Inquilab Logo

ایڈیلیڈٹیسٹ میں ونڈیزٹیم ۱۸۸؍رن پر آؤٹ،جوش نے ۴؍وکٹ لئے

Updated: January 18, 2024, 10:06 AM IST

میزبان آسٹریلیا نے بھی دن کا کھیل ختم ہونے تک ۲؍وکٹ گنوادیئے تھے۔ جوش کے ساتھ کپتان پیٹ کمنس نے بھی ۴؍وکٹ لئے

Australian fast bowler Josh Hazlewood
آسٹریلیا کے تیز گیندباز جوش ہیزل ووڈ

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم۱۸۸؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے جانےوالے میچ کے پہلے دن ٹیم صرف تیسرے سیشن تک محدود رہی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنس اور جوش ہیزل ووڈ نے۴۔۴؍وکٹ حاصل کئے۔
 ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمر روچ اور شمر جوزف نے۱۰؍ویں وکٹ کیلئے ۵۵؍ رن کی شراکت قائم کی۔ کرک میکنزی نے سب سے زیادہ۵۰؍ رن  بنائے۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے۵۹؍ رن کے اسکور پر۲؍ وکٹ گنوا  دیئے۔ عثمان خواجہ اور کیمرون گرین ناٹ آؤٹ لوٹے۔ ایڈیلیڈ اوول اسٹیڈیم میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی شروعات خراب رہی اور ٹیم ۱۴؍ رن کے اسکور پر تیجنارائن چندر پال کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ وہ صرف ۶؍ رن ہی  بنا سکے۔
 ویسٹ انڈیز کے نوجوان چندر پال کے بعد کپتان کریگ بریتھویٹ اور الیک اتھاناز بھی۱۳۔۱۳؍ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کمنس نے۲؍ اور ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ پہلے سیشن کے اختتام تک ٹیم نے۶۴؍ رن کے اسکور پر۳؍ وکٹ گنوا  دیئے۔ دوسرے سیشن میں کرک میکنزی نے ویسٹ انڈیز کے اسکور کو۱۰۰؍ رن سے آگے لے گئے۔ وہ۹۴؍ گیندوں پر۵۰؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ان سے پہلے کیوام ہوج بھی صرف ۱۲؍ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔  
 ۵؍ وکٹوں کے بعد ویسٹ انڈیز نے۲۶؍ رن پر اگلے ۴؍ وکٹ گنوا  دیئے۔ کچھ ہی دیر میں ٹیم کا اسکور۹؍ وکٹ پر۱۳۳؍ رن بن گیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے کمنس اور ہیزل ووڈ دونوں نے۴۔۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ ۱۳۳؍رن پر۹؍ وکٹ گرنے کے بعد کیمر روچ اور شمر جوزف نے ویسٹ انڈیز کی اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے ٹیم کے اسکور کو۱۵۰؍ رن سے آگے بڑھایا۔ دونوں نے کھیل کے دوسرے سیشن کے اختتام تک بیٹنگ کی۔ چائے کے سیشن تک ٹیم نے۹؍ وکٹ کے نقصان پر ۱۷۷؍ رن  بنائے۔ دوسرے سیشن کے اختتام کے بعد ٹیم صرف ۱۹؍گیندوں پر ہی بیٹنگ کر سکی۔ جوزف کو ۶۳؍ ویں اوور کی پہلی گیند پر  ناتھن لاین  نے ایل بی ڈبلیو کیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ ٹیم نے۱۸۸؍ رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مشیل  اسٹارک نے بھی ایک وکٹ حاصل کیا۔پہلی اننگز میں۳۶؍ رن  بنا کر ویسٹ انڈیز کو۱۸۸؍رن  تک پہنچانے والے شمر جوزف بولنگ میں بھی چمکے۔ کریئر کے پہلے  میچ میں شمر نے اپنے اسپیل کی پہلی ہی گیند پر اسٹیو اسمتھ کو سلپ میں کیچ کرا دیا۔ ٹیسٹ میں پہلی بار اوپننگ کرنے آئے اسٹیواسمتھ صرف۱۲؍ رن بنا سکے۔ شمر نے اس کے بعد مارنس لبوشین کو بھی اسکوائر لیگ باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کیا۔ لبوشین ۱۰؍رن بنانے میں  کامیاب رہے۔ 
 آسٹریلیا نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر۲؍  وکٹ کے نقصان پر۵۹؍ رن بنائے۔ ٹیم کی جانب سے عثمان خواجہ (۳۰؍رن) اور کیمرون گرین (۶؍ رن) ناٹ آؤٹ لوٹے۔ دونوں کھیل کے دوسرے دن آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی قیادت کریں گے۔ آسٹریلیا کے پاس ٹیسٹ کے دوسرے دن اچھی بلے بازی کرتے ہوئے ہمالیائی برتری حاصل کرنے کا موقع رہے گا۔ اس عثمان خواجہ اور کیمرون گرین اگر کریز پر ٹک جاتے ہیں تو وہ اچھا اسکور کرسکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK