ہوں۔ یہ میرے لئے اتنی ہی خاص ہے جتنی انگلینڈ کے خلاف چنئی میں کھیلی گئی ۷۲؍ رنوں کی اننگز ہے۔ ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ جیتنے والی اننگز کھیلنا، میرے ۲؍ سنچریوں سے بھی زیادہ خاص ہے۔ میرے لئے یہ تجربہ بہت ہی خاص ہے۔تلک نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں ہندوستان کو ایشیا کپ میں کامیابی دلانے میں اپنا رول ادا کر سکا۔ اب ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ اگلے سال ہونا ہے اور اس میں اپنی کارکردگی سے ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن رکھنا میرا ہدف ہے۔