Inquilab Logo

سٹی ایف اے کپ کے سیمی فائنل میں، ۴؍خطاب جیتنے کا خواب زندہ

Updated: March 22, 2021, 12:10 PM IST | Agency | Manchester

کوارٹر فائنل میں سٹی نے ایورٹن کو صفر۔۲؍ سے شکست دی۔ فاتح فٹبال کلب کی جانب سے ایلکائی غندـوغان اور ڈی برائن کا ایک ایک گول

İlkay Gündoğan. Picture:INN
ایلکائی غندـوغان ۔تصویر :آئی این این

  مانچسٹر سٹی فٹبال کلب  کے  ۴؍خطاب جیتنے کا خواب زندہ ہے اور اس کی وجہ  سے اس کے منیجر پیپ گارڈیالا پر سیزن ختم ہونے کے ۲؍ماہ قبل دباؤبڑھ گیا ہے۔ سنیچر کی دیر رات مانچسٹر سٹی نے ایف اے کپ کے کوارٹر فائنل میں  ایورٹن فٹبال کلب کو صفر۔۲؍ سے شکست دے کرسیمی فائنل میں قدم رکھا۔  اس مقابلے کے بعد مانچسٹر سٹی کے اسٹار کھلاڑی اپنی اپنی قومی ٹیموں کی  جانب سے کھیلنے کیلئے جانے والے ہیں اس لئے گارڈیالا نے کہا ہے کہ وہ اس ہفتے فٹبال میچ نہیں دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ سبھی سے وعدہ کرتا ہوںکہ اس ہفتے میں فٹبال کے بارے میں نہیں سوچوں گا۔ میں کوئی خصوصی میچ بھی نہیں دیکھوں گا۔ کچھ کھلاڑیوں کیلئے یہ چھوٹا سا وقفہ ہے کیونکہ وہ مسلسل ۴؍ماہ سے کھیل رہے ہیں اور انہوں نے ۳۴؍میچ کھیلے ہیں۔ کھلاڑی ہفتے میں مسلسل ۲۔۳؍ میچ کھیل رہے ہیں۔ سنیچر کو سٹی نے ایف اے کپ کے کوارٹر فائنل میں ایورٹن کو صفر۔ ۲؍ سے شکست دےدی۔  کوارٹر فائنل کے میچ میں دونوں گول دوسرے ہاف میں ہوئے تھے۔ میچ کا پہلا گول ایلکائی غندوغان نے کیا۔ میچ کے انجری ٹائم میں کیون ڈی برائن نے راڈری کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ اس میچ میں بھی غندوغان نے اپنی اہمیت کااظہار کیا اور گول کیا۔اس طرح مانچسٹر سٹی نے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے اور وہ خطاب سے ۲؍میچ دور ہے۔میچ کے بعد شکست پانے والی ٹیم کے منیجر کارلو اینسیلوٹی نے کہا ’’ہم ان پر دباؤڈالنا چاہتے تھے۔ ہمارے کھلاڑیوں نے اچھا دفاع کیا اور انہیں گول کرنے کی جگہ فراہم نہیں کی۔  میں نے جو حکمت عملی طے کی تھی اس کے مطابق کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا۔‘‘ خیال رہے کہ مانچسٹر سٹی کی ٹیم اس وقت انگلش پریمیرلیگ میں ۱۴؍پوائنٹس کی برتری لئے ہوئے ہے۔ وہ انگلش لیگ کپ کے فائنل میں داخل ہے۔ اس نے چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہےجہاں اس کا مقابلہ بوروشیا ڈورٹمنڈ فٹبال کلب سے ہوگا۔ 
 سنیچر کی رات ہونے والے میچ میں ایلکائی  غندوغان نے قابل تعریف گول کیا۔میچ کے آخری لمحات میں میچ تیز ہوگیا تھا اور ایک شاٹ سٹی کے کھلاڑی نے لگایا جو گول پوسٹ سے لگ کر واپس ہوا ،وہیں غندوغان نےہیڈر کے ذریعہ گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ جرمنی کے کھلاڑی نے ۲۰۲۱ء میں سبھی ٹورنامنٹ میں سٹی کلب کی جانب سے ۱۲؍ واں گول کیا۔ ای پی ایل کے کسی بھی کھلاڑی نے امسال اتنے گول نہیں کئے ہیں۔  میچ کے بعد جرمنی کے کھلاڑی غندوغان نے کہا ’’ہمیں ابھی چند اور میچ کھیلنےہیں۔ لیکن ٹیم  اس کیلئے تیار ہے۔ اگر آپ کو سبھی ٹرافیز جیتنی ہیں تو آپ کو کامیابی کے راستے تلاش کرنے ہوں گے۔‘‘ خیال رہے کہ ۲۰۱۹ء میں مانچسٹر سٹی نے ایف اے کپ کا خطاب اپنے نام کیا تھا۔
  گارڈیالا کے کھلاڑی اس سیزن میں بہت اچھا کھیل رہے ہیں اورمسلسل کامیابی حاصل کررہے ہیں۔ اسی سیزن میں سٹی نے سبھی ٹورنامنٹ میں مسلسل ۲۱؍میچ جیتنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ حالانکہ اس سیزن میں سٹی کی ٹیم ای پی ایل کے آغاز میں ٹاپ ۴؍ سے باہرتھی لیکن سیزن کے درمیانی حصے میںاس کے کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا اور میچ جیتتے ہوئے وہ ٹاپ پر ہے۔اسے اس سیزن کےمانچسٹر ڈربی میں مانچسٹر یونائٹیڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ 
 اس وقت مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے سبھی کھلاڑی فٹ ہیں اور وہ ٹیم کی جانب سے اچھا کھیل رہے ہیں۔اس لئے ٹیم کو روٹیٹ کرنے میںمدد مل رہی ہے۔ خصوصاً ایلکائی غندوغان نے ٹیم کی  ہر فتح میں اہم رول ادا کیا ہے۔ حالانکہ وہ ای پی ایل کی ٹاپ اسکورر کی فہرست میں ۷؍ویں نمبر پر ہے ۔ ٹاپ پوزیشن پرمحمد صلاح ہیں۔انہوں نے ۱۷؍گول کئے ہیں۔  ایف اے کپ کے کوارٹر فائنل میں سٹی کے کھلاڑیوں کو فرسٹ ہاف میں گول کرنے میں بہت محنت کرنی پڑی لیکن وہ ناکام رہے اور دونوں گول دوسرے ہاف کے آخری وقت میں ہوئے اور ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ اب اس کے پاس  ایک سیزن میں ۴؍ خطاب جیتنے کا سنہرا موقع ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK