Inquilab Logo

لن ڈین کو ہرا کر میں بھی حیران رہ گیا تھا

Updated: December 18, 2020, 12:25 PM IST | Agency | Jaipur

دو؍بار کے اولمپک چمپئن چینی کھلاڑی کو شکست دینے کے تعلق سے مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہندوستان کے بیڈمنٹن کھلاڑی شبھانکر ڈے نے کہا کہ وہ ٹاپ۔۲۰؍ کھلاڑیوں میں شامل ہونا چاہتے ہیں

Shubhankar Dey.Picture :INN
شبھانکر ڈے۔ تصویر:آئی این این

 ہندوستان کے بیڈمنٹن کھلاڑی شبھانکر ڈے نے ۲۰۱۸ء میں ۲؍بار کے اولمپک چمپئن چین کے لن ڈین کوسارلوراکس اوپن بیڈمنٹ چمپئن شپ میں شکست دے کر سب کو حیران کردیا تھا۔اسی جیت کے تعلق سے شھانکر ڈے نے گزشتہ روز یہاں منعقدہ ایک پروگرام میں مداحوں سے گفتگو کی اور اپنے خیالات کا اظہارکیا۔واضح رہے کہ دنیا کے ۴۶؍ویںنمبر پر موجود شبھانکر ڈے نے پہلی بار اُس وقت شہرت حاصل کی تھی جب انہوں نے ۲۰۱۷ء میں ناگپور میں سینئر بیڈمنٹن نیشنلز ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل میں بی سائی پرنیت کو شکست دی تھی۔اس کے بعد ۲۰۱۸ء میں چین کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی لن ڈین کو شکست دے کر سرخیاں بٹوری تھیں۔ ۲۷؍سالہ شبھانکر ڈے نےپروگرام میں کہا کہ جب میں چھوٹا تھا تب میری بہن نے میرے لئے لن ڈین کا بڑا پوسٹر بنایا تھا۔میں بچپن سے ہی لن ڈین کا مداح تھا۔میں وہ پوسٹر رات کو اپنے قریب رکھ کر سوتا تھا اور سوچتا تھا کہ ایک دن میں ان کے خلاف کھیلوں گا۔میں نے اُس وقت انہیں شکست دینے کے بارے میں کبھی نہیں سوچا تھا کیونکہ میں بہت چھوٹا تھا اور وہ میرے ہیرو تھے۔ میرا دیرینہ خواب بس اتنا تھا کہ میں انہیں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتا تھا،ان کی طرح کھیلنا چاہتا تھااور جب میں کولکاتا میں تھا تو انہی کی طرح کھیلنے کی نقل بھی کیا کرتا تھا۔ لن ڈین کے خلاف اپنی فتح کے بارے میں سوال کئے جانے پر شبھانکر ڈے نے کہا کہ’’عام طورکوئی بھی مقابلہ جیتنے کے بعد میں خوشی مناتا ہوں لیکن لن ڈین کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے بعد میں نے کوئی جشن نہیں منایا۔وہ فتح میرے لئے حیرت انگیز تھی اور شاید ہندوستان کے ہر بیڈمنٹن شائقین کےلئے بھی میری کامیابی حیرت انگیز تھی۔لن ڈین کو ہرانے کے بعد میں ان کے پاس گیا اور صرف ان سے ہاتھ ملاکر کورٹ سے چلا گیا۔یہ میرا ان کےلئے احترام ہی تھا جس کی وجہ سے میں جیت کے بعد خوشی نہیں منا سکا۔‘‘ اپنے شروعاتی کریئر کے تعلق سے بات چیت کرتے ہوئے شبھانکر ڈے نے بتایا کہ کیسے ان کے بڑے بھائی  اور بہن نے بیڈمنٹن کی جانب راغب کیا۔وہ صرف ۵۰۰؍روپے لے کر ممبئی آئے تھے اور ممبئی آنا ان کے کریئر کیلئے فیصلہ کن قدم ثابت ہوا۔انہوںنے کہا ’’مجھے لگتا ہے کہ جب میں ممبئی آیا تو یہ میرا صحیح فیصلہ تھا۔میں نے ممبئی میں رہ کر قومی سطح پر کافی اچھا مظاہرہ کیا۔یاد رہے کہ شبھانکر ڈے پریمیر بیڈمنٹن لیگ میں اودھ واریئرس کیلئے کھیلتے ہیں۔اپنے مستقبل کے تعلق سے شبھانکر ڈے نے بتایا کہ وہ آئندہ سال دنیا کے ٹاپ۔۲۰؍میں جگہ بنانا چاہتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK